افغانستان سے تجارت وہاں کی دہشت گردی کے باعث بند ہے، قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جام کمال

وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ افغانستان سے تجارت وہاں کی دہشت گردی کے سبب بند ہے، پاکستان بار بار افغانستان کو یہ شواہد پیش کررہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصدق ملک ایک کثیر جہتی انتظام کے تحت بھارت گئے ہیں، پاکستان کا واضح موقف کہ لاء اینڈ آرڈر اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا لہذا پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت سے اہم نیشنل سیکیورٹی کا معاملہ ہے۔پاکستان جان بوجھ کر کسی ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرتا، بھارت پہلے کشمیر کے معاملے پر بات کرے، پاکستان تجارت کے لیے تیار ہے۔
جام کمال نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے پورے ملک میں بحث چل رہی ہے، سیاسی جماعتیں انتظامی یونٹس اور نئے صوبے بنانے پر اپنا اپنا موقف پیش کررہی ہیں، نئے صوبوں کے قیام پر وزیراعظم جو کہیں گے اس پر عمل کرنے کا پابند ہوں۔
گندم کی دستیابی کا معاملہ صوبائی حکومتوں کا ہے، وفاق صوبائی حکومتوں کی ڈیمانڈ پر پاسکو سے گندم فراہم کرتا ہے، صوبائی حکومتیں گندم کے معاملے پر اعداد و شمار کا از سرے نو جائزہ لیں، صوبائی حکومتوں کے پاس گندم کے معاملے پر صحیح ڈیٹا موجود نہیں ہے۔
وزیر تجارت نے کہا کہ فوڈ ایگ پاکستان کی زرعی صلاحیت کو دنیا کو دکھانے کا ایک پلیٹ فارم ہے، یہ سال دنیا کے لئے چیلنجنگ رہا ہے، خیال تھا کہ عالمی حالات میں عالمی خریداروں کی حاضری کم ہوگی لیکن پاکستان کی فوڈ صلاحیت دیکھنے پہلے سے زیادہ لوگ آئے ہیں دنیا کے مختلف ممالک کے وزیر تجارت اور دیگر مہمان بھی آئے ہیں۔یہ پرائیوٹ سیکٹر کی نمائش ہے دنیا کے آٹھ مہینے میں فریٹ چارجز، انشورنس اور دیگر لاگت بڑھی ہیں، نمائش میں لوگوں کا دنیا سے آنا اس مقصد کی نشاندہی کرتی ہے کہ وہ تجارت کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں




