جین زی، ترقی کا استعارہ یا خواہشات کے بت کدے کی قیدی نسل؟ تحریر: ملک محمد شاکر بہاولپوری
نقطہ نظر
کبھی کبھی اس عہدِ نو کی دہلیز پر کھڑی نسل، جسے دنیا بڑے ناز سے "جین زی" کے لقب سے نوازتی ہے، کو دیکھ کر روح کانپ اٹھتی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے گویا ہم کسی فطری انسانی ارتقا کا نظارہ نہیں کر رہے، بلکہ کسی نادیدہ تہذیبی کارخانے میں ڈھالے گئے ایک ایسے مشینی سانچے کو تک رہے ہیں جس کے خدوخال پہلے سے کسی خفیہ میز پر طے کر لیے گئے تھے۔ یہ طے کر دیا گیا تھا کہ اس نسل کی سوچ کا دائرہ کیا ہوگا، اس کی بغاوت کے پیمانے کیا ہوں گے، اس کی لذتوں کا قبلہ کیا ہوگا اور کن کھوکھلی اقدار کو یہ اپنی شناخت کا طغرا بنا کر سینے سے لگائے گی۔ یہ کسی معمولی سازش کی کہانی نہیں، بلکہ اس سفاک سرمایہ دارانہ اور تکنیکی جال کا شاخسانہ ہے جہاں منڈی انسان کی خواہشات کا تعین کرتی ہے، میڈیا اس کی بصیرت پر پردے ڈالتا ہے اور الگورتھم یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ انسانی آنکھ کو کیا دکھانا ہے اور سچائی کے کن پہلوؤں کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دینا ہے۔
ماضی کی روایات میں فرد کی شخصیت خاندان، تہذیب، عقیدے اور خون کے رشتوں کی بھٹی میں تپ کر کندن بنتی تھی۔ نوجوان کی زندگی محض اس کی خود غرضانہ جاگیر نہ تھی،ماں باپ کی دعائیں، بزرگوں کی تجربہ کار نگاہیں اور سماج کی اخلاقی پاسداری اس کے گرد ایک مضبوط حصار کھینچے رکھتی تھیں۔ مگر جدید فردیت کے زہر نے اس حصار کو پاش پاش کر کے انسان کو اس کی اپنی انا کے اندھے کنویں میں دھکیل دیا ہے۔ نجی زندگی کا حق انسانی وقار کی علامت ضرور ہے، لیکن جب یہ حق اس بدترین خود پرستی میں ڈھل جائے جہاں ماں باپ کی نصیحت زہر لگے، خاندان کا تقدس قید محسوس ہو اور دوسرے انسان کی موجودگی اپنی آزادی پر حملہ دکھائی دے، تو سمجھ لینا چاہیے کہ تہذیب اپنے زوال کے آخری زینے پر قدم رکھ چکی ہے۔
ڈیجیٹل انقلاب نے اس تنہائی کو ایک طلسماتی سراب کا نشہ پلا دیا ہے۔ آج کا نوجوان اپنے گرد ایک ایسی جعلی اور مجازی کائنات بُن کر بیٹھ گیا ہے جہاں اس کی پسند کی موسیقی، من چاہی بے ہودگی اور ہم خیال خوشامدیوں کا ہجوم ہر پل میسر رہتا ہے۔ ماضی کا انسان تلخ حقیقتوں کی چٹانوں سے ٹکرا کر اپنا راستہ بناتا تھا، مگر آج کے نوجوان نے اپنی خواہشات کے مطابق ایک فلٹر شدہ دنیا تراش لی ہے جہاں اختلاف، نصیحت اور کڑوی سچائی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ بظاہر یہ آزادی کا جشن دکھائی دیتا ہے، مگر درحقیقت یہ فکری بانجھ پن اور ذہنی مفلوجیت کا ماتم ہے۔ حقیقی زندگی کسی اسمارٹ فون کی اسکرین پر انگلی پھیرنے سے نہیں بدلتی؛ یہاں زمانے کی ٹھوکریں، حالات کی بے رحمی اور اپنوں کی سختی قدم قدم پر امتحان لیتی ہے۔ جو نسل انتظار، محرومی اور برداشت کی آگ سے گزرنے کے بجائے اسکرین کے پیچھے منہ چھپا لے، وہ زندگی کے میدان میں کھڑے ہونے کے قابل نہیں رہتی۔ جو شخص بیرونی پابندیوں کے طوق اتار کر اپنی ہی نفسانی جبلتوں اور فوری لذتوں کے پاؤں میں زنجیریں ڈال لے، وہ آزاد نہیں بلکہ تاریخ کا بدترین غلام ہے۔
اس ڈیجیٹل عہد نے آزادی کے مفہوم کو مسخ کر کے رکھ دیا ہے۔ کل تک انسان یہ للکار کر پوچھتا تھا کہ میری راہ میں رکاوٹ کون ہے؟ آج وہ اتنا بے حس ہو چکا ہے کہ اسے یہ ہوش ہی نہیں کہ اس کی خواہشات کی ڈوریاں کس کے ہاتھ میں ہیں! جب انسانی توجہ خود منڈی میں بکنے والی ایک سستی جنس بن چکی ہو اور ہماری نفسیاتی کمزوریوں کو بھانپ کر ہمیں جانوروں کی طرح مخصوص باڑوں میں ہانکا جا رہا ہو، تو انتخاب کی یہ کثرت خودمختاری نہیں بلکہ ذہنی غلامی کی بدترین شکل ہے۔ آزادی محض جبر کے نہ ہونے کا نام نہیں، بلکہ خودمختاری اس بیدار شعور کا نام ہے جہاں انسان اپنے نفس کی چالوں کو پہچان سکے اور کسی بیرونی لالچ کا محض کھلونا بننے کے بجائے ڈنکے کی چوٹ پر "نہیں" کہنے کی جرات رکھتا ہو۔ جو نسل "انکار" کی قوت کھو دے، وہ اختیار کے انبار تلے دب کر بھی بے بس لاش کے سوا کچھ نہیں رہتی۔
آج ٹیکنالوجی نے انسان کے ہاتھ میں بے پناہ طاقت تو تھما دی ہے، مگر "کیا کر سکتا ہوں" اور "کیا کرنا چاہیے" کے درمیان حائل اخلاقی خلیج ایک خوفناک کھائی بن چکی ہے۔ ہر ممکن فعل اخلاقاً جائز نہیں ہوتا اور ہر خواہش کی تکمیل انسانیت کی معراج نہیں ہوتی۔ مصنوعی ذہانت نے معلومات کے انبار تو لگا دیے ہیں، لیکن اگر ہر الجھن کا حل اور ہر سوال کا جواب ایک بے جان مشین سے ادھار لیا جانے لگے تو انسانی دماغ کی وہ زرخیز زمین بنجر ہو جائے گی جہاں غور و فکر، تدبر اور حکمت کے شجر پروان چڑھتے ہیں۔ سہولت ہمیں مشقت سے بچاتی ہے، جبکہ تربیت ہمیں طوفانوں سے ٹکرانا سکھاتی ہے۔ اصل المیہ یہ نہیں کہ نئی نسل ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کر رہی ہے، بلکہ اصل قیامت یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانی عقل کا اوزار بننے کے بجائے خود انسان کو اپنا بے عقل آلۂ کار بنا رہی ہے۔ مستقبل کا فاتح وہ نہیں ہوگا جو مشینوں کے سہارے معلومات اگلتا پھرے گا، بلکہ وہ ہوگا جو اپنی عقل اور حکمت کو زندہ رکھ کر مشینوں پر حکمرانی کرے گا۔
خودکفالت کا یہ زہریلا نشہ جب انسانی رشتوں کی دہلیز پار کرتا ہے تو خاندان، نکاح اور وفاداری کی صدیوں پرانی عمارت زمین بوس ہونے لگتی ہے۔ اگر بے جان الگورتھم اور ڈیجیٹل کردار انسان کی بات سننے، ترجیحات یاد رکھنے اور جھوٹی ہمدردی جتانے لگیں، تو کیا وہ انسانی لمس، ماں کی ممتا اور شریکِ حیات کی روحانی قربت کا نعم البدل بن سکتے ہیں؟ ہرگز نہیں! مشینی جواب کتنا ہی سحر انگیز کیوں نہ ہو، وہ محبت کی تپش نہیں دے سکتا اور چوبیس گھنٹے کی دستیابی ایثار و ذمہ داری کا متبادل نہیں بن سکتی۔ انسان صرف "میں" کی خود پرستی کا نام نہیں؛ اس کی تکمیل "تم" اور "وہ" کے مقدس رشتوں سے ہوتی ہے۔ وہ کسی کا بیٹا، باپ، شریکِ حیات اور سب سے بڑھ کر اپنے خالق کا بندہ ہے۔ اگر زندگی سے "دوسرے" کا وجود کھرچ دیا جائے تو محبت کس سے ہوگی، قربانی کس کے لیے دی جائے گی اور انصاف کا ترازو کس کے لیے تولا جائے گا؟ دوسرے انسان کی موجودگی ہماری آزادی کی قید نہیں بلکہ ہماری انسانیت کا واحد ثبوت ہے۔
جب ہر نفسانی خواہش کو شناخت کا مقدس درجہ دے دیا جائے اور ہر اخلاقی حد کو پامال کرنے کا نام آزادی رکھ دیا جائے، تو انسان لاشعوری طور پر "خدائی" کے اس جھوٹے خبط میں مبتلا ہو جاتا ہے جہاں وہ اپنی تقدیر، جنس، شناخت اور کائنات کا واحد مالک خود بننا چاہتا ہے۔ مابعد انسانی فکر اور جینیاتی انجینئرنگ کے اس غرور میں یہ بھلا دیا گیا ہے کہ ہر حد زنجیر نہیں ہوتی؛ کچھ حدود انسان کو حیوان بننے سے بچاتی ہیں۔ وقت کی قید ہمیں زندگی کی قدر سکھاتی ہے، موت کا یقین ہمارے تکبر کو خاک میں ملاتا ہے اور اخلاقی حدود ہمیں درندگی سے بلند کر کے اشرف المخلوقات بناتی ہیں۔
جین زی درحقیقت ہمارے اپنے عہد کا وہ بے رحم آئینہ ہے جس میں ہماری تہذیبی منافقت اور اخلاقی دیوالیہ پن صاف دکھائی دے رہا ہے۔ اگر اس نسل نے تنہائی کو عیاشی اور اسکرین کو ہی کل کائنات سمجھ لیا ہے تو اس جرم کا طوق محض نوجوانوں کے گلے میں نہیں ڈالا جا سکتا؛ یہ ہمارے بوسیدہ تعلیمی نظام، ٹوٹتے ہوئے خاندانی ڈھانچے اور بے حس معاشرے کے منہ پر ایک زناٹے دار طمانچہ ہے۔ اس نسل میں سوال اٹھانے کی جرات اور دنیا کو مسخر کرنے کی آگ تو موجود ہے، مگر یہ امید کی کرن ابھی سراب سے زیادہ کچھ نہیں؛ کیونکہ ہر سوال سچ کی تلاش نہیں ہوتا، ہر بدتمیزی اظہارِ رائے نہیں ہوتی اور ہر بے راہ روی آزادی نہیں کہلاتی۔
تاریخ آج ایک ایسے خوفناک دوراہے پر کھڑی ہے جہاں ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہم کیسا انسان تخلیق کرنے جا رہے ہیں۔ کیا ایک ایسا مسخ شدہ وجود جو ہر شے میں آزاد ہو مگر کسی رشتے سے جڑا ہوا نہ ہو؟ جو لذتوں کا پجاری ہو مگر محبت کے لفظ سے ناآشنا ہو؟ جو بھیڑ میں کھڑا ہو کر بھی تنہائی کی قبر میں دفن ہو اور اسکرین کی مصنوعی روشنی میں اپنا گمشدہ وجود تلاش کرتا پھرے؟ اگر قافلۂ انسانیت اسی اندھی کھائی کی طرف بڑھتا رہا تو یہ ترقی کے نام پر تاریخ کی بدترین تہذیبی خودکشی ہوگی۔ انسان کا شرف تمام حدود مٹا دینے میں نہیں، بلکہ اپنی خواہشات کی لگام تھامنے، اپنے اعمال کا حساب دینے اور اپنی بنائی ہوئی اس جدید دنیا کو کسی اعلیٰ اخلاقی مقصد کے تابع رکھنے میں ہے۔ اب فیصلہ وقت کے ہاتھ میں ہے کہ آنے والا انسان اپنی تخلیق کردہ اس دنیا کا حکمران رہے گا، یا ایک دن اسی ڈیجیٹل قید خانے میں سسک سسک کر اپنے ہی وجود کا معنی تلاش کرتا مر جائے گا۔
مزید پڑھیں





