بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اقبال! تیرے دیس کا کیا حال سناؤں،تحریر: مائرہ حمزہ

نقطہ نظر

شام کا وقت تھا۔ لاہور کی پرانی گلیوں پر ہلکی ہلکی بارش برس رہی تھی۔ مٹی کی خوشبو ہوا میں گھل گئی تھی۔ کہیں دور سے اذان کی آواز آ رہی تھی۔ اسی گلی کے آخر میں ایک پرانا سا دو منزلہ گھر تھا، جس کی لکڑی کی کھڑکیاں اب ٹوٹنے لگی تھیں اور دیواروں پر وقت نے اپنی لکیریں کھینچ دی تھیں۔

اسی گھر میں پندرہ سالہ ماہ نور رہتی تھی۔ لمبے بال، بڑی بڑی آنکھیں مگر ان آنکھوں میں ہمیشہ ایک تھکاوٹ رہتی تھی۔ وہ ہر وقت موبائل میں گم رہتی تھی۔ امی کہتیں، ماہ نور بیٹا! ذرا نیچے آ جاؤ، دادی اکیلی بیٹھی ہیں۔ وہ کہتی، امی ابھی آتی ہوں، بس ایک ریل اور دیکھ لوں۔ ابو کہتے، بیٹا نماز پڑھ لو، وہ کہتی، ابو نیند آ رہی ہے۔

اس دن بھی ایسا ہی ہوا۔ بجلی چلی گئی۔ موبائل کی بیٹری ختم ہو گئی۔ باہر بارش کی بوندیں کھڑکی کے شیشے پر ٹک ٹک کر رہی تھیں۔ ماہ نور نے تنگ آ کر اسٹور روم کا دروازہ کھولا۔ وہاں ایک پرانی الماری رکھی تھی۔ اس نے الماری کھولی تو اندر سے ایک پرانی ڈائری نکلی۔ اس کے صفحے پیلے ہو چکے تھے۔

پہلے صفحے پر لکھا تھا، "میری پوتی کے نام 1935"

ماہ نور نے حیرت سے ڈائری کھولی۔ اس میں لکھا تھا کہ اس زمانے میں لاہور کی شامیں کیسی ہوتی تھیں۔ گلیوں میں چراغ جلتے تھے۔ عورتیں چھتوں پر بیٹھ کر ایک دوسرے سے باتیں کرتی تھیں۔ محلے میں اگر کوئی بیمار ہو جاتا تو پورا محلہ اس کے گھر پہنچ جاتا۔ عید پر ایک ہی دسترخوان پر سب بیٹھتے۔ بچے گلی میں گلی ڈنڈا کھیلتے اور رات کو دادی کی گود میں سر رکھ کر کہانیاں سنتے۔

ایک جگہ لکھا تھا، "آج ہم نے علامہ اقبال کو دیکھا۔ وہ شیر وانی پہنے، ہاتھ میں چھڑی لیے، آہستہ آہستہ بازار سے گزر رہے تھے۔ لوگ انہیں دیکھ کر احترام سے کھڑے ہو گئے۔ انہوں نے مسکرا کر کہا، بیٹا! اپنی خودی کو پہچانو، تم شاہین ہو، تمہاری پرواز بلند ہے۔"

ماہ نور نے یہ سطر پڑھی تو اس کا دل کانپ گیا۔ اس نے کھڑکی سے باہر دیکھا۔ ہر گھر کا دروازہ بند تھا۔ ہر بچے کے ہاتھ میں موبائل تھا۔ اسے لگا جیسے وہ اس ڈائری والے زمانے سے بہت دور آ گئی ہے۔

اسی سوچ میں اس کی آنکھ لگ گئی۔

خواب میں اس نے دیکھا کہ وہ ایک بڑے باغ میں کھڑی ہے اور اس کے کنارے ایک بزرگ بیٹھے تھے۔ سفید داڑھی، گہری سوچوں میں ڈوبی آنکھیں، چہرے پر ایک عجیب سا نور۔ ماہ نور نے ڈرتے ڈرتے پوچھا، آپ کون ہیں؟

بزرگ نے نرمی سے کہا، بیٹی! میں اقبال ہوں۔

ماہ نور کے قدم رک گئے۔ اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ اس نے کہا، اقبال! آپ نے تو ہمارے لیے اتنے بڑے خواب دیکھے تھے مگر اقبال! تیرے دیس کا کیا حال ہے سناؤں؟

آج ہمارے دیس میں دلوں میں محبت نہیں رہی۔ بیٹا ماں باپ کی بات نہیں سنتا، شاگرد استاد کی عزت نہیں کرتا۔ مسجدیں آباد ہیں مگر دل ویران ہیں۔ لوگ ایک دوسرے کے دکھ پر ہنستے ہیں، کسی کے گرنے پر ہاتھ نہیں پکڑتے۔ رشتے ٹوٹ رہے ہیں، دوستی مطلب کی رہ گئی ہے۔ اقبال! آپ نے تو کہا تھا ہم ایک قوم بنیں گے مگر آج ہم ایک دوسرے سے ہی دور ہو گئے ہیں۔

اقبال نے خاموشی سے اس کی ساری بات سنی۔ پھر انہوں نے اس کے سر پر شفقت سے ہاتھ رکھا اور کہا، بیٹی! رونا نہیں۔ میں نے کبھی مایوسی کی بات نہیں کی۔ میں نے کہا تھا، مایوسی کفر ہے۔

ماہ نور نے کہا، مگر اقبال! اب کیا ہو گا؟

اقبال نے کہا، بیٹی، تم ابھی زندہ ہو۔ تمہارے ہاتھ میں ابھی قلم ہے۔ تم ابھی جاگ سکتی ہو۔ ایک چراغ جلے گا تو اندھیرا خود ختم ہو جائے گا۔ تم اپنی خودی کو پہچانو، اپنی نماز کو مضبوط کرو، اپنے والدین کی عزت کرو، اپنے محلے سے محبت کرو۔ یہی میرا پیغام تھا، یہی میرا خواب تھا اور ماہ نور کی آنکھ کھل گئی۔ بجلی آ چکی تھی۔ موبائل چارج ہو رہا تھا مگر ماہ نور نے موبائل کو ہاتھ نہیں لگایا۔ اس نے ڈائری کو سینے سے لگایا، وضو کیا، نماز پڑھی اور نیچے دادی کے پاس جا کر بیٹھ گئی۔

دادی نے حیران ہو کر پوچھا، ماہ نور! آج تم نیچے کیسے آ گئیں؟

ماہ نور نے مسکرا کر کہا، دادی، میں نے خواب میں اقبال کو دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دیس کا حال برا ہے مگر ہم خود اسے اچھا بنا سکتے ہیں۔ اس دن کے بعد ماہ نور بدل گئی۔ وہ صبح جلدی اٹھتی، کتاب پڑھتی، محلے کے چھوٹے بچوں کو پڑھاتی اور ہر کسی سے محبت سے بات کرتی۔ گلی کے لوگ کہتے، یہ ماہ نور کو کیا ہو گیا ہے؟ ماہ نور کہتی، مجھے کچھ نہیں ہوا، مجھے تو بس اقبال کا پیغام سمجھ آ گیا ہے؛ اور اس پرانی گلی میں، بارش کے بعد ایک بار پھر ایک چراغ جل اٹھا تھا۔