جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل


اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول سے متعلق الیکشن کمیشن کا 21 اکتوبر کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کر دیا ہے۔


عدالت نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرتے ہوئے 26 نومبر تک الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات رکوانے کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تحریری حکمنامے کے مطابق قانون کے تحت ہر یونین کونسل 9 وارڈز میں تقسیم تھی۔ وکیل کے مطابق الیکشن کمیشن نے 12 دسمبر 2024 کو حلقہ بندی تبدیل کی، جس کے بعد انتخابی شیڈول جاری کیا گیا جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔


حکم نامے میں درج ہے کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹریٹری لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2026 کے نفاذ سے 3 ٹاؤن کارپوریشنز بنائی گئیں اور یونین کونسلوں کی تعداد 125 سے بڑھا کر 130 کر دی گئی۔

درخواست گزار کے مؤقف کے مطابق، الیکشن کمیشن کے حکم نامے میں بحال کیے گئے قانون کے تحت 125 یونین کونسلوں کے 9 وارڈز یا میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حلقہ بندی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔


درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ترمیم شدہ قانون کے تحت کی جانے والی حلقہ بندیاں بحال شدہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت انتخابات کی بنیاد نہیں بن سکتیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی۔