جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کھڑکی کھلی ہے دروازہ نہیں،تحریر: پیر انتظار حسین مصور

نقطہ نظر

چائے کے ہوٹل پر بیٹھا پاکستان آج ایک عجیب سوال پوچھ رہا ہے۔ دو بہنیں جیل سے باہر آ گئیں، مگر ایک بہن ابھی اندر ہے۔ وکلاء تین گھنٹے اندر بیٹھ کر بات چیت کر کے آ گئے، لیکن بہنوں کو ملنے کی اجازت نہیں ملی۔ آخر یہ ماجرا کیا ہے کیا یہ واقعی نرمی ہے یا محض نرمی کا ایک دکھاوا

چائے کے ہوٹل پر بیٹھا عام آدمی بھلے ہی زیادہ پڑھا لکھا نہ ہو، مگر اسے اتنی سوجھ بوجھ ضرور ہے کہ جب دروازہ کھلتا ہے تو سب باہر آتے ہیں، اور جب صرف کھڑکی کھلتی ہے تو محض تازہ ہوا کا جھونکا آتا ہے، کوئی قیدی باہر نہیں آتا۔ آج بھی بالکل یہی کچھ ہوا ہے کھڑکی ضرور کھلی ہے، لیکن دروازہ ابھی تک بند ہے

سب سے پہلے اس صورتحال کو سمجھنا ضروری ہے کہ اصل میں ہوا کیا ہے۔ پنجاب حکومت نے کوٹ لکھپت جیل میں بند دو بہنوں کی نظر بندی کے احکامات واپس لیے اور وہ رہا ہو گئیں، جبکہ تیسری بہن علیمہ خان بدستور جیل میں ہیں اسی دوران اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ان کے وکلاء کی تین گھنٹے طویل ملاقات بھی کروا دی گئی میری نظر میں یہی ملاقات اس وقت کی سب سے بڑی خبر ہے، کیونکہ گزشتہ کئی مہینوں سے یہی معاملہ سب سے بڑا تنازع بنا ہوا تھا۔ وکلاء کی شکایت تھی کہ ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی اور حکومت کا موقف تھا کہ سب کچھ قانون کے دائرے میں ہو رہا ہے۔ اب اس طویل ملاقات نے اس گرما گرمی کو عارضی طور پر ہی سہی، مگر تھوڑا ٹھنڈا ضرور کر دیا ہے

اب اصل سوال یہ اٹھتا ہے کہ یہ تبدیلی اچانک کیسے رونما ہوئی؟ کیا حکومت کو یکایک رحم آ گیا ہے یا کسی کا دل بدل گیا ہے؟ چائے کے ہوٹل پر بیٹھا آدمی اتنا سادہ لوح نہیں کہ اس بات پر یقین کر لے۔ سیاست کے ایوانوں میں دل نہیں بدلا کرتے، یہاں صرف ضرورتیں اور ترجیحات بدلتی ہیں۔ سیاسی نبض پر ہاتھ رکھنے والوں کا ماننا ہے کہ یہ محض نرمی نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا اشارہ ہے، اور اس کا رخ کسی ایک طرف نہیں بلکہ بیک وقت سب کی جانب ہے۔ ایک طرف تحریک انصاف کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ اگر احتجاج کی شدت میں کمی لائی جائے تو مذاکرات اور ریلیف کا راستہ نکل سکتا ہے۔ دوسری جانب حکمران اتحاد کو بھی یہ باور کروایا گیا ہے کہ معاملات محض کسی ایک حکومت کے اختیار میں نہیں بلکہ وسیع تر قومی مصلحت کے تابع ہیں، جہاں حالات کی نزاکت کے مطابق فضا کو نرم یا سخت کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح عوام کو بھی یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ نظام میں لچک موجود ہے اور خواتین کی رہائی کے ذریعے خیر سگالی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔

یہاں ماضی کے ایک حوالے کو جوڑنا بھی ضروری ہے۔ جنوری دو ہزار پچیس میں عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں اور وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے موجودہ نظام کو جمہوریت کے لبادے میں مارشل لا قرار دیا تھا اور کسی بھی این آر او سے صاف انکار کیا تھا۔ اس وقت ان کا شکوہ تھا کہ انہیں تنہا کر کے دبایا جا رہا ہے اور ملاقاتوں پر پہرے ہیں۔ آج نومبر دو ہزار چھبیس میں آ کر وہی ملاقات بھی ممکن ہوئی اور دو بہنوں کو رہائی بھی مل گئی۔ گویا کل جو دروازے مکمل مقفل تھے، آج ان میں ہلکی سی درز ضرور پیدا ہوئی ہے۔

اب ذرا اس تصویر کے دوسرے رخ یعنی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کی سیاست پر نظر ڈالتے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ان کی سیاست کا آغاز بھی عمران خان سے ہوتا ہے اور اختتام بھی انہی پر جا کر ٹھہرتا ہے ان کی ہر تقریر، ہر بیان اور ہر جلسے کا محور صرف ایک ہی شخصیت ہوتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس طرزِ سیاست کا نقصان خود ان کی اپنی جماعت کو ہو رہا ہے، کیونکہ جب آپ ہر لمحہ اپنے مخالف کا نام لیتے ہیں تو آپ اسے کمزور نہیں کرتے بلکہ اس کا قد مزید بڑا کر دیتے ہیں پنجاب میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، سڑکیں بن رہی ہیں اور عوامی منصوبے چل رہے ہیں، مگر بدقسمتی سے عوام کو وہ کام یاد نہیں رہتے۔ لوگوں کے ذہنوں میں صرف یہی نقش رہتا ہے کہ آج مریم صاحبہ نے عمران خان کے خلاف کیا بیان دیا اس کے برعکس وزیراعظم شہباز شریف صاحب کا انداز بالکل مختلف ہے۔ وہ نہ تو شور مچاتے ہیں اور نہ ہی تقریروں میں گرجتے برستے ہیں، بلکہ خاموشی کے ساتھ پسِ پردہ اپنا کام جاری رکھتے ہیں۔ میرا تجزیہ ہے کہ سیاست کے اس شطرنج پر وہی شخص کسی دن خاموشی سے کوئی بڑی بازی پلٹ جائے گا، کیونکہ جو لوگ شور کم مچاتے ہیں ان کی خبر بھلے دیر سے آئے، مگر ہوتی سب سے بڑی ہے۔

جہاں تک سیاسی ماہرین اور رہنماؤں کے بیانات کا تعلق ہے، تو وہ بھی اسی صورتحال کی تصدیق کرتے نظر آتے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ بشریٰ بی بی اور بہنوں کی رہائی ممکن ہے اور حکومت انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، تاہم عمران خان کو رہائی چڑھائی سے نہیں بلکہ عدالتوں سے ہی ملے گی۔ سینئر تجزیہ کار مظہر عباس بھی اس بات پر متفق ہیں کہ فی الحال عمران خان کے لیے کسی بڑے ریلیف کا امکان نہیں، البتہ بہنوں کی رہائی سے قانونی معاملات میں کچھ آسانی ضرور پیدا ہوگی۔ ادھر سہیل وڑائچ نے بھی پہلے ہی اس جانب اشارہ کر دیا تھا کہ خواتین کی رہائی اور منتقلی تو ہو سکتی ہے مگر خان صاحب کی رہائی ابھی دور کی بات ہے۔ جبکہ خواجہ سعد رفیق ان ملاقاتوں کو آئینی ترامیم، نئے صوبوں اور کسی بڑے سیاسی بندوبست کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔ گویا تمام تجزیہ کار گھوم پھر کر وہی بات کر رہے ہیں جو چائے کے ہوٹل والا سادہ لفظوں میں کہہ چکا ہے کہ صرف کھڑکی کھلی ہے، دروازہ نہیں

مگر اس ساری کھینچا تانی میں اصل نقصان کس کا ہو رہا ہے؟ بلاشبہ اس کا سب سے بڑا نقصان پاکستان کو پہنچ رہا ہے۔ جب ایک سابق وزیراعظم پابندِ سلاسل ہو، اس کی بہنیں جیلوں میں ہوں اور وکلاء کو ملاقات کے لیے عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹانے پڑیں تو بیرونی دنیا میں ملک کا کیا تاثر جائے گا؟ کوئی بھی سرمایہ کار ایسے ملک میں سرمایہ لگانے کا خطرہ مول نہیں لیتا جہاں قانون کی بالادستی پر سوالیہ نشان ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کو بھی اس صورتحال سے کوئی سیاسی فائدہ نہیں ہو رہا، کیونکہ مخالف کو جیل میں رکھ کر بھی ہر وقت اس کا تذکرہ کرنا دراصل اسے سیاسی طور پر زندہ رکھنے کے مترادف ہے۔ عمران خان جیل کے اندر بیٹھ کر بھی شہ سرخیوں میں ہیں اور حکومت باہر بیٹھ کر صرف ان کا جواب دینے میں الجھی ہوئی ہے۔ یہ صحت مند سیاست نہیں بلکہ ایک ایسا دائرہ ہے جس میں سب گھوم رہے ہیں

اس بحران کا حل یہ نہیں کہ سب کو یکدم چھوڑ دیا جائے۔ حل یہ بھی نہیں کہ سب کو دوبارہ سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے۔ اصل حل صرف یہ ہے کہ قانون کو سب کے لیے یکساں اور غیر جانبدار بنا دیا جائے۔ ملاقاتوں کے لیے ایک مستقل اور واضح اصول طے ہونا چاہیے تاکہ یہ معاملہ کسی کی مرضی یا موڈ کے تابع نہ رہے۔ اگر دو بہنوں کو رہا کر دیا گیا ہے تو تیسری بہن کا معاملہ بھی آئین و قانون کے مطابق جلد نمٹایا جائے، کیونکہ ادھورا انصاف انصاف نہیں بلکہ ایک نیا سوال بن جاتا ہے۔ حکومت کو بھی اب اپنی ترجیحات اور لہجہ بدلنا ہوگا۔ حکمرانوں کا کام مخالفین پر طعنہ زنی نہیں بلکہ اپنی کارکردگی بول کر دکھانا ہوتا ہے۔ اگر مریم نواز صاحبہ اپنی توجہ صرف پنجاب کی تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھیں تو یہ ان کی سیاست کے لیے زیادہ سودمند ہوگا۔ دوسری طرف تحریک انصاف کو بھی یہ حقیقت تسلیم کرنی ہوگی کہ محض احتجاجی شور شرابے سے بند دروازے نہیں کھلا کرتے، راستے ہمیشہ سنجیدہ بات چیت اور لچک سے نکلتے ہیں۔ سب سے بڑھ کر پالیسی سازوں کو بھی اس امر پر غور کرنا ہوگا کہ آیا محض کھڑکی کھول کر اور جزوی ریلیف دے کر ملک کا سیاسی تناؤ ختم کیا جا سکتا ہے یا مستقل استحکام کے لیے دروازہ کھول کر اس مسئلے کا کوئی پائیدار حل نکالنا ناگزیر ہو چکا ہے

چائے کے ہوٹل پر بیٹھا آدمی اپنی پیالی کا آخری گھونٹ بھرتے ہوئے بس یہی کہتا ہے کہ بہنوں کی رہائی اور وکلاء کی ملاقات یقیناً خوش آئند پیش رفت ہے، مگر یہ منزل نہیں بلکہ محض راستے کی پہلی اینٹ ہے اگر ہم یہیں رک گئے تو یہ کھلی ہوئی کھڑکی بھی دوبارہ بند ہو جائے گی اور اگر ہمت کر کے قدم آگے بڑھایا گیا تو شاید بند دروازہ بھی کھل جائے۔ اور سچ تو یہ ہے کہ پاکستان کو اب محض ہوا کے جھونکے کی نہیں بلکہ پورے دروازے کے کھلنے کی ضرورت ہے