جمعہ، 27 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مکہ معاہدہ: پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری


مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان جمعے کو اسلام آباد میں اہم اجلاس جاری ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ معاہدے کے تحت قائم سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کے اس اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سیاسی، سفارتی اور دفاعی حکام شرکت کر رہے ہیں۔

رواں برس اگست میں ہونے والے اس معاہدے کی بنیادی شق کے مطابق تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو باقی دو ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ پاکستانی عہدے دار کے مطابق شام چار بجے شروع ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب اور کویت پر حملوں اور دفاعی تعاون کے علاوہ خطے کی سکیورٹی صورت حال اور اتحاد میں دوسرے ممالک کی ممکنہ شرکت بھی زیر غور ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان کے وزیر دفاع اس اجلاس کا حصہ ہیں جبکہ ترکی انٹیلی جنس کے اعلی عہدے دار بھی اجلاس کا حصہ ہیں۔

یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، یمن میں سرگرم حوثیوں کے حملوں اور سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات نے علاقائی سلامتی کے معاملات کو مزید اہم بنا دیا ہے۔

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعرات کو اے ایف پی کو بتایا تھا کہ سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جاری تنازع اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگا۔

انہوں نے کہا ’سعودی عرب کے جنوب میں جاری بدامنی ایک اہم معاملہ ہے اور اس پر بات چیت ناگزیر ہے۔‘ یہ اس کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہے۔ اس سے قبل اس کے ترکی اور سعودی عرب میں دو اجلاس ہو چکے ہیں۔

اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور اعلیٰ عسکری قیادت کر رہی ہے جبکہ سعودی عرب اور ترکی کی اعلیٰ قیادت شریک ہے۔