نظام کو ری سیٹ نہیں بلکہ فارمیٹ کرنے کی ضرورت ہے،فیصل ندیم
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان فیصل ندیم نے کہا ہے کہ حکمران خود اعتراف کر رہے ہیں کہ ملک میں بحران اور بدعنوانی موجود ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر وفاقی وزراء مسلسل بحران کی بات کر رہے ہیں، جبکہ بلاول بھٹو زرداری بھی نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ ہم کہتے ہیں کہ نظام کو ری سیٹ نہیں بلکہ فارمیٹ کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ موجودہ نظام عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکا ہے اس لیے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز عوام کو اعتماد میں لے کر اس بوسیدہ نظام سے جان چھڑوا کر پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر آگے بڑھانے کی ترتیب بنائیں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مسلم لیگ ہاؤس میں مہنگائی اور حالیہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ فیصل ندیم نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ ملک میں ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ آزاد کشمیر اور حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام نے مرکزی مسلم لیگ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ نارووال اور گوجرانوالہ کے دونوں حلقوں میں ہماری جیت چھینی گئی اور دھاندلی کے ذریعے انتخابی نتائج تبدیل کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ این اے 77 میں مرکزی مسلم لیگ نے حکمران جماعت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور فتح حاصل کی مگر سرکاری وسائل اور اثر رسوخ کا بے دریغ استعمال کرکے انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی گئی۔ انتخابی دھاندلی اور نتائج میں مبینہ ردوبدل کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا ہے۔ ہم اپنا حق حاصل کرنے کے لیے ہر آئینی و قانونی فورم پر آواز اٹھائیں گے اور این اے 77 کا نتیجہ چوری نہیں ہونے دیں گے۔فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ حکمران عوام میں اپنا اعتماد کھو چکے ہیں۔ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، لیکن حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا احساس نہیں۔ مرکزی مسلم لیگ نے ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف عوامی مہم شروع کر دی ہے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
مزید پڑھیں




