پشاور: رہائشی کالونیوں میں سرکاری اہلکاروں کے غیر قانونی قبضوں کا انکشاف

پشاور: خیبرپختونخوا میں سرکاری اراضی اور رہائشی عمارتوں پر سرکاری اہلکاروں سمیت غیر مجاز افراد کے قبضوں کا انکشاف ہوا ہے، ورکرز ویلفیئر بورڈ کی پشاور میں واقع ایک رہائشی کالونی میں 60 سے زائد سرکاری گھروں پر غیر مجاز افراد قابض پائے گئے، جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گھروں کو سیل کر دیا گیا۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق 300 گھروں پر مشتمل مذکورہ رہائشی کالونی میں 60 سے زائد مکانات غیر مجاز افراد کے زیر استعمال تھے، جبکہ کالونی میں 170 سے زائد تجاوزات بھی قائم ہونے کا انکشاف ہوا ہے، حکام کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے دو دن کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری رہائش گاہوں پر محکمہ اعلیٰ تعلیم، چیف سیکرٹری آفس اور دیگر محکموں کے اہلکار بھی قابض تھے، غیر مجاز قبضوں کا معاملہ صرف رہائشی مکانات تک محدود نہیں بلکہ سرکاری دکانوں پر بھی غیر قانونی قبضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔
سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ کے مطابق خیبرپختونخوا میں بورڈ کی مجموعی طور پر 35 رہائشی کالونیاں قائم ہیں، جہاں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا کے حکام کا کہنا ہے کہ تمام رہائشی کالونیوں سے تجاوزات ختم کی جا رہی ہیں اور سرکاری گھروں کو غیر مجاز افراد سے خالی کرایا جا رہا ہے۔


.png%3F2026-10-26T14%253A04%253A02.956Z&w=3840&q=75)


