پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مرد ہر برائی کا ذمہ دار،عورت ہر خوبی کی وارث کیوں؟ تحریر:سید ضیغم حسن عابدی

نقطہ نظر
zaigham abidi syed

ہمارے معاشرے میں ایک عجیب فکری وبا پھیل رہی ہے۔ کسی گھر میں بیٹا والدین کو بڑھاپے میں سہارا دے تو یہ اس کا فرض ہے، کوئی ذکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ وہ اپنی تنخواہ سے باپ کی دوائیاں خریدے، ماں کے علاج کے اخراجات اٹھائے، ان کے رہن سہن کا خیال رکھے، اپنی خواہشات قربان کرکے ان کی ضروریات پوری کرے تو یہ سب اس کی ذمہ داری ہے۔ لیکن اگر کسی گھر میں ایک بیٹا اپنی ذمہ داری سے منہ موڑ لے تو پورا مرد معاشرہ کٹہرے میں کھڑا کردیا جاتا ہے۔ گویا ایک مرد کی بدکرداری تمام مردوں کا اجتماعی جرم ہے، مگر ایک عورت کی بدکرداری پر کسی عورت سے جواب طلب نہیں کیا جاسکتا۔


یہ کیسا انصاف ہے؟ یہ کون سا پیمانہ ہے جس پر کردار کا فیصلہ جنس دیکھ کر کیا جاتا ہے؟


میں لاہور کی گلیوں میں ایسے سینکڑوں بیٹوں کو جانتا ہوں جو اپنے بوڑھے والدین کے لیے اپنی زندگی کی آسائشیں قربان کررہے ہیں۔ ان کے والدین کی دوائی، ڈاکٹر کی فیس، گھر کا کرایہ، بجلی کا بل اور روزمرہ کی ضروریات ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ایسے بیٹے بھی ہیں جو اپنی بیوی بچوں کے ساتھ ساتھ اپنے بہن بھائیوں کی ذمہ داریاں بھی اٹھا رہے ہیں۔ دوسری طرف ایسی بیٹیاں بھی ہیں جو اپنی بہنوں کے لیے ڈھال بنی ہوئی ہیں، ان کے دکھ سکھ میں شریک ہیں اور اپنے والدین کے بڑھاپے کا سہارا ہیں۔ یہ سب لوگ موجود ہیں، ہمارے درمیان موجود ہیں، مگر شاید ہمارے معاشرتی مباحث میں ان کے لیے کوئی جگہ نہیں۔


اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے معاشرتی تجزیے کو انصاف کے بجائے تعصب کی بنیاد پر استوار کردیا ہے۔ اب کسی مرد کی اچھائی بھی اس کے خلاف دلیل بن سکتی ہے اور کسی عورت کی غلطی بھی اس کے حق میں تاویل تلاش کرلیتی ہے۔ مرد اپنی ذمہ داری پوری کرے تو کہا جاتا ہے کہ یہ تو اس کا فرض تھا، عورت یہی ذمہ داری پوری کرے تو اسے قربانی، ایثار اور عظمت کا عنوان دے دیا جاتا ہے۔ میں عورت کی قربانی کی نفی نہیں کررہا، سوال صرف یہ ہے کہ مرد کی قربانی کو معمولی سمجھنے کا حق کس نے دیا ہے؟


کیا باپ کے کندھوں پر گھر کا بوجھ اٹھانا کوئی قربانی نہیں؟ کیا بیٹے کا اپنی جوانی والدین کی خدمت میں گزار دینا کوئی ایثار نہیں؟ کیا ایک مرد کا اپنی خواہشات کو مار کر بہنوں کی شادی کرنا، بھائیوں کی تعلیم مکمل کروانا اور بوڑھے والدین کے لیے اپنی زندگی وقف کردینا کسی اخلاقی قدر میں شمار نہیں ہوتا؟ یا مرد کے آنسوؤں کی طرح اس کی قربانیاں بھی معاشرتی طور پر ناقابلِ قبول قرار پاچکی ہیں؟


مجھے عورت کے حقوق سے کوئی اختلاف نہیں۔ عورت کو عزت، تحفظ، آزادی اور برابری ملنی چاہیے۔ لیکن برابری کا مطلب یہ نہیں کہ ایک جنس کو مظلومیت کا دائمی پروانہ اور دوسری کو مجرم ہونے کا مستقل سرٹیفکیٹ دے دیا جائے۔ حقوق کی بات کیجیے، مگر ذمہ داریوں کو بھی جنس کی بنیاد پر تقسیم نہ کیجیے۔ عورت مظلوم ہوسکتی ہے تو مرد بھی حالات کا مارا ہوسکتا ہے۔ عورت خودغرض ہوسکتی ہے تو مرد بھی ہوسکتا ہے۔ کردار نہ مردانہ ہوتا ہے نہ زنانہ، کردار صرف اچھا یا برا ہوتا ہے۔


ایک اور دلچسپ تماشا یہ ہے کہ جو لوگ مرد کو مسلسل اس کی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہیں، وہ کبھی اس مرد کی تنہائی، اس کے معاشی دباؤ، اس کی ذہنی تھکن اور اس کی بے آواز محرومیوں پر بات نہیں کرتے۔ مرد سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ کمائے، گھر چلائے، والدین کا خیال رکھے، بیوی بچوں کی خواہشات پوری کرے، بہن بھائیوں کے لیے دستیاب رہے اور اس سارے عمل میں کبھی تھکے بھی نہیں، کبھی ٹوٹے بھی نہیں، کبھی اپنے لیے کچھ مانگے بھی نہیں۔ اگر وہ اپنی کسی محرومی کا ذکر کردے تو اسے احساسِ برتری، مردانگی یا پدرشاہی کا طعنہ دے دیا جاتا ہے۔


حقیقت یہ ہے کہ معاشرے کو اچھے مردوں اور اچھی عورتوں دونوں کی ضرورت ہے، نہ کہ ایک دوسرے کے خلاف نفرت کے مستقل محاذ کی۔ کسی بیٹی کی خدمت کو سراہنے کے لیے بیٹے کی توہین ضروری نہیں اور کسی بیٹے کی قربانی تسلیم کرنے کے لیے بیٹی کے کردار کو مشکوک بنانا بھی ضروری نہیں۔


اور ہاں، جو لوگ مرد کو بدنام کرنے کے لیے ہر دلیل، ہر مثال اور ہر واقعے کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، وہ شوق سے ایسا کریں۔ ایک بار نہیں، ہزار بار کہیں کہ مرد کسی کام کا نہیں۔ مگر یاد رکھیے، اس ملک کے بے شمار گھروں میں آج بھی کوئی بیٹا اپنے بوڑھے باپ کی دوا خریدنے کے لیے اپنی خواہش کا گلا گھونٹ رہا ہے، کوئی بیٹی اپنی ماں کے سرہانے رات گزار رہی ہے، کوئی بھائی اپنی بہن کے بچوں کی فیس ادا کررہا ہے اور کوئی بہن اپنے بھائی کے مشکل وقت میں اس کے ساتھ کھڑی ہے۔


یہ لوگ کسی اخبار میں سرخی نہیں بنتے، کسی ٹی وی پروگرام میں موضوعِ بحث نہیں ہوتے اور نہ ہی اپنی خدمت کے عوض کسی سے تمغہ مانگتے ہیں۔ ان کا کردار ہی ان کی گواہی ہے۔


معاشرے کا المیہ یہ نہیں کہ مرد اچھے نہیں اور عورتیں بری نہیں، المیہ یہ ہے کہ ہم نے انسان کو انسان سمجھ کر پرکھنا چھوڑ دیا ہے۔ اب کردار نہیں دیکھا جاتا، جنس دیکھی جاتی ہے۔ اور جس معاشرے میں انصاف بھی مرد اور عورت دیکھ کر کیا جائے، وہاں انصاف نہیں، محض تعصب زندہ رہ جاتا ہے۔