قصور،رفیع ٹاؤں میں مسلح شخص کی دھمکیاں،درخواست کے باوجود کاروائی نہ ہو سکی

قصور رفیع ٹاؤن قادرآباد میں مبینہ اسلحہ بردار شخص کی دھمکیوں اور غلاظت پھیلانے کا معاملہ، تحریری درخواست کے باوجود کارروائی نہ ہو سکی، شہریوں کا ڈی سی اور ڈی پی او قصور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
رفیع ٹاؤن، شاہ سٹار کالونی، قادرآباد میں ظہیر نامی شخص کے خلاف اہلِ علاقہ نے مبینہ غنڈہ گردی، اسلحے کے زور پر دھمکیاں دینے اور رہائشی آبادی میں جانور رکھ کر گندگی و تعفن پھیلانے کے سنگین الزامات عائد کر دیے۔ شہریوں کے مطابق مذکورہ شخص کو منع کرنے پر مبینہ طور پر پستول دکھا کر دھمکاتا ہے، جبکہ اہلِ علاقہ نے اسے مبینہ ریکارڈ یافتہ ملزم بھی قرار دیا ہے۔ اس معاملے پر اہلِ علاقہ کی جانب سے 27 اکتوبر 2026ء کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قصور کو باقاعدہ تحریری درخواست بھی جمع کروائی گئی، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ درخواست جمع ہونے کے باوجود تاحال کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آ سکی۔ جس کے باعث اہلِ علاقہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور، ڈی پی او قصور اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف انکوائری کروائی جائے، مبینہ اسلحہ بردار دھمکیوں اور دیگر شکایات کی تحقیقات کرکے ذمہ دار شخص کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ رہائشیوں کو تحفظ اور انصاف فراہم کیا جا سکے۔





