پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اقبال کا شاہیں اور آج کا غلام ذہن، تحریر: عائشہ گُل

ayeshagul

کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اقبال کا وہ شاہین جسے آسمانوں کی لامحدود وسعتیں اور بلند پرواز ملی تھی، آج ہمارے اپنے ہی وجود کے اندر کہیں کھو کیوں گیا ہے؟

علامہ محمد اقبال نے اپنے شاہین کو جو بلند آہنگ پرواز اور رفعتِ مقام عطا کی تھی، وہ فلسفہ خودی کا معراج ہے۔ شاہین اقبال کے نزدیک محض ایک پرندہ نہیں تھا؛ وہ ایک ولولہ تھا، ایک فکرِ بلند تھی اور "خودی" کا استعارہ تھا۔ وہ شاہین جو فلک بوس چوٹیوں کو چھوتا ہے، جو تند و تیز طوفانوں کے سینے پر وار کرتا ہے، جو مردار پر نہیں بلکہ اپنی بازوؤں کی محنت پر یقین رکھتا ہے اور جو ہمیشہ افق سے آگے ایک نئے جہاں کی تلاش میں رہتا ہے مگر المیہ یہ ہے کہ آج کا انسان، آج کا فکری روپ دھارے معاشرہ، شاہین بننے کے سفر سے بہت دور جا چکا ہے۔ آج کا انسان خود کو مادی الجھنوں کی ایک ایسی زنجیر میں قید کیے بیٹھا ہے جہاں کبھی پیٹ کی آگ بجھانے کی تگ و دو ہے، کبھی نوکری یا کیریئر کی فکر ہے اور کبھی سوشل میڈیا کی مصنوعی دنیا میں اپنوں سے کٹ کر مقبولیت حاصل کرنے کی دوڑ ہے۔ انہی چھوٹی چھوٹی، سطحی سوچوں میں انسان کا ذہن اس طرح گھومتا رہتا ہے کہ رفتہ رفتہ وہ روایتی غلامی کی زنجیروں میں جکڑتا چلا جاتا ہے۔ اس نفسا نفسی اور مادہ پرستی کے عالم میں اقبال کا شاہین کہیں روٹھ کر گم ہو گیا ہے۔ ہم نے سوال پوچھنا چھوڑ دیا، ہم نے کائنات کی وسعتوں میں غور و فکر کا چراغ بجھا دیا، اور اپنے مرکز یعنی دینِ متین کی روح سے فاصلہ اختیار کر لیا۔ ہم نے اس فانی دنیا کو ہی اپنی عاقبت اور اپنا سب کچھ بنا ڈالا۔ اب ہماری منزل صرف مادی آسائشیں ہیں، ہماری سوچ کا محور ذات کی حد تک محدود ہے، اور ہماری تمام تر دوڑ مٹی کے ڈھیر جمع کرنے کے لیے ہے۔ جب انسان دین کی آفاقی تعلیمات سے کٹ جاتا ہے، غور و فکر کے دریچے بند کر دیتا ہے اور چپ چاپ حالات کے جبر قبول کر لیتا ہے، تو اس کا ذہن خود بخود فکری غلامی کی تاریکی میں ڈوب جاتا ہے۔ علامہ اقبال نے پکار کر کہا تھا:

"خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے

خدا بندے سے خود پوچھے، بتا تیری رضا کیا ہے؟"

مگر آج ہم نے اپنی اصل رضا، اپنی خودی اور اپنی انفرادی شناخت سب کچھ حالات اور دنیا کے حوالے کر دیا ہے۔ ہم شاہین کی طرح بلند تر افق کو چیرنے کی بجائے، کبوتر کی طرح زمین پر دانے چگنے اور چھوٹی چھوٹی مفاد پرست سوچوں میں گھومنے کے عادی ہو گئے ہیں۔

غلام ذہن کی سب سے بڑی اور ہولناک نشانی یہ ہوتی ہے کہ وہ سوال پوچھنا بند کر دیتا ہے۔ نظام کہنہ سے جو سوال پوچھے، اسے باغی یا نادان کہہ دیا جاتا ہے اور جو ظلم و جبر کے آگے خاموش رہے، اسے "دانشمند" اور "پرامن" کا لقب مل جاتا ہے۔ اقبال کا شاہین مصلحتوں کی زنجیر توڑ کر سوال پوچھتا تھا، کائنات کے اسرار پر غور کرتا تھا اور رب کے حضور سجدہ ریز ہو کر اپنی فکری آزادی پاتا تھا مگر آج کا انسان بغاوت کے نام سے کانپ اٹھتا ہے، وہ اس خوف میں مبتلا رہتا ہے کہ "لوگ کیا کہیں گے؟" یا "معاشرہ میری اس جرات کو کیسے قبول کرے گا؟" اس بے جا خوف اور بزدلی کے حصار میں انسان اپنی اصل شناخت کھو بیٹھتا ہے اور اندر سے مکمل غلام بن جاتا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس فکری و ذہنی غلامی کے طوق کو اپنی ہی طاقت سے اتار پھینکیں۔ ایک حقیقی "شاہین اقبال" بننے کے لیے ویسی ہی جرأتِ رندانہ، ویسی ہی بلند سوچ اور ایسا ہی پاکیزہ کردار درکار ہے۔ یہ انقلاب تبھی برپا ہوگا جب ہم خود کو دائرہ مصلحت سے نکال کر عمل کی دنیا میں قدم رکھیں گے۔

اگر تاریخ گواہ ہے کہ علامہ اقبال کے تصور پاکستان کے خواب پر ایک مملکت خداداد تعمیر کی جا سکتی ہے، تو آج اگر ہم اقبال کے شاہین کی سوچ کو اپنے دل و دماغ میں بسالیں، تو یقینا ہماری انفرادی زندگیوں اور اجتماعی معاشرے میں ایک انقلاب آسکتا ہے۔ خواب دیکھنا آسان ہے مگر خواب کو خون جگر سے سینچ کر حقیقت کا روپ دینا صرف شاہین کا ہی کام ہے۔

اب اصل سوال یہ ہے کہ اس کا حل کیا ہے؟

اس کا اصل حل یہ ہے کہ ہم سب سے پہلے اپنے اندر کے جمود کو توڑیں۔

سوال پوچھنے کی عادت کو زندہ کریں، اندھی تقلید کے بجائے ہر بات کی تہہ تک جائیں۔

غور و فکر کے عمل کو بحال کریں کائنات کے نظام اور اپنے وجود پر دھیان دیں۔

اپنے اصل محور یعنی دین اور قرآن کی طرف لوٹیں، کیونکہ اصل طاقت وہیں سے ملتی ہے۔ شاہین بننے کے لیے سب سے پہلے ذہن کے بند دریچوں کو کھولنا ہوگا، پھر تخیل کو بلند کرنا ہوگا۔ جب انسان اپنے خالق کو پہچان لیتا ہے، تو وہ کسی مخلوق کے سامنے جھکنے سے آزاد ہو جاتا ہے۔

ہر روز اپنی ذات کے لیے تھوڑا سا وقت نکالیں، کلام الہی کو سمجھیں، باندۂ درویش اقبال کو پڑھیں اور اپنی سوچ کے دائرے کو وسیع کریں۔ یاد رکھیے، شاہین ایک دن میں نہیں بنتا لیکن جو شخص سوچنے اور بدلنے کی راہ پر قدم رکھ دیتا ہے، وہ منزل کی مسافت طے کر لیتا ہے۔

اقبال کا شاہین آج بھی فضاؤں سے ہمیں پکار رہا ہے مگر ہم نے اپنے کانوں میں غفلت کے سیسہ پلائے ہوئے ہیں۔ وہ صدا دے رہا ہے: "اٹھو، پرواز کرو، خود کو پہچانو!" کاش کوئی اس پکار کو سمجھ سکے؛ کیونکہ ماننا پڑے گا کہ شاہین بننے کی راہ دشوار ضرور ہے لیکن غلامی کی ذلت اٹھا کر جینا اس سے کہیں زیادہ تکلیف دہ ہے۔

جب تک ہمارے ذہن غلامی کی زنجیروں میں جکڑے رہیں گے، روح کا شاہین کبھی آسمان نہیں چھو سکتا۔

یاد رکھیے! شاہین بننا محض کوئی اتفاقی قسمت نہیں، یہ ایک سوچ ہے اور جب سوچ بدل جائے تو تقدیر بدلنے میں دیر نہیں لگتی۔

سوچیے اور خود سے پوچھیے، کیا ہم آج بھی اقبال کے شاہین ہیں یا محض اپنی خود ساختہ سوچوں کے غلام بن کر رہ گئے ہیں؟