دنیا میں کچھ مخلوقات ایسی ہیں جن کے بارے میں ہم نے صرف سنا ہے، دیکھا نہیں۔ مثلاً جنات! ان کے بارے میں بہت کچھ پڑھا، سنا اور دوسروں کے تجربات بھی سنے، مگر خود کبھی سامنا نہیں ہوا۔ شاید اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ جنات کو ہماری نظروں سے اوجھل رکھا گیا ہے۔
لیکن پچھلے کچھ عرصے سے مجھے ایک نئی قسم کی مخلوق کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ یہ جنات تو نہیں، مگر کچھ کچھ "جناتی انسان" ضرور معلوم ہوتے ہیں۔
فرق صرف اتنا ہے کہ جنات نظر نہیں آتے، جبکہ یہ انسان نظر تو آتے ہیں، مگر ضرورت کے وقت غائب ہو جاتے ہیں۔
جنات کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ کیا کھاتے ہیں، کیا پیتے ہیں، کہاں رہتے ہیں اور کب نمودار ہوتے ہیں، یہ سب انسانوں کے لیے ایک معمہ ہے۔ مگر بعض انسان بھی اس معاملے میں جنات سے کم نہیں۔
مثلاً آپ کسی کے ساتھ بیٹھے ہوں اور کھانے کا وقت ہو جائے۔ آپ بڑے خلوص سے پوچھیں:
"آپ بھی کچھ لیں گے؟"
جواب آئے گا:
"نہیں نہیں، مجھے بالکل بھوک نہیں۔ میں تو کچھ کھاتا ہی نہیں!"
آپ کہیں گے:
"اچھا، ٹھیک ہے۔"
پھر کھانا میز پر آئے گا۔
اور بس!
وہی شخص اچانک ایسے متحرک ہوگا جیسے ابھی ابھی کسی جناتی دنیا سے خصوصی تربیت لے کر آیا ہو۔ پہلے ایک لقمہ، پھر دوسرا، پھر ذرا سا سالن، پھر روٹی، پھر سلاد، پھر میٹھا…
آپ حیرت سے اس کا چہرہ دیکھیں گے اور دل میں کہیں گے:
"یہ وہی انسان ہے جس نے پانچ منٹ پہلے کہا تھا کہ مجھے بھوک نہیں!"
اگر ہمت کرکے پوچھ لیا جائے:
"آپ تو کہہ رہے تھے کہ کچھ نہیں کھائیں گے؟"
تو نہایت معصومیت سے جواب ملے گا:
"ارے! بس تھوڑا سا لے رہا ہوں۔"
یہ "تھوڑا سا" بعض اوقات اتنا ہوتا ہے کہ میز پر بیٹھے باقی لوگ سوچنے لگتے ہیں کہ شاید کھانا ہمارے لیے نہیں، ان کے لیے ہی آیا تھا!
لیکن جناتی انسانوں کا کمال صرف کھانے پینے تک محدود نہیں۔
کچھ انسان ایسے بھی ہوتے ہیں جو خوشی کے وقت تو آپ کو دور سے ہی نظر آ جاتے ہیں، مگر مشکل وقت میں انہیں ڈھونڈنے کے لیے باقاعدہ تفتیشی ٹیم تشکیل دینا پڑتی ہے۔
آپ کی کامیابی ہو تو فوراً پیغام:
"بہت بہت مبارک ہو! ہمیں تو پہلے ہی معلوم تھا کہ آپ بہت آگے جائیں گی۔"
آپ کی کوئی اچھی خبر ہو تو:
"ہمیں آپ پر فخر ہے!"
لیکن جیسے ہی زندگی آپ کو کسی مشکل موڑ پر لے آئے، فون ملائیں تو جواب نہیں۔
پیغام بھیجیں تو جواب نہیں۔
دوسرا پیغام بھیجیں تو پھر جواب نہیں۔
تیسرا پیغام بھیجیں تو کچھ دیر بعد جواب آتا ہے:
"اوہ! ابھی آپ کا میسج دیکھا۔"
آپ حیران ہو کر موبائل دیکھتے ہیں کہ میسج تو تین دن پہلے بھیجا گیا تھا!
دل چاہتا ہے پوچھیں:
"آپ کا موبائل بھی جناتی دنیا میں تھا یا آپ خود؟"
کچھ لوگ تو ایسے ماہر ہوتے ہیں کہ جب انہیں آپ کی ضرورت ہو تو انہیں آپ کا پورا شیڈول یاد ہوتا ہے۔
"آپ گھر پر ہیں؟"
"جی۔"
"ایک چھوٹا سا کام تھا۔"
وہ "چھوٹا سا کام" کبھی کبھی اتنا بڑا نکلتا ہے کہ آپ کو لگتا ہے شاید آپ نے زندگی میں کام ہی اسی شخص کے لیے کرنے تھے۔
لیکن جب آپ کو ان کی ضرورت پڑ جائے تو:
"بس آج کل ذرا مصروف ہوں۔"
آپ کہیں:
"کل؟"
"کل بھی مصروف ہوں۔"
"پرسوں؟"
"دیکھتے ہیں۔"
اور پھر اچانک وہ شخص اتنی دور چلا جاتا ہے کہ لگتا ہے شاید زمین پر نہیں، کسی اور سیارے پر منتقل ہو گیا ہے۔
یہ بھی ایک عجیب قسم کا جناتی پن ہے۔
کچھ لوگ آپ کے سامنے کچھ اور ہوتے ہیں اور آپ کے پیچھے کچھ اور۔
سامنے آئیں گے تو:
"آپ جیسا مخلص انسان آج کل کہاں ملتا ہے!"
آپ وہاں سے ہٹیں گے تو:
"ارے بھائی! اس سے بڑا مطلبی انسان میں نے نہیں دیکھا۔"
یہ تبدیلی اتنی تیز ہوتی ہے کہ اگر جنات بھی یہ منظر دیکھ لیں تو شاید وہ بھی اپنی مخلوق پر نظرِ ثانی کرنے لگیں۔
پھر کچھ لوگ ایسے ہیں جو آپ کی ہر بات پر کہتے ہیں:
"ہم تو آپ کے ساتھ ہیں۔"
لیکن جب واقعی ساتھ کی ضرورت پڑے تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ صرف جملے کے ساتھ تھے، آپ کے ساتھ نہیں۔
شاید اسی لیے اب مجھے لگتا ہے کہ جنات پر تحقیق سے زیادہ ضرورت انسانی جنات پر تحقیق کی ہے۔
کیونکہ جنات کا نظر نہ آنا تو سمجھ میں آتا ہے، مگر انسان کا سامنے موجود ہوتے ہوئے بھی نظر نہ آنا زیادہ حیران کن ہے۔
زندگی میں اصل پہچان یہ نہیں کہ کون ہماری خوشیوں میں شریک ہوتا ہے۔ خوشی تو ویسے بھی سب کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ اصل پہچان تو تب ہوتی ہے جب انسان کی زندگی میں اندھیرا اترے، راستے مشکل ہوں اور اسے کسی ایسے شخص کی ضرورت ہو جو صرف اتنا کہہ دے:
"فکر نہ کرو، میں ہوں۔"
اور یہی دو لفظ بعض اوقات پوری دنیا کی دولت سے زیادہ قیمتی ہوتے ہیں۔
کیونکہ کچھ لوگ واقعی انسان ہوتے ہیں، اور کچھ صرف شکل سے انسان ہوتے ہیں۔
کچھ لوگ کھانے کے وقت بھوکے نہیں ہوتے، مگر پلیٹ دیکھ کر ان کی روح جاگ اٹھتی ہے۔
کچھ لوگ مشکل وقت میں مصروف نہیں ہوتے، بس آپ کے لیے دستیاب نہیں ہوتے۔
کچھ لوگ آپ کی کامیابی میں سب سے آگے کھڑے ہوتے ہیں، مگر آپ کے دکھ میں کہیں دکھائی نہیں دیتے۔
اور کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو نہ دعویٰ کرتے ہیں، نہ شور مچاتے ہیں، نہ اپنی محبت کا اشتہار لگاتے ہیں… بس ضرورت کے وقت خاموشی سے آپ کے پاس کھڑے ہوتے ہیں۔
فرق شاید یہی ہے۔
جنات نظر نہیں آتے،
مگر بعض انسان وقتِ ضرورت نظر نہیں آتے۔
اور شاید یہی ہماری دنیا کے سب سے دلچسپ، سب سے پراسرار اور سب سے زیادہ پائے جانے والے—
"جناتی انسان" ہیں!.
مزید پڑھیں






