پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح،تحریر: سائرہ علی

نقطہ نظر

خاندان کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی اکائی ہوتا ہے اور اس مضبوط عمارت کی اولین اینٹ نکاح کے پاکیزہ بندھن سے رکھی جاتی ہے۔ جب دو انسان اس رشتے میں منسلک ہوتے ہیں تو ان کے ساتھ دو خاندان، دو تہذیبیں اور آنے والی نسلوں کا مستقبل بھی جڑ جاتا ہے۔ بدقسمتی سے، حالیہ برسوں میں ہمارے پیارے وطن پاکستان میں اس مقدس بندھن کے ٹوٹنے یعنی طلاق اور خلع کی شرح میں جس تیزی سے اضافہ ہوا ہے، وہ نہ صرف لمحہ فکریہ ہے بلکہ ہمارے معاشرتی ڈھانچے کے لیے ایک خطرے کی گھنٹی بھی ہے۔ ایک ایسا معاشرہ جس کی بنیادیں اسلامی اقدار، مشرقی روایات، ایثار، قربانی اور صبر و تحمل پر استوار تھیں، آج وہاں معمولی معمولی باتوں پر گھر اجڑتے دکھائی دیتے ہیں۔ عدالتوں کے برآمدوں میں لگی ہوئی قطاریں، خلع کے بڑھتے ہوئے مقدمات اور ٹوٹتے ہوئے گھرانے اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ ہم کہیں نہ کہیں اپنی اصل راہ سے بھٹک چکے ہیں۔ پہلی وجہ، نکاح کے اصل مقصد کو فراموش کر دینا: اگر ہم اس سنگین مسئلے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کریں تو ہمیں معاشرتی، نفسیاتی، معاشی اور دینی کئی پہلو نظر آتے ہیں۔ سب سے پہلی اور بنیادی وجہ دینی تعلیمات سے دوری اور نکاح کے اصل مقصد کو فراموش کر دینا ہے۔ اسلام نے نکاح کو محض ایک معاہدہ نہیں بلکہ ایک میثاق غلیظ یعنی مضبوط عہد قرار دیا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالی نے میاں بیوی کے رشتے کو سکون، محبت اور رحمت کا سرچشمہ قرار دیا ہے۔ سورۃ الروم، (آیت نمبر 21) میں فرمایا گیا کہ "اور اس نے تمہارے درمیان محبت اور رحمت پیدا کر دی"۔ لیکن آج ہم نے اس رشتے کو انا، ضد اور طاقت کے اظہار کا میدان بنا لیا ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں بہترین ازدواجی زندگی گزارنے کے سنہری اصول عطا فرمائے ہیں۔ صحیح بخاری (حدیث نمبر 3331) اور صحیح مسلم ( حدیث نمبر 1468) کی متفق علیہ حدیث ہے کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، عورتوں کے ساتھ بھلائی کرنے کی وصیت قبول کرو، کیونکہ عورت پسلی سے پیدا کی گئی ہے، اور پسلی میں سب سے زیادہ ٹیڑھا حصہ اس کا اوپر والا حصہ ہوتا ہے۔ اگر تم اسے بالکل سیدھا کرنے کی کوشش کرو گے تو اسے توڑ دو گے، اور اگر اسے یونہی چھوڑ دو گے تو وہ ٹیڑھی ہی رہے گی، پس عورتوں کے بارے میں بھلائی کی نصیحت قبول کرو۔ اسی حقیقت کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک اور حدیث میں یوں بیان فرمایا، جو صحیح مسلم (حدیث نمبر 1469) میں ہے کہ" کوئی مومن مرد کسی مومنہ عورت سے نفرت نہ کرے، اگر اس کی ایک عادت ناپسند ہے تو دوسری پسندیدہ ہوگی"۔ دوسری وجہ، عدم برداشت اور جلد بازی ہمارے معاشرے میں طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح کی ایک بہت بڑی وجہ عدم برداشت اور جلد بازی ہے۔ آج کے دور میں صبر و تحمل کا مادہ تقریبا ختم ہو چکا ہے۔ نہ مرد جھکنا چاہتا ہے، نہ عورت سننا چاہتی ہے۔ چھوٹی چھوٹی باتوں کو انا کا مسئلہ بنا لیا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا نے توقعات کو آسمان پر پہنچا دیا ہے، جہاں ہر شخص اپنی زندگی کا موازنہ دوسروں کی سجی سنوری تصویروں سے کرتا ہے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی لیے فرمایا، جو جامع ترمذی (حدیث نمبر3895 )اور سنن ابن ماجہ (حدیث نمبر 1977) میں ہے کہ "تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے سب سے بہتر ہے، اور میں اپنے گھر والوں کے لیے تم سب سے بہتر ہوں۔ اصل کردار کا امتحان باہر کی دنیا میں نہیں، گھر کی چار دیواری میں ہوتا ہے۔ تیسری وجہ، خاندانوں کی بے جا مداخلت اور والدین کو مقام نہ دینا طلاق کی ایک بڑی وجہ خاندانوں کی بے جا مداخلت بھی ہے۔ جب تیسرا شخص ہر فیصلے میں شامل ہو جائے، تو دو انسانوں کا رشتہ کبھی پروان نہیں چڑھ سکتا۔

لیکن اس کا دوسرا پہلو اس سے بھی زیادہ اہم ہے۔ گھریلو ناچاقیوں کا آدھے سے زیادہ مسئلہ اس وقت خود بخود حل ہو جائے جب ہر فریق دوسرے کے والدین کو وہی مقام دے جو وہ اپنے والدین کے لیے چاہتا ہے۔ بیوی اپنے شوہر کے والدین کو اپنے والدین جیسی عزت دے، اور شوہر اپنی بیوی کے والدین کو اپنے والدین جیسا احترام دے، تو ساس، سسر اور بہو کے جھگڑے خود بخود ختم ہو جائیں۔ رشتہ صرف دو افراد کا نہیں ہوتا، دو خاندانوں کا ہوتا ہے۔ جب عزت دو طرفہ ہو جائے تو گھر امن کا گہوارہ بن جاتا ہے، اور جب ایک طرفہ ہو جائے تو وہی گھر میدان جنگ بن جاتا ہے۔ چوتھی وجہ، ذمہ داری سے فرار: ایک اور وجہ ذمہ داری سے فرار ہے۔ مرد سمجھتا ہے کہ نان نفقہ دے دینا ہی کافی ہے، اور عورت سمجھتی ہے کہ گھر سنبھال لینا ہی سب کچھ ہے، حالانکہ رشتہ صرف ذمہ داریوں کا نام نہیں، احساس کا نام ہے۔ جب میاں بیوی ایک دوسرے کی تھکن، دکھ اور تنہائی کو محسوس کرنا چھوڑ دیں، تو رشتہ بوجھ بن جاتا ہے۔ پانچویں وجہ، معاشی دباؤ، مہنگائی اور مادیت پرستی: مہنگائی، بے روزگاری اور وسائل کی کمی نے گھروں کے سکون کو غارت کر دیا ہے۔ جب بنیادی ضروریات پوری نہیں ہوتیں تو گھر میں ذہنی تناؤ، چڑچڑاپن اور جھگڑے جنم لیتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہماری شادیوں میں دکھاوے اور اسراف نے بھی بہت بگاڑ پیدا کیا ہے۔ شادی سے پہلے جھوٹی شان و شوکت دکھائی جاتی ہے، بڑی بڑی توقعات وابستہ کر لی جاتی ہیں، اور جب شادی کے بعد اصل معاشی حالات سامنے آتے ہیں تو مایوسی جنم لیتی ہے۔ اسلام نے ہمیں قناعت اور سادگی کا درس دیا ہے۔ صحیح بخاری (حدیث نمبر 6446 )اور صحیح مسلم (حدیث نمبر 1051) کی متفق علیہ حدیث ہے کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، مال و دولت کی کثرت اصل امیری نہیں ہے، بلکہ اصل امیری تو دل کا غنی یعنی بے نیاز اور مطمئن ہونا ہے۔ جب دلوں میں قناعت نہ ہو تو محلوں میں رہنے والے بھی سکون کو ترستے ہیں اور معمولی باتوں پر طلاق کی نوبت آ جاتی ہے۔ چھٹی وجہ، غلط بنیادوں پر رشتوں کا انتخاب: ہمارے معاشرے میں رشتے طے کرتے وقت دین داری، اخلاق، کردار اور مزاج کی ہم آہنگی کے بجائے صرف دولت، سماجی اسٹیٹس اور ظاہری خوبصورتی کو ترجیح دی جاتی ہے، جس کی وجہ سے بعد میں ذہنی ہم آہنگی پیدا نہیں ہو پاتی۔ اسی طرح جدید دور میں عورتوں کی معاشی خودمختاری ایک مثبت پیش رفت ضرور ہے، لیکن باہمی مشاورت اور ذمہ داریوں کی تقسیم کے فقدان کی وجہ سے یہ بھی بعض اوقات تنازعات کا باعث بن رہی ہے۔ اسلام نے مرد کو قوام یعنی گھر کا سربراہ اور کفیل مقرر کیا ہے، جس کا مطلب حاکمیت یا ظلم نہیں بلکہ ذمہ داری، تحفظ اور نگہبانی ہے۔ دوسری طرف عورت کو گھر کی ملکہ اور سکون کا باعث بنایا گیا ہے۔ جب دونوں فریق اپنے اپنے دائرہ کار اور حقوق و فرائض کو سمجھنے کے بجائے ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑے ہو جائیں تو گھر میدان جنگ بن جاتا ہے۔ صحیح بخاری (حدیث نمبر 893 )اور صحیح مسلم (حدیث نمبر 1829) "حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، تم میں سے ہر ایک نگہبان ہے اور ہر ایک سے اس کی رعیت کے بارے میں باز پرس ہوگی۔ مرد اپنے گھر والوں کا نگہبان ہے اور عورت اپنے شوہر کے گھر کی نگہبان ہے"۔ یہ حدیث ہمیں احساس دلاتی ہے کہ ازدواجی زندگی حقوق مانگنے کا نہیں بلکہ فرائض ادا کرنے اور جوابدہی کے احساس کے ساتھ جینے کا نام ہے۔ جب اختلاف ہو تو راستہ کیا ہے

اسلام نے اختلاف کو طلاق کا جواز نہیں بنایا، بلکہ اصلاح کا حکم دیا ہے۔ (سورۃ النساء، آیت نمبر 35) میں فرمایا گیا کہ ایک ثالث اس کے خاندان سے اور ایک ثالث اس کے خاندان سے مقرر کرو۔ یعنی پہلے سمجھاؤ، پھر صلح کراؤ، پھر ثالثی کرو۔ طلاق آخری حل ہے، پہلا نہیں۔طلاق کی سب سے بڑی قیمت بچے چکاتے ہیں: طلاق کے بعد پیدا ہونے والے اثرات صرف دو افراد تک محدود نہیں رہتے، بلکہ اس کی سب سے بڑی قیمت معصوم بچوں کو چکانی پڑتی ہے۔ ماں باپ کی علیحدگی بچوں کی شخصیت کو مسخ کر دیتی ہے۔ وہ احساس کمتری، نفسیاتی الجھنوں اور عدم تحفظ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ایک ٹوٹا ہوا گھر معاشرے کو ایسے افراد دیتا ہے جو خود بھی رشتوں پر اعتماد کھو بیٹھتے ہیں، اور یوں یہ سلسلہ نسل در نسل آگے بڑھتا رہتا ہے۔ حل کیا ہے: اس سنگین معاشرتی مرض کے تدارک کے لیے ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔ سب سے پہلے ہمیں نکاح سے قبل اور بعد میں نوجوانوں کی دینی و اخلاقی تربیت کا اہتمام کرنا ہوگا۔ ہمارے تعلیمی اداروں، منبر و محراب اور میڈیا کو چاہیے کہ وہ صرف طلاق کے مسائل بیان کرنے کے بجائے کامیاب ازدواجی زندگی کے سنہری اصولوں کو عام کریں۔ رشتے طے کرتے وقت مال و دولت اور ظاہری حسن کے بجائے دین داری، اخلاق اور کردار کو ترجیح دی جائے، جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تلقین فرمائی ہے۔ گھروں میں معمولی اختلافات کی صورت میں فورا طلاق یا خلع کا راستہ اپنانے کے بجائے قرآن مجید کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق دونوں خاندانوں کے سمجھدار بزرگوں کو ثالث بنا کر صلح کی کوشش کرنی چاہیے۔

ہمیں کیسے گھر چاہئیں: ہمیں ایسے گھر تعمیر کرنے کی ضرورت ہے جہاں عورت کو اپنی عزت کے لیے آواز بلند نہ کرنی پڑے، مرد کو اپنی ذمہ داریوں کے بوجھ تلے تنہا محسوس نہ ہو، بچوں کو والدین کے جھگڑوں میں اپنی معصومیت قربان نہ کرنی پڑے اور رشتے خوف کے بجائے محبت کی بنیاد پر قائم ہوں۔ کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ معاشرے صرف طلاقوں کی تعداد بڑھنے سے کمزور نہیں ہوتے، بلکہ اس وقت بھی کمزور ہوتے ہیں جب گھروں کے اندر رہنے والے انسان ایک دوسرے کے لیے اجنبی بن جاتے ہیں۔ ہمیں صرف نکاح قائم رکھنے کی نہیں بلکہ نکاح کے تقدس، اس کے مقاصد اور اس سے وابستہ انسانی حقوق کی حفاظت کرنے کی ضرورت ہے۔ گھر بسانے کے لیے دو انسانوں کا ساتھ ہونا کافی نہیں، دو انسانوں کا ایک دوسرے کو سمجھنا، عزت دینا اور ذمہ داری نبھانا بھی ضروری ہے اور اگر کبھی جدائی ناگزیر ہو جائے تو کم از کم اتنی انسانیت ضرور باقی رہنی چاہیے کہ دو بچھڑنے والے ایک دوسرے کی زندگی کو مزید اذیت ناک نہ بنائیں۔ شاید یہی وہ شعور ہے جس کی آج ہمارے معاشرے کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ رشتے کانچ کے برتنوں کی طرح نازک ہوتے ہیں، جنہیں سنبھالنے کے لیے محبت، احترام، درگزر اور صبر کے نرم ہاتھوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر ہم نے آج اپنے گھروں کو ٹوٹنے سے نہ بچایا تو کل ہمارا پورا معاشرتی نظام بکھر کر رہ جائے گا۔ اللہ تعالی ہمیں دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کو سمجھنے، ان پر عمل کرنے اور اپنے گھروں کو امن و سکون کا گہوارہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔