اخلاق کا بیج بوئیں ،تحریر:ڈاکٹر شاہد ایم شاہد
نقطہ نظر
کسی بھی معاشرے کی خوب صورتی اخلاقی قدروں کی بدولت فروغ پاتی ہے۔جیسے ایک انسان کے چہرے سے اس کی خوب صورتی کا اندازہ لگایا جاتا ہے بالکل اسی طرح کسی معاشرے کا حسن و جمال دیکھنے کے لیے اس کا اخلاقی چہرہ دیکھا جاتا ہے۔آیا اس میں داغ دھبوں اور جھریوں کی افراط شامل ہے یا پھولوں کی خوشبو کا احساس۔انسانی فطرت میں دو قسم کے رچاؤ موجود ہیں۔خوشگوار اور نا خوشگوار۔یہ ایسی کیفیتیں ہیں جن کا انسان کی زندگی کے ساتھ بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر تعلق ہے۔محسوسات کی ایک قدرتی حس ہے جو ہمیں اچھا یا برا ہونے کی خبر دیتی ہے۔ اس سلسلے میں ماضی اور حال کے تجربات و مشاہدات ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔ زمانہ ازل سے ہی انسان کے اندر اخلاق اور بداخلاق جیسی خصوصیت موجود ہیں ، جنھیں روز مرہ زندگی میں بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ انسان کا اخلاق جتنا زیادہ بلند ہوگا، وہ اس قدر مقبولیت کا سفر طے کرے گا۔اس کے ارد گرد جم غفیر ہوگا۔ہر کسی کی زبان پر اس کا نام زبان زد ہوگا۔وہ ہر دل عزیز ہوگا۔وہ ہر محفل میں گفتگو کا محور ہوگا۔اسے معاشرتی حمایت حاصل ہوگی۔ انسان کی زبان و بیان میں جتنا زیادہ توازن ہوگا اس کا اخلاقی پلڑا اسی قدر وصف وزن سے لبریز ہوگا۔وہ تعاذ و تعارض سے پاک ہوگا۔ وہ جھکا ہوگا کیوں کہ جھکے ہوئے درخت کی پہچان پھل ہے۔یہ قدرتی بات ہے کہ جو درخت پھل دار نہیں ہوتا۔وہ کاٹا اور آگ میں ڈالا جاتا ہے۔انسان کی زندگی بھی بالکل ایک درخت کی مانند ہے۔اگر اس کی فطرت میں جھکاؤ ، صبر و تحمل ، عجز و انکساری ، برتاؤ کی لطافت موجود نہیں تو وہ بے پھل درخت کی مانند ہے۔اس سے اچھائی اور نیکی کی کوئی توقع نہیں کی جا سکتی۔وہ محض ایک بت کی مانند ہے جو اپنے جسم میں روح تو رکھتا ہے مگر روح کے پھل نہیں۔
خدا ہم سب کا مالک و خالق ہے۔اس نے ہمیں اپنی شبیہ پر بنایا ہے۔ہمارے نتھنوں میں زندگی کا دم پھونکا ہے۔جسمانی خصوصیات کے ساتھ ساتھ روحانیت کا درس بھی دیا ہے۔اسی سلسلے کی ایک کڑی اخلاقیات بھی ہے۔اس کی ضرورت ازل سے ہر معاشرے کو کار فرما رہی ہے۔ ایسا تب ہی ہوگا جب ہر انسان کی روح میں اخلاقی حس پنپنا شروع کرے گی۔اگر کوئی انسان جسمانی و دماغی طور پر صحت مند ہے تو وہ اپنے ماحول اور معاشرے کے لیے بابرکت ہے۔اس کا وجود ، اس کی عادات اور اس کا کردار دوسرے لوگوں پر تیزی کے ساتھ اثر انداز ہوگا۔ایسا شغف و وصف ہر انسان کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔یقینا کسی بھی معاشرے کو صحت بخش بنیادیں فراہم کرنے کے لیے جب تک اخلاق کا بپتسمہ نہ دیا جائے۔اس کی فطرت میں تبدیلی کے امکان پیدا نہیں ہوتے۔معاشرتی فلاح و بہبود کے لیے اخلاقی اقدار لازم و ملزوم ہیں۔ان کے بغیر امن محبت اور بھائی چارے کی فضا فروغ نہیں پا سکتی۔ انسان معاشی طور پر خواہ کتنا ہی مضبوط کیوں نہ ہو، اگر اس کے پاس اخلاق کی دولت نہیں تو وہ سب سے بڑا کمبخت انسان ہے۔وہ اخلاقی دولت سے محروم ہو جاتا ہے۔
اسے خاندان سے لے کر معاشرے تک کے سفر میں وہ مقام و مرتبہ حاصل نہیں ہوتا جو ایک عام شخص بھی اپنے اندر خوبیاں پیدا کر کے حاصل کر سکتا ہے۔
فی زمانہ ہر انسان کو اخلاقی درس گاہ میں داخلہ لینے کی ضرورت ہے۔اس کو بھی دیگر نصاب کی طرح اپنی زندگی کی نظم و نسق میں شامل کرنا چاہیے۔کیوں کہ انسان جیسی سوچ رکھے گا۔وہ ویسا ہی پھل کاٹے گا۔عصر حاضر میں ہمیں جو پھیلتا ہوا تذبذب ، بے چینی ، بے حیائی ، بے ترتیبی ، خود غرضی ، منفی رویے ، چڑچڑا پن اور بغاوت جیسے عناصر ہماری اس سوچ کے ساتھ نتھی ہو گئے ہیں۔انہوں نے ہمیں ایک ایسے جہان میں پھینک دیا ہے۔جہاں تنہائی ، بے رخی ، بے بسی اور زوال کی داستان شروع ہوتی ہے۔
جیسے انسان فصل کاٹنے کے لیے بیج بوتا ہے۔اسی طرح معاشرے کو روحانی طور پر خوش حال بنانے کے لیے اخلاق کا بیج بونا چاہیے تاکہ اس سے وہ فصل حاصل ہو سکے جس سے لوگ روحانی طور پر تروتازگی محسوس کر سکیں۔
مزید پڑھیں





