موسم جب بدلتا ہے تو سب سے پہلے ہوا بدلتی ہے۔ ہوا میں ایک اجنبی سی خنکی اتر آتی ہے، درختوں کے پتے اپنا رنگ بدلنے لگتے ہیں، آسمان کا رنگ بھی پہلے جیسا نہیں رہتا۔ کبھی دھوپ اتنی تیز ہو جاتی ہے کہ سایہ بھی جلنے لگتا ہے، اور کبھی اچانک بادل چھا جاتے ہیں اور بارش شروع ہو جاتی ہے۔ موسم کا بدلنا اللہ کی قدرت ہے، اس میں کسی انسان کا قصور نہیں ہوتا، مگر دل کو سب سے زیادہ تکلیف تب ہوتی ہے جب موسم کے ساتھ ساتھ لوگ بھی بدلنے لگتے ہیں۔
لوگ بھی تو بالکل موسم کی طرح ہوتے ہیں۔ جب انہیں ہماری ضرورت ہوتی ہے تو وہ بہار کی طرح لگتے ہیں۔ ان کی باتوں میں پھول کھلتے ہیں، ان کے لہجے میں محبت کی خوشبو آتی ہے، وہ ہر وقت ہمارے پاس رہنا چاہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں تم ہمارے اپنے ہو، تمہارے بغیر دل نہیں لگتا، تم ہی سب کچھ ہو۔ ان کی یہ باتیں سن کر دل کو سکون ملتا ہے۔ لگتا ہے یہ رشتہ کبھی نہیں ٹوٹے گا، یہ لوگ کبھی نہیں بدلیں گے۔
اور پھر ایک دن اچانک سب کچھ بدل جاتا ہے۔ بغیر کسی بڑی وجہ کے وہی لوگ خزاں بن جاتے ہیں۔ ان کے لہجے میں ٹھنڈک آ جاتی ہے۔ ان کی باتوں میں وہ گرمی نہیں رہتی۔ وہ میسج کا جواب دینا چھوڑ دیتے ہیں، ملنا چھوڑ دیتے ہیں، اور آہستہ آہستہ ہماری زندگی سے ایسے غائب ہو جاتے ہیں جیسے کبھی تھے ہی نہیں۔
میں نے اپنی زندگی میں یہ سب بہت قریب سے دیکھا ہے۔ وہ لوگ جو کبھی کہتے تھے بنتِ محبوب تم بہت اچھا لکھتی ہو، تمہاری شاعری دل کو لگتی ہے، وہی لوگ بعد میں کہنے لگے تم بس لکھتی ہی رہتی ہو، اس سے کیا ملتا ہے۔ وہ لوگ جو کبھی میری ایک کال پر دوڑے آتے تھے، وہی لوگ آج میری کال دیکھ کر بھی نظر انداز کر دیتے ہیں۔
پہلے پہلے مجھے اس بات کا بہت دکھ ہوتا تھا۔ میں راتوں کو جاگ جاگ کر سوچتی تھی کہ میں نے کیا غلط کیا۔ کیا میں نے کسی کا دل دکھایا، کیا میں بدل گئی ہوں۔ میں خود کو قصوروار ٹھہراتی رہی، اور اندر ہی اندر ٹوٹتی رہی۔
پھر ایک دن میں نے موسم کو غور سے دیکھا۔ میں نے دیکھا کہ جب سردی آتی ہے تو درخت اپنے پتے گرا دیتا ہے، لیکن وہ مرتا نہیں ہے۔ وہ صبر کرتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ بہار پھر آئے گی۔ وہ شکوہ نہیں کرتا، وہ بس خاموشی سے وقت کا انتظار کرتا ہے۔
بس اسی دن مجھے سمجھ آ گیا کہ لوگوں کے بدلنے پر رونا نہیں ہے، خود کو بدلنا ہے۔ موسم بدلتا ہے تو ہم کپڑے بدل لیتے ہیں، چھتری لے لیتے ہیں، خود کو سردی گرمی سے بچا لیتے ہیں۔ تو پھر لوگ بدلیں تو ہم خود کو کیوں نہیں بچاتے۔
میں نے بھی اب یہی سیکھ لیا ہے۔ اب جو بدل جاتا ہے، میں اسے جانے دیتی ہوں۔ میں اس کے پیچھے نہیں بھاگتی۔ کیونکہ جو سچا ہو گا، وہ موسم کی طرح نہیں بدلے گا۔ وہ ہر موسم میں ساتھ رہے گا۔ سردی میں بھی، گرمی میں بھی، بارش میں بھی، دھوپ میں بھی۔
اور جو بدل جائے، سمجھ لیں وہ کبھی اپنا تھا ہی نہیں۔ وہ صرف ایک موسم تھا، جو آیا اور چلا گیا۔ کچھ لوگ زندگی میں سبق بن کر آتے ہیں، اور کچھ لوگ دعا بن کر رہ جاتے ہیں، آج یہ بات پورے یقین سے کہتی ہوں کہ موسم بدلنا فطرت ہے، لیکن لوگوں کا بدلنا ان کی فطرت بتا دیتا ہے۔ اس لیے اب میں موسم سے نہیں ڈرتی، اور بدلتے لوگوں سے بھی نہیں۔ کیونکہ میرا قلم میرے ساتھ ہے، اور میرا قلم کبھی نہیں بدلتا۔ جب سب بدل جاتے ہیں، تب بھی میرا قلم میرا ساتھ دیتا ہے، میرے دکھ کو لفظ بنا دیتا ہے، اور میری تنہائی کو شاعری بنا دیتا ہے۔ اور شاید یہی میری سب سے بڑی جیت ہے۔
مزید پڑھیں






