پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اقبال کا نسخہ پرواز خواب سے حقیقت تک، تحریر: مہوش بنت بشارت

نقطہ نظر

علامہ محمد اقبال محض ایک شاعر یا روایتی فلسفی نہیں تھے۔ وہ امت مسلمہ کے لیے ایک ایسے مصلح اور دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے مایوسی کے گھپ اندھیروں میں ڈوبی ہوئی قوم کو امید اور حرکت کا لازوال پیغام دیا۔ اقبال کا تصور جہاں محض جمود یا کسی ایک جگہ ٹھہر جانے کا نام نہیں ہے بلکہ وہ تو مسلسل جدوجہد اور فکری ارتقا کا تقاضا کرتا ہے۔ ان کا پورا فلسفہ ایک خاص نسخہ پرواز کے گرد گھومتا ہے جو انسان کو پستی کے اندھیروں سے اٹھا کر ثریا کے ستاروں تک لے جاتا ہے۔ انسانی خوابوں کو حقیقت کا روپ دیتا ہے۔ اقبال کے نزدیک پرواز سے مراد محض پرندوں کی طرح فضا میں اڑنا یا آسمان کی وسعتوں کو ناپنا نہیں ہے۔ یہ انسانی روح اور کردار کی وہ بلند ترین سطح ہے جہاں انسان اپنی اصل طاقت یعنی خودی کو پہچان لیتا ہے۔ انہوں نے قوم کے نوجوانوں کو شاہین سے تشبیہ دی جو ان کے پورے فلسفہ پرواز کا استعارہ ہے۔ شاہین ایک ایسا خوددار پرندہ ہے جو دوسروں کا مارا ہوا شکار نہیں کھاتا، جو اپنا آشیانہ بنا کر ایک جگہ قید نہیں ہوتا اور جو طوفانوں کی تیز و تند ہواؤں سے گھبرانے کے بجائے ان کا مردانہ وار مقابلہ کرتا ہے۔ مزید اونچی فضاؤں کی طرف پرواز کرتا ہے۔ اقبال فرماتے ہیں کہ عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں نظر آتی ہے اس کو اپنی منزل آسمانوں میں۔

اس عظیم پرواز کا پہلا اور بنیادی مرحلہ خواب یعنی ایک بلند مقصد یا اعلی نظریے کا ہونا ہے۔ خواب وہ پوشیدہ قوت ہے جو انسان کے اندر آگے بڑھنے کی تڑپ اور بے چینی پیدا کرتی ہے۔ لیکن یہاں یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ اقبال کا خواب محض خیالی دنیا یا سستی کا نام نہیں ہے۔ وہ ایک ایسے بیدار خواب کے قائل ہیں جو انسان کو راتوں کو سونے نہ دے۔ جو اسے ہر وقت بے چین رکھے اور اسے میدان عمل میں اترنے پر مجبور کرے۔ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ اور آزاد ریاست کا تصور علامہ اقبال کا ایک ایسا ہی عظیم اور تاریخی خواب تھا۔ جس نے ایک غلام اور بے بس قوم کے اندر آزادی کی سچی تڑپ اور پرواز کا بے پناہ حوصلہ پیدا کیا۔

خواب سے حقیقت تک کا یہ کٹھن سفر تب ہی ممکن ہوتا ہے جب اس نسخہ پرواز میں عمل پیہم اور یقین محکم کا رنگ شامل ہو۔ اگر خواب کے ساتھ عمل کی طاقت نہ ہو تو وہ خواب محض ایک سراب اور ذہنی عیاشی بن کر رہ جاتا ہے۔ اقبال نے یہ سچائی واضح کی کہ کائنات میں بقا صرف اسی کی ہے جو متحرک ہے۔ جمود دراصل موت ہے اور حرکت ہی زندگی کی اصل علامت ہے۔ وہ انسان کو اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے کڑی محنت اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتے ہیں کہ

عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی

یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری ہے

خواب کو حقیقت بنانے کے لیے انسان کو اپنی خودی کی تربیت کرنی پڑتی ہے۔ جب فرد کا یقین پختہ ہو جائے اور وہ محنت کو اپنا شعار بنا لے تو کائنات کی بڑی سے بڑی رکاوٹ بھی اس کا راستہ نہیں روک سکتی۔ اقبال کا نسخہ پرواز دراصل غلامی کی زنجیروں کو توڑنے، اپنی صلاحیتوں پر بھروسا کرنے اور زمانے کو اپنے مطابق ڈھالنے کا نام ہے۔ وہ نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہیں کہ وہ ستاروں پر کمند ڈالیں اور کائنات کے پوشیدہ اسرار کو بے نقاب کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں قناعت نہ کر عالم رنگ و بو پر چمن اور بھی ہیں آشیاں اور بھی ہیں۔

آج کے اس جدید دور میں جہاں ہماری نوجوان نسل مایوسی اور سستی کا شکار ہو کر اپنے اصل مقصد کو فراموش کر رہی ہے۔ اقبال کا یہ نسخہ پرواز پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت کا حامل ہو چکا ہے۔ اگر ہم آج بھی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام واپس پانا چاہتے ہیں اور اپنے ادھورے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے اندر وہی شاہین جیسی خودداری، بلند پروازی اور تن آسان زندگی سے بیزاری پیدا کرنی ہوگی۔ ہمیں دوسروں کے سہاروں پر جینے کے بجائے اپنی اسلامی اقدار اور خودی کو بیدار کرنا ہوگا۔

اقبال کا نسخہ پرواز دراصل خوابوں کی خیالی دنیا سے نکل کر عمل کے تپتے ہوئے میدان میں اترنے کا نام ہے۔ یہ نسخہ ہمیں سکھاتا ہے کہ منزلیں دور نہیں ہوتیں۔ بشرطیکہ ہمارے پروں میں پرواز کی حقیقی طاقت اور دلوں میں اپنی منزل کو پا لینے کا ایک تڑپا دینے والا جذبہ موجود ہو۔ جب کوئی فرد یا قوم اس سنہری نسخے کو اپنا لیتی ہے تو زمین کی پستی اس کا مقدر نہیں رہتی۔ بلکہ وہ افلاک پر کمند ڈال کر اپنے ہر پاکیزہ خواب کو ایک زندہ اور پائیدار حقیقت میں بدل دیتی ہے۔