ڈاکٹر علامہ محمد اقبال،جنہیں سمجھا نہ گیا ،تحریر: سید آزاد گیلانی
نقطہ نظر
آج 9 نومبر ہے، یوم علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ۔ حسب روایت تعلیمی اداروں میں تقریبات ہوں گی، تقاریر کی جائیں گی، سوشل میڈیا پر علامہ محمد اقبال کی تصاویر اور اشعار کی بھرمار ہوگی، انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور پھر اگلے روز ہم اپنی معمول کی زندگی میں واپس لوٹ جائیں گے۔ لیکن ایک سوال ہے جو ہر سال یوم علامہ اقبال پر ہمارے سامنے کھڑا ہوتا ہے کہ کیا ہم واقعی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو جانتے ہیں؟ یا ہم نے علامہ اقبال کو چند مشہور اشعار، نصابی اسباق اور رسمی تقریبات تک محدود کر دیا ہے؟ یا شاید ہم علامہ اقبال کو بھی صرف ایک شاعر ہی سمجھتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو کم از کم کسی سے یہ سوال تو کیجئے کہ علامہ اقبال اگر صرف شاعر ہی تھے تو ان کے نام کے ساتھ علامہ کیوں لکھا جاتا ہے؟ کبھی کسی سے یہ بھی پوچھیے کہ عربی زبان کے لفظ علامہ کا مفہوم کیا ہے اور انہیں شاعرِ مشرق، حکیم الامت، مفکرِ پاکستان، ترجمانِ حقیقت، مفکرِ اسلام اور مصورِ پاکستان جیسے القاب سے کیوں یاد کیا جاتا ہے؟
شاید ان کے نام کے ساتھ منسوب یہی القاب ہمارے سوال کا جواب بھی ہیں اور ہمارے مطالعے کی کمی کا اعتراف بھی۔
حقیقت یہ ہے کہ ہم نے علامہ اقبال کے اشعار تو یاد کر لیے، مگر ان کے افکار کو اپنی زندگی کا حصہ نہیں بنایا۔ ہم نے شاہین کی پرواز پر بہت بات کی، لیکن اپنے اندر وہ بلند نظری پیدا کرنے کی کوشش کم ہی کی جس کا درس علامہ اقبال دیتے تھے۔ ہم نے خودی کے فلسفے پر تقریریں تو بہت کیں، مگر اپنی خودی کو پہچاننے اور اپنے کردار کو بلند کرنے کی فکر کم کی۔
آئیے آج علامہ اقبال کی شخصیت کے چند ایسے گوشوں پر بات کرتے ہیں جنہیں عام طور پر ہماری تقریبات اور گفتگو میں وہ جگہ نہیں ملتی جس کے وہ مستحق ہیں۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ علامہ محمد اقبال کے استاد مولوی سید میر حسن نے ان کی شخصیت کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا؟ 1922 میں جب برطانوی حکومت نے علامہ اقبال کو سر کا خطاب دینے کا فیصلہ کیا تو انہوں نے اپنے استاد کے لیے بھی اعزاز کی درخواست کی۔ حکام نے اعتراض کیا کہ میر حسن صاحب نے کوئی کتاب تصنیف نہیں کی۔ علامہ اقبال نے جواب دیا کہ وہ خود میر حسن صاحب کی لکھی ہوئی کتاب کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ محض ایک جملہ نہیں، اپنے استاد کے احسان کا ایسا اعتراف ہے جس کی مثال آج کے عہد میں کم دکھائی دیتی ہے۔ ایک ایسا شخص جس کی اپنی علمی و ادبی شناخت دنیا بھر میں تسلیم شدہ تھی، اپنے استاد کی عظمت بیان کرنے میں فخر محسوس کر رہا تھا۔
علامہ اقبال کے والد شیخ نور محمد صاحب دیندار انسان اور پیشے کے اعتبار سے درزی تھے۔ یہ بات بھی ہمارے لیے ایک اہم سبق رکھتی ہے کہ عظمت کا تعلق کسی بڑے خاندان، دولت یا ظاہری مرتبے سے نہیں ہوتا۔ ایک سادہ گھرانے میں آنکھ کھولنے والا بچہ اپنے علم، مطالعے، محنت اور غیر معمولی فکر کے ذریعے پوری دنیا میں اپنی شناخت قائم کر سکتا ہے۔
لیکن یہاں ایک ایسی شخصیت کا ذکر بھی ضروری ہے جس کا نام شاید آج کے بہت سے نوجوان پہلی مرتبہ سنیں گے۔ وہ علامہ اقبال کی والدہ ماجدہ امام بی بی تھیں، جنہیں گھر میں ’’بے جی‘‘ کہا جاتا تھا۔ وہ باضابطہ تعلیم یافتہ نہیں تھیں، مگر غیر معمولی معاملہ فہم، نیک دل، سادہ مزاج اور غریب پرور خاتون تھیں۔ محلے کی خواتین ان پر اعتماد کرتی تھیں، لوگ اپنی امانتیں ان کے پاس رکھتے اور وہ ضرورت مندوں کی خاموشی سے مدد کیا کرتی تھیں۔
ذرا غور کیجیے! آج کا نوجوان علامہ اقبال کے شاہین سے تو واقف ہے، اس کی پرواز اور ستاروں سے آگے کے جہانوں کی بات بھی کرتا ہے، مگر شاید اسے یہ معلوم نہیں کہ اس شاہین کی تربیت کرنے والی ماں کون تھی۔ علامہ اقبال نے اپنی والدہ کی وفات پر ایک درد بھری نظم ’’والدہ مرحومہ کی یاد میں‘‘ بھی لکھی، جس میں اپنی ماں کی تربیت، محبت اور احسانات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے اپنی والدہ کی شخصیت کو اپنی فکری اور اخلاقی تشکیل کا اہم سرچشمہ قرار دیا۔ ایک شعر میں اسی احساس کو یوں بیان کیا:
تربیت سے تیری میں انجم کا ہم قسمت ہوا
گھر مرے اجداد کا سرمایۂ عزت ہوا
یہاں علامہ اقبال ہمیں ایک بہت اہم حقیقت سمجھاتے ہیں کہ بلند کردار اور عظیم شخصیتوں کی تشکیل میں ماں کی تربیت، اس کی دعاؤں اور گھر کے ماحول کا کتنا گہرا کردار ہوتا ہے۔ ہم نوجوانوں کو شاہین بننے کا درس تو دیتے ہیں، مگر ان کی تربیت کے بنیادی مراکز، یعنی گھر اور خاندان میں کردار سازی کی اہمیت کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو بلند پروازی کے خواب تو دکھا رہے ہیں، لیکن کیا انہیں وہ تربیت، مطالعے کا ذوق، خود اعتمادی اور اخلاقی بنیاد بھی فراہم کر رہے ہیں جس کے بغیر کوئی پرواز ممکن نہیں؟
علامہ اقبال کی شخصیت کا ایک دلچسپ پہلو ان کا یورپ کا سفر ہے۔ وہ 1905 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلستان گئے۔ کیمبرج میں فلسفہ پڑھا، لندن میں قانون کی تعلیم حاصل کی اور جرمنی کی میونخ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ جرمنی کے شہر ہائیڈل برگ میں قیام کے دوران جرمن زبان بھی سیکھی۔ غور کیجیے کہ وہ مغربی فلسفے، تہذیب اور علمی روایت کا گہرا مطالعہ کر رہے تھے، مگر اس مطالعے نے انہیں اپنی تہذیبی شناخت سے دور نہیں کیا۔ انہوں نے مغرب سے علم حاصل کیا، اس کے افکار کو سمجھا، ان پر تنقید بھی کی اور مشرق کو اس کی فکری قوت کا احساس دلانے کی کوشش بھی کی۔
ایک اور دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ علامہ اقبال کی پہلی بڑی فلسفیانہ شعری تصنیف ’’اسرارِ خودی‘‘ اردو نہیں بلکہ فارسی زبان میں 1915 میں شائع ہوئی۔ وہ اپنے بعض گہرے فلسفیانہ خیالات کے اظہار کے لیے فارسی کو زیادہ موزوں سمجھتے تھے۔ ان کی شاعری محض جذبات کی ترجمانی نہیں تھی بلکہ اس کے پس منظر میں فلسفہ، تاریخ، مذہب، تہذیب اور انسانی نفسیات کا وسیع مطالعہ موجود تھا۔
اسرارِ خودی میں علامہ اقبال نے انسان کو اپنی ذات کی پوشیدہ صلاحیتوں سے آگاہ ہونے اور انہیں عمل کے ذریعے منوانے کا پیغام دیا۔ اس فلسفے کی روح کو سمجھنے کے لیے اسی کتاب کا یہ فارسی شعر دیکھیے:
خویشتن را وا نمودن زندگیست
ضربِ خود را آزمودن زندگیست
مفہوم: اپنی ذات اور اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنا ہی زندگی ہے، اپنی قوت کو آزمانا اور اپنی استعداد کو عمل کے میدان میں ثابت کرنا ہی زندگی کا اصل مقصد ہے۔
یہاں علامہ اقبال خودی کو محض خود اعتمادی یا غرور نہیں بلکہ اپنی ذات کی پہچان، کردار کی تعمیر، مسلسل جدوجہد اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا نام دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک انسان کی زندگی کا مقصد صرف سانس لینا یا حالات کے ساتھ سمجھوتا کرنا نہیں، بلکہ اپنی پوشیدہ قوتوں کو بیدار کرکے اپنے وجود کو بامقصد بنانا ہے۔ یہی وہ پیغام ہے جسے آج کا نوجوان سمجھ لے تو شاید اسے اپنی منزل کے تعین کے لیے کسی سہارے کی ضرورت نہ رہے۔
علامہ اقبال کی فکر کا ایک نمایاں پہلو ان کی جرات سوال بھی تھی۔ وہ مسلمانوں کو محض ماضی کی عظمت کے تذکروں میں گم نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ مسلمان اپنے علمی زوال، فکری جمود اور عملی کمزوریوں کا جائزہ لیں۔ ان کے نزدیک قوموں کی ترقی صرف ماضی کے کارناموں پر فخر کرنے سے نہیں بلکہ حال کی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور مستقبل کی تعمیر کے لیے جدوجہد کرنے سے ممکن ہے۔
افسوس کہ آج ہم علامہ اقبال کے نام پر تقریبات تو منعقد کرتے ہیں، لیکن ہمارے تعلیمی اداروں میں تحقیق، سوال کرنے کی آزادی، مطالعے کا شوق اور تخلیقی سوچ کو وہ اہمیت حاصل نہیں جو ایک زندہ قوم کی پہچان ہونی چاہیے۔ ہم نوجوانوں کو اقبال کے افکار سے روشناس کرانے کے بجائے اکثر انہیں چند اشعار یاد کروا کر اپنی ذمہ داری پوری سمجھ لیتے ہیں۔
علامہ اقبال کو سمجھنے کے لیے ان کی کتابیں پڑھنا ضروری ہے، ان کے افکار پر غور کرنا ضروری ہے اور سب سے بڑھ کر ان کے پیغام کو اپنی اجتماعی زندگی میں جگہ دینا ضروری ہے۔ وہ ایک مفکر، فلسفی، قانون دان، سیاسی بصیرت رکھنے والے دانشور اور اپنے عہد کے فکری مسائل پر مسلسل غور کرنے والے انسان تھے۔
آج یومِ علامہ اقبال پر ہمیں خود سے ایک سوال ضرور کرنا چاہیے کہ جس علامہ محمد اقبال کو ہم ہر سال خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، کیا ہم نے کبھی ان کے پیغام کو اپنی ذات پر بھی لاگو کیا؟ کیا ہم نے اپنی خودی کو پہچانا؟ کیا ہم نے علم کو اپنی ترجیح بنایا؟ کیا ہم نے اپنی نئی نسل میں سوال کرنے، سوچنے اور آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کیا؟
علامہ اقبال کو یاد کرنے کا بہترین طریقہ ان کی تصویر پر پھول چڑھانا یا ان کا کوئی شعر اپنی پروفائل پر لگانا نہیں، بلکہ ان کے فکر و فلسفے کو سمجھنا اور اپنی زندگی میں اس کی عملی جھلک پیدا کرنا ہے۔
علامہ اقبال نے تو ہمیں بہت پہلے بتا دیا تھا کہ قوموں کی تقدیر محض نعروں، تقریبات اور ماضی کے قصیدوں سے نہیں بدلتی، اس کے لیے ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا یہ شعر آج بھی ہمارے اجتماعی رویوں کے لیے ایک آئینہ ہے:
عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی
یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری ہے
اب سوال یہ نہیں کہ ہم ہر سال یومِ علامہ اقبال کیسے مناتے ہیں، سوال یہ ہے کہ ہم نے علامہ اقبال کے پیغام سے اپنی زندگی میں کیا بدلا؟ کیونکہ جس قوم نے اپنے شاعر کے اشعار تو یاد رکھے ہوں، مگر اس کے افکار کو فراموش کر دیا ہو، اسے جناب اقبال کا دن منانے سے پہلے اپنے فکری زوال کا حساب ضرور کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں





