اللہ کریم سے باتیں، کچھ کہنا نہیں، بس تجھے مانگنا ہے ،تحریر:انیم چوہدری
نقطہ نظر
یا اللہ!
آج پھر تیرے در پر حاضر ہوں۔ کوئی خاص الفاظ نہیں لایا، کوئی خوب صورت دعا یاد نہیں کی، نہ ہی اپنی خواہشوں کی کوئی فہرست بنائی ہے۔ بس دل ہے، جو کچھ دنوں سے بہت بوجھل ہے، اور ایک امید ہے کہ تو میری خاموشی بھی سن لے گا۔
معلوم ہے نا تجھے، میرے اللہ!
میں لوگوں کے سامنے کتنا مطمئن دکھائی دیتا ہوں؟ کیسے ہنس کر بات کرتا ہوں، کیسے دوسروں کو حوصلہ دیتا ہوں، کیسے اپنے حصے کی پریشانیوں کو چھپا کر زندگی کے معاملات نبھاتا ہوں۔
مگر اے میرے رب!
کیا تجھ سے بھی کچھ چھپاؤں؟
تو تو جانتا ہے کہ بعض اوقات انسان کسی کے سامنے رونا نہیں چاہتا، اس لیے نہیں کہ اسے درد نہیں ہوتا، بلکہ اس لیے کہ اسے ڈر ہوتا ہے کہ کہیں اس کے آنسو بھی کسی کے لیے ایک معمولی سی بات نہ بن جائیں۔
یا اللہ! مجھے ایسے ہی لمحوں میں تیری یاد آتی ہے۔
جب کوئی راستہ سمجھ نہیں آتا، جب اپنے ہی فیصلے بوجھ محسوس ہونے لگتے ہیں، جب دل کسی سے کچھ کہنے کے بجائے خاموش رہنا بہتر سمجھتا ہے، تب میں سوچتا ہوں کہ ایک ذات ایسی بھی ہے جسے اپنی بات سمجھانے کے لیے لفظوں کی ضرورت نہیں۔
وہ ذات تو میرا رب ہے۔
یا اللہ!
کبھی کبھی دل چاہتا ہے کہ تجھ سے پوچھوں، کیا میں بہت دور نکل آیا ہوں؟ کیا میری عبادت میں وہ اخلاص باقی ہے جو ہونا چاہیے؟ کیا میری دعاؤں میں وہ عاجزی ہے جس کے ساتھ تیرے نیک بندے تجھے پکارتے ہیں؟پھر خود ہی شرمندہ ہو جاتا ہوں۔کیونکہ غلطیاں میری ہیں، کوتاہیاں میری ہیں، اور پھر بھی امید کا دروازہ میں نے تیرے ہی نام سے جوڑ رکھا ہے۔
میرے اللہ!
میں تجھ سے اپنے گناہوں کا انکار کرنے نہیں آیا، میں تو ان کا اعتراف کرنے آیا ہوں۔ میں فرشتہ نہیں ہوں، مجھ سے غلطیاں ہوتی ہیں، کبھی زبان سے، کبھی نگاہ سے، کبھی ارادوں سے اور کبھی ان خاموش فیصلوں سے جنہیں صرف تو جانتا ہے۔
لیکن مولا! مجھے میری غلطیوں کے حوالے نہ کرنا۔
میں کمزور ہوں، تو مجھے قوت دے۔ میں بھٹک جاؤں تو مجھے راستہ دکھا۔ میں تیری یاد سے غافل ہو جاؤں تو مجھے اپنی طرف لوٹا لے۔ میرے دل کو اتنا سخت نہ ہونے دینا کہ میں گناہ کروں اور مجھے احساس تک نہ ہو۔
یا رب!
ایک بات پوچھوں؟
یہ جو انسان ساری زندگی کسی نہ کسی چیز کے پیچھے بھاگتا رہتا ہے، کبھی رزق کے لیے، کبھی کامیابی کے لیے، کبھی عزت کے لیے، کبھی کسی اپنے کی محبت کے لیے؛ کیا اسے کبھی احساس ہوگا کہ جس سکون کی تلاش میں وہ دربدر پھرتا رہا، وہ تیرے ذکر میں بھی مل سکتا تھا؟
مجھے وہ سکون عطا کر دے، یا اللہ!
ایسا سکون کہ حالات خراب ہوں تب بھی میرا یقین خراب نہ ہو۔ لوگ ساتھ چھوڑ دیں تب بھی تیرا سہارا یاد رہے۔ خواہشیں پوری نہ ہوں تب بھی تیرے فیصلوں سے بدگمان نہ ہوں۔
مجھے ہر وہ چیز نہ دینا جو میں مانگوں، میرے اللہ! بلکہ وہ عطا کرنا جو میرے حق میں بہتر ہو۔اور اگر کسی چیز کا نہ ملنا ہی میرے حق میں بہتر ہے تو میرے دل کو اتنی وسعت دے دینا کہ میں تیرے فیصلے کو قبول کر سکوں۔
مولا!
کبھی میرے والد کی یاد آتی ہے تو دل کے اندر ایک عجیب سا خلا محسوس ہوتا ہے۔ کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو دوبارہ سنائی نہیں دیتیں، کچھ سہائے ایسے ہوتے ہیں جو سر سے اٹھ جائیں تو دھوپ بھی بدل جاتی ہے۔یا اللہ! میرے والد پر اپنی بے پایاں رحمت فرما۔ ان کی مغفرت فرما، ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرما۔اور میرے رب! جن کے والدین زندہ ہیں، انہیں ان کی قدر کرنے کی توفیق دے۔ کسی کو اتنی مہلت ضرور عطا کرنا کہ وہ اپنے والدین کے ہاتھ چوم سکے، ان کی دعائیں لے سکے اور ان کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کو معمولی نہ سمجھے۔
یا اللہ!
مجھے دنیا سے کوئی ایسی محبت نہ ہو جو مجھے تجھ سے دور کر دے۔ کوئی ایسی خواہش نہ ہو جو تیرے حکم پر غالب آ جائے۔ کوئی ایسی کامیابی نہ ہو جس کے بعد میں اپنی اوقات بھول جاؤں۔مجھے نام دے تو عاجزی بھی دینا۔ رزق دے تو سخاوت بھی دینا۔ علم دے تو عمل بھی دینا۔ عزت دے تو دوسروں کی عزت کرنے کا حوصلہ بھی دینا۔اور جب کبھی میں اپنے آپ کو بہت کچھ سمجھنے لگوں تو مجھے یاد دلا دینا کہ میں مٹی سے بنا ہوں اور ایک دن اسی مٹی میں لوٹ جانا ہے۔
میرے اللہ!
آج میں تجھ سے جنت کی درخواست بھی کرتا ہوں، جہنم سے پناہ بھی مانگتا ہوں، اپنی مغفرت بھی چاہتا ہوں اور تیری رضا بھی۔لیکن ان سب کے ساتھ ایک خوف دل میں رہتا ہے۔کہیں ایسا نہ ہو کہ زندگی ختم ہو جائے اور میں تجھے راضی کرنے کا حق ادا نہ کر سکوں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ دنیا کے لوگوں کو خوش کرتے کرتے میں اپنی آخرت بھول جاؤں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ میرے پاس کامیابیوں کی داستان تو ہو مگر اعمال کا دامن خالی رہ جائے۔
مولا! میرا خاتمہ ایمان پر فرمانا۔
اور اگر کبھی میری دعا میں لفظ کم پڑ جائیں تو میری خاموشی کو میری بے نیازی نہ سمجھنا۔ میں تجھ سے مانگنے آیا ہوں، تجھ سے دور جانے نہیں۔
اور سن میرے اللہ!
مجھے دنیا کی ہر خوشی نہیں چاہیے، بس وہ خوشی عطا کر جس کے بعد دل میں شکر پیدا ہو۔ مجھے ہر مشکل سے بچا نہیں سکتا تو ہر مشکل میں اپنا قرب عطا فرما۔ مجھے ہر خواہش کی تعبیر نہیں چاہیے، بس اتنا یقین دے کہ جو تو نے میرے لیے چنا ہے، وہ میرے لیے بہتر ہے۔
آخر میں ایک ہی درخواست ہے۔
جب دنیا کے سارے دروازے بند ہو جائیں، جب میرے اپنے بھی میری بات نہ سمجھ سکیں، جب میری آواز میرے اپنے ہی کانوں تک محدود رہ جائے، تب بھی مجھے یہ یقین کبھی نہ بھولنے دینا کہ میرا رب مجھے سن رہا ہے۔
یا اللہ!
مجھے کچھ اور نہیں مانگنا۔
بس مجھے معاف کر دے، مجھے سنبھال لے، مجھے سیدھے راستے پر قائم رکھ اور مجھے اپنے پسندیدہ بندوں میں شامل فرما۔میں تجھ سے دنیا مانگنے نہیں آیا، میرے اللہ! میں تو اس دنیا میں رہتے ہوئے تجھے مانگنے آیا ہوں۔
آمین یا رب العالمین!
مزید پڑھیں





