کاش، میں بھی وہاں ہوتی، تحریر: ایس اے شازِم
نقطہ نظر
ہماری زندگی میں کچھ فاصلے انسان اپنی مرضی سے اختیار نہیں کرتا، حالات اسے ان راستوں پر لے آتے ہیں جہاں بظاہر زندگی کی تمام آسائشیں موجود ہوتی ہیں، مگر دل کے کسی کونے میں ایک ادھورا پن ہمیشہ سانس لیتا رہتا ہے۔ دیارِ غیر میں رہنا بھی کچھ ایسا ہی تجربہ ہے۔ بظاہر ایک مکمل زندگی، شریکِ حیات کا ساتھ، گھر کی سہولتیں اور بہتر مستقبل کی امید لیکن جب اپنے گھر میں کوئی خوشی دستک دیتی ہے تو احساس ہوتا ہے کہ زندگی کی سب سے بڑی دولت تو وہی لوگ تھے جن سے ہم ہزاروں میل دور آ بیٹھے ہیں۔
آج میری بہن کی رخصتی ہے۔۔۔۔!
یہ جملہ لکھنا جتنا آسان ہے، اسے محسوس کرنا شاید اتنا ہی مشکل۔ ایک طرف دل میں خوشی ہے کہ میری بہن اپنی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز کرنے جا رہی ہے، اس کے خوابوں کو ایک نئی تعبیر ملنے والی ہے، اس کے لیے ایک نیا گھر، نئے رشتے اور نئی ذمہ داریاں منتظر ہیں۔ دوسری طرف دل میں ایک ایسی کسک ہے جنہیں لفظوں میں بیان کرنا میرے لیے ناممکن سا ہے۔
دل چاہتا ہے کہ آج میں بھی اپنے گھر میں موجود ہوتی۔ بہن کے گرد بیٹھ کر اس کی تیاری میں ہاتھ بٹاتی، اس کے ساتھ ہنستی، اسے چھیڑتی، اس کی خوشیوں میں شریک ہوتی۔ کبھی اس کے لباس کو سنوارتی تو کبھی اس کے چہرے پر بکھری مسکراہٹ کو دیکھتی اور جب رخصتی کا وقت آتا تو اسے سینے سے لگا کر وہ سب باتیں کہتی جو شاید برسوں سے دل میں جمع ہیں۔
مگر افسوس! آج میرے اور میرے گھر کے درمیان صرف چند میل نہیں بلکہ سمندر اور سرحدوں کا فاصلہ حائل ہے۔
میں اپنی ازدواجی زندگی میں خوش باش دیارِ غیر میں آباد ہوں۔ زندگی کی مصروفیات اور حالات نے ہمیں یہاں لا بسایا ہے لیکن میرا ایک سوال ہے کہ کیا انسان جہاں رہنے لگے، اس کا دل بھی وہیں آباد ہو جاتا ہے؟
شاید نہیں! دل تو آج بھی اسی گھر میں رہتا ہے جہاں بچپن کی یادیں ہیں، جہاں بہنوں کی ہنسی گونجتی تھی، جہاں چھوٹی چھوٹی باتوں پر ناراضگی ہوتی اور پھر چند لمحوں میں محبت ساری خفگی کو پس پشت ڈال کر سب گلے شکوے بھلا دیتی تھی۔
آج جب گھر والے بہن کی رخصتی کی تیاریوں میں مصروف ہوں گے، جب اس کے ہاتھوں پر مہندی سجی ہوگی، جب گھر میں مبارک بادوں اور دعاؤں کی آوازیں گونج رہی ہوں گی، تب شاید میں یہاں اپنے موبائل کی اسکرین پر اس کے چہرے کو تلاش کر رہی ہوں گی، ویڈیو کال پر اسے دیکھ کر مسکرانے کی کوشش کروں گی، مگر دل جانتا ہے کہ اسکرین کے اس پار موجود بہن کو گلے لگانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو سکتی۔
سب سے زیادہ تکلیف اس بات کی نہیں کہ میں ایک شادی میں شریک نہیں ہو پا رہی، بلکہ اس بات کی ہے کہ میری بہن کی زندگی کا اتنا اہم دن میری موجودگی کے بغیر گزر رہا ہے۔ وہ لمحے جو شاید دوبارہ کبھی لوٹ کر نہیں آئیں گے، جنہیں میں اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتی تھی، آج صرف تصویروں اور ویڈیوز کی صورت میں میرے حصے میں آئیں گے۔
بہن کی رخصتی کے ساتھ والدین کی تنہائی کا غم بھی دل میں عجیب بے چینی پیدا کر رہا ہے۔ دیکھا جائے تو پردیس میں رہنے والوں کے حصے میں اکثر ایسی ہی خوشیاں آتی ہیں۔ اپنوں کی خوشیوں کی خبریں ملتی ہیں، تصویریں موصول ہوتی ہیں، مبارک بادیں دی جاتی ہیں، مگر ان لمحوں کو جینے کی حسرت دل میں رہ جاتی ہے۔ کبھی کسی عزیز کی شادی، کبھی کسی بچے کی پیدائش اور کبھی کسی کی سالگرہ، ہر موقع پر یہی احساس ہوتا ہے کہ کاش ہم بھی وہاں ہوتے!
آج میری بہن کے اس خوبصورت ترین دن پر میری دعا ہے کہ اس کی زندگی محبت، احترام، سکون اور خوشیوں سے بھر جائے۔ اسے ایسا شریکِ سفر ملے جو اس کی مسکراہٹ کی قدر کرے، اس کے احساسات کو سمجھے اور اسے ہمیشہ عزت و احترام اور محبت دے۔ آمین
بعض اوقات پردیس انسان کو بہت کچھ دے دیتا ہے، مگر اپنے لوگوں کی خوشیوں میں بروقت شریک ہونے کا حق چھین لیتا ہے اور بہن کی رخصتی پر دور بیٹھی میرے جیسی ناجانے کتنے بہن، بھائی ہی جانتے ہیں کہ خوشی کے اس شور میں ان کے دل کے اندر کتنی خاموشی آباد ہے۔
بس دل میں ایک کاش باقی رہ جاتا ہے کہ کاش! آج فاصلے اتنے بے رحم نہ ہوتے۔۔۔۔۔۔!
مزید پڑھیں




