میں تصدیق کرتا ہوں پاکستان کی افواج پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سی این این سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افواج پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج میں سے کچھ فوجی اہلکار کافی عرصے سے سعودی عرب میں موجود ہیں،مکہ اتحاد کے حصے کے طور پر پاکستانی فوجی کئی دہائیوں سے وہاں موجود ہیں،دفاعی اتحاد کوئی ایسی چیز نہیں جو خلا سے وجود میں آئی ہو،پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ فوجی تعلقات ہیں،مکہ اتحاد کوئی نئی پیش رفت نہیں، تینوں ممالک کے دیرینہ تعلقات ہیں، مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب میں موجود پاکستانی دستے مختلف ڈومینز سے تعلق رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ 5 اکتوبر 2026 کو سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ اتحاد برائے دفاع کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا، جس میں اجتماعی دفاع کے وعدوں پر فوری طور پر عملی اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور طے شدہ فوجی دستے اور دفاعی صلاحیتیں فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے پاکستان کے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود کو مکہ اتحاد برائے دفاع کا تین سالہ مدت کے لیے پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کردیا۔
اعلامیے کے مطابق فریقین نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اتحاد کو آگے بڑھانے اور اس کے مقاصد کے حصول میں ان کے کردار پر اعتماد کا اظہار کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوشش اور سعودی عرب کے شہروں، شہریوں اور معاشی تنصیبات پر جاری حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔
پاکستان اور ترکیہ نے سعودی مسلح افواج کی چوکسی اور تیاری کو سراہتے ہوئے مملکت کو درپیش خطرات اور حملوں کا مقابلہ کرنے اور اس کی سلامتی و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے سعودی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور اعلیٰ درجے کی استعداد کی تعریف کی۔
کمیٹی نے اجتماعی دفاع کے وعدوں پر فوری طور پر عملی اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور طے شدہ فوجی دستے اور دفاعی صلاحیتیں فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی منظوری دی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ان فوجی دستوں اور صلاحیتوں کی سعودی عرب میں تیز رفتار تعیناتی یقینی بنائی جائے گی، جو منظور شدہ انتظامات اور تینوں ممالک کے قومی قوانین کے مطابق ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ مشترکہ دفاع سے متعلق مکہ معاہدے کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا اجتماعی دفاع کے عزم کی ساکھ کو ظاہر کرتا ہے، دفاعی روک تھام کی مؤثریت مضبوط کرتا ہے اور تینوں ممالک کے اپنے دفاع، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے اتحاد اور عزم کی تجدید کرتا ہے۔
مزید پڑھیں





