نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بھارتی میک اپ آرٹسٹ جاں بحق

بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں پنجابی انفلوئنسر اور میک اپ آرٹسٹ مد سندھو کو موٹرسائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام تقریباً 6 بجے پیش آیا، جہاں مد سندھو کو سڑک پر خون میں لت پت پایا گیا، گولی لگنے سے شدید زخمی مد سندھو کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس سری وینیلا کے مطابق دو نامعلوم افراد نے مد سندھو پر فائرنگ کی۔
واقعے کے بعد ’گولڈی ڈھلون‘ نامی فیس بک اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ سامنے آئی، جس میں قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا اور مد سندھو پر پنجاب کو ’خراب‘ کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ذمہ داری قبول کرنے والی پوسٹ کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا گیا ہے۔ مد سندھو جن کا اصل نام مدھوسودن تھا، وہ میک اپ، فلمی دنیا اور صنفی مسائل پر مختلف پوڈکاسٹس میں گفتگو کرتے تھے۔
مد سندھو نے اپنے کیریئر کا آغاز فیشن انڈسٹری میں اسٹائلسٹ اور پنجاب و ممبئی میں فلموں کے اسسٹنٹ کاسٹیوم ڈیزائنر کے طور پر کیا، بعد ازاں انسٹاگرام ریلز، وائرل ویڈیوز، لگژری لائف اسٹائل، میک اپ اور سماجی و ثقافتی موضوعات پر کھلے تبصروں کے باعث انہیں خاصی مقبولیت حاصل ہوئی۔





