Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر حملہ، قبضے کا دعویٰ


تہران: ایران کے پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں ٹوگو کے پرچم والے آئل ٹینکر ’ٹرینڈ‘ کو نشانہ بنانے اور قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے آئی آر این اے کے مطابق آئل ٹینکر کو جمعرات کی رات نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق ٹینکر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد اسے روک لیا گیا۔ ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عظمیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹینکر نے امریکی فوج کی ترغیب پر آبنائے ہرمز سے ایران کی جانب سے مقرر کردہ راستے کے برخلاف گزرنے کی کوشش کی، جس پر اسے نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام نے ٹینکر کی درست پوزیشن، اسے نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے گئے ہتھیار، عملے اور جہاز پر موجود کارگو سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ دوسری جانب برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے جمعہ کو اطلاع دی کہ آبنائے ہرمز میں ایک ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم ادارے کے مطابق بعد میں آگ بجھا دی گئی اور جہاز پر موجود عملہ محفوظ رہا۔ یو کے ایم ٹی او نے یہ واقعہ 18 ستمبر کو رپورٹ کیا اور بتایا کہ آبنائے ہرمز میں عمان کے شہر خصب سے تقریباً 16 ناٹیکل میل شمال مشرق میں ایک سکیورٹی واقعہ بھی پیش آیا تھا۔ تاہم برطانوی ادارے نے متاثرہ جہاز کا نام ظاہر نہیں کیا۔ اس لیے فی الحال آزادانہ طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ یو کے ایم ٹی او کی جانب سے رپورٹ کیا گیا ٹینکر وہی ’ٹرینڈ‘ ہے جسے ایرانی پاسداران انقلاب نے نشانہ بنانے اور قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔