بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مردوں کا عالمی دن،تحریر:کنیز سسیلیا منظور

نقطہ نظر

19 نومبر کو مردوں کا عالمی دن تھا ۔جی مردوں کے اوپر زبر ہے پیش نہیں۔کیا کریں فون سے ٹائپ کرنے میں زیر زبر پیش کو غائبانہ سمجھ کر ہی پڑھنا پڑتا ہے۔ انگریزی میں مینز ورلڈ ڈے تھا ۔

یوں تو ہمارا معاشرہ پدر شاہی معاشرہ کہلانے کا اعزاز گئے وقتوں سے سنبھالے ہوئے ہے۔یعنی مرد حضرات ہی کو عقل_کل سجمھا جاتا ہے۔عورت تو بس اس کے گھر کو ،اسے اور اس کے بچوں کو سنبھالنے و پالنے کے لئے خلق کی گئ ہے۔ اس کے جبر بھی سہے اور اپنا استحصال بھی بھگتے۔ کہ بحیثیت ماں بہن بیوی اور بیٹی اس کا کام ،اس کا فرض اپنے فرائض کی انجام دہی ہی ہے۔

صبح سے رات گئےتک گھر کے سارے کام کرنا اس کا کام ہے۔البتہ اسے ان سارے کاموں کے عوض روٹی کپڑا اور چھت مل جاتی ہے۔اگر کوئ شوہر نامدار سے پوچھے کہ آپ کی بیوی کیا کرتی ہے؟ تو وہ بلا تردد کہہ دیتے ہیں۔جی وہ کچھ نہیں کرتی بس گھریلو خاتون ہے۔ یعنی اس کی ساری محنت،ساری خدمت کوئ کارنامہ تھوڑی ہے۔

خیر بات مردوں کے دن کی شروع کی تھی۔تو اس پدرشاہی سماج میں پرورش پانے والی حوا کی بیٹیوں کے ساتھ جو امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے وہ اپنی جگہ۔لیکن مرد حضرات بھی اسی سماج کا ، اسی دنیا کا حصہ ہیں۔بلا شبہ انسان ہونے کے ناطے ان کے بھی حقوق بنتے تو ہیں۔

ایک مرد جو صبح سے شام تک زمانے کا گرم سرد برداشت کرکے۔اپنے گھرانے کی کفالت کا اہتمام کرتا ہے۔ اور ہمارے ہاں بچپن ہی سے بیٹوں کو یہ سکھا کر ، یہ کہہ کہہ کر پالا جاتا ہےکہ تم مرد ہو۔بیٹے ہو بھائ ہو ۔تمہیں ان سب کا سہارا بننا ہے۔کبھی ماں باپ یا بیوی بچوں نے اس مرد_ آہن کے من میں ،اس کے دل میں جھانکنے کی کوشش کی ہے ۔کبھی اس کی خواہش اس کی خوشی بھی پوچھی ہے۔ کہ کہیں وہ ایک اے ٹی ایم مشین بن کر تو نہیں رہ گیا۔

کیا جاتا ہے کہ مرد روتا نہیں،مرد کو درد نہیں ہوتا۔کیوں کیا وہ انسان نہیں؟ بلا شبہ انسان کو مضبوط ضرور ہونا چاہیے لیکن پتھر نہیں۔ورنہ پتھروں سے تو پھر سر ہی ٹکرایا جاتا ہے ۔ان سے نرم احساسات کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔جن کی ماں باپ بہن بھائی اور بیوی بچوں کو ضرورت ہوتی ہے۔

ویسے ان کا تناسب چاہے کم سہی۔لیکن ایسے مرد حضرات بھی اسی دنیا میں ہمارے اردگرد موجود ہیں۔ جن کو واقعتا کسی فلاحی انجمن وغیرہ کی ضرورت ہوتی ہے ، مثلا انجمن متاثران بیویاں ۔وہ جو سچ میں بیویوں کے ستائے ہوئے ہوتے ہیں۔ اور آفس کے کاموں کے ساتھ گھر کے کام بھی کرنے پڑتے ہیں۔

مجھے اج بھی یاد ہے بچپن میں ہمارے گھر کی پچھلی گلی میں ایک خاندان اباد تھا ۔وہ مرد جو کہ درمیانے سے قد کاٹھ کا تھا ۔اور مزاج اللہ میاں کی گائے سا ۔اور بیوی خیر سے اونچی لمبی اور بہت صحت مند ۔ دکھنے میں کسی پہلوان کے خاندان کی یا تھانےدارنی سی لگتی تھی ۔ میری ان کے ساتھ والے کمروں میں رہنے والے مالک مکان کی بچیوں سے دوستی تھی۔اس لئے کبھی کبھار وہاں چلی جاتی تھی۔ بڑوں سے سنتی تھی کہ وہ خاتون اپنے شوہر کو سچ مچ مارتی تھی ۔جب بھی اسے غصہ آ جاتا وہ بچوں کو کمرے سے باہر نکال دیتی اور دروازہ بند کرکے بیچارے کی دھلائی کرتی۔

میرا ایک پھوپھی زاد بھائ بھی ہماری گلی ہی میں رہتا تھا۔اس شخص سے بھی اس کی اچھی واقفیت تھی۔ایک دن گھر آیا اور ہنستے ہوئے بتانے لگا کہ آج مجھے وہ بھائ کہہ رہا تھا۔یار تم ایک بار میری بیوی کو باندھ دو پھر دیکھنا میں اس کو کیسا سبق سکھاتا ہوں ۔

آج بھی ایسے کردار پائے جاتے ہیں۔جو سارا دن محنت مشقت کرتے ہیں۔کہ اپنے گھرانے کی ضروریات کو احسن طور پہ پورا کر سکیں۔لیکن یقین مانیئے، گھر میں ان کی سنی بالکل نہیں جاتی ۔ہوتا وہی ہے جو بیگم چاہتی ہیں بچوں کی تعلیم ، علاج ، شادیوں اور دیگر اخراجات کے علاوہ،سسرالی رشتے داروں کی شادیوں اور دیگر تقریبات میں جانا اولین فرض ہوتا ہے ۔چاہے ادھار مانگنا پڑے۔کہ یہ اس کا کام ہے،اس کا فرض ہے۔اس سے یہ نہیں پوچھا جاتا کہ افس میں افسر سے یا دوست سے کے سامنے کیسی سبکی ہوئ۔

اج کل کی بیٹیاں خیر سے بہت عقل مند اور پر اعتماد ہیں۔اس لئے کچھ ایسی بھی ہیں کہ اسکول میں صبح سے دوپہر تک پڑھاتے پڑھاتے، یا آفس میں کام کر کے اتنی تھک جاتی ہیں۔کہ گھر کا کوئ کام کرنے سے قاصر ہوتی ہیں ۔ اس لئے جب شام ڈھلے ان کے جانو ،ان کے سویٹ ہارٹ گھر آتے ہیں۔تو وہ بڑے پیار سے کہتی ہیں۔کھانا تو آپ ہی اچھا بناتے ہیں ۔ مجھ سے تو ایسا بنتا ہی نہیں ۔اور جانو صاحب خوشی خوشی کھانا پکاتے ہیں۔اور روٹیاں تو بازار کی ہی اچھی لگتی ہیں ۔اس لئے فورا جا کر تندور سے روٹی پکڑ لاتے ہیں۔پھر دونوں ہنسی خوشی کھانا کھاتے ہیں۔بیگم ذرا آرام کرتی ہے اور شوہر صاحب برتن دھو کر آرام سے ساتھ بیٹھ کر بیگم کی پسند کا ڈرامہ دیکھ لیتے ہیں۔

یقین مانیئے میں عورتوں کی دشمن یا ان کے خلاف تو بالکل بھی نہیں۔مرد ہو یا عورت دونوں انسان ہیں،اس لئے ایک دوسرے کو کسی قسم کی مشین سمجھنے کے بجائے صرف گوشت پوست کا انسان سمجھیں۔دل ،دماغ، احساسات دونوں کے ہیں۔اس لئے ان کا احساس کیا جانا چاہیے۔تاکہ رشتوں میں حقیقی خلوص محبت اور احترام برقرار رہے۔