ترکیہ: شہباز شریف کی ترک صدر سمیت مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، علاقائی امن پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ میں عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں جاری ہیں ، ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سعودی عرب، بنگلہ دیش، فلسطین اور شام کی قیادت سمیت ورلڈ بینک کے صدر سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ، علاقائی امن اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثرہ ممالک کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کاپ تھرٹی ون کانفرنس میں شرکت کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔وزیراعظم نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام پر بھی گفتگو ہوئی۔
شہباز شریف کی سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان آل سعود، بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمن اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ سے گفتگو میں وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے ساتھ حکومت اور پاکستانی عوام کی بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ فلسطینی وزیراعظم نے عالمی سطح پر فلسطینی عوام کے حق میں مؤثر آواز اٹھانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کی خاتون اول ترکیہ امینہ اردوان، شام کے صدر احمد الشرع، سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، خطے کی صورتحال اور موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کو درپیش مشکلات عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں




