بانی پی ٹی آئی کے کزن قاسم زمان 30 روزہ نظر بندی مکمل ہونے پر رہا

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کزن قاسم زمان کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا، ان کے وکیل نے رہائی کی تصدیق کردی ہے۔قاسم زمان کے وکیل نے ان کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں 6 نومبر کو اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا۔ذرائع کے مطابق قاسم زمان کی تھری ایم پی او کے تحت نظربندی کے حکم نامے میں مزید توسیع نہیں کی گئی تھی، جس کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نورین نیازی اور عظمی خان کی رہائی کے لیے اہم رابطے جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پس پردہ بات چیت میں پیش رفت کی صورت میں دونوں بہنوں کی رہائی ممکن ہوسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران طبی بنیادوں پر بھی نورین نیازی اور عظمی خان کی رہائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ادھر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ایک اور بہن علیمہ خان کی رہائی سے متعلق معاملات میں فی الحال کسی پیش رفت کا امکان کم بتایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ قاسم زمان کو 6 اکتوبر 2026 کو تھری ایم پی او کے تحت گورکھپور ناکے سے اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے جیل جا رہے تھے۔راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کمیٹی کی سفارش پر انہیں ایم پی او کی دفعہ 3 کے تحت 30 روز کے لیے نظر بند کرنے کا حکم دیا تھا۔حکم نامے میں ان پر غیر قانونی اجتماعات منعقد کرنے، تشدد پر اکسانے اور امن و امان خراب کرنے کی منصوبہ بندی کے الزامات عائد کیے گئے تھے
مزید پڑھیں





