ہفتہ، 28 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جنوبی پنجاب کی بیٹیاں پاکستان کا روشن مستقبل ہیں،مریم نواز


وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی بیٹیاں پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور یہ باصلاحیت بیٹیاں عالمی سطح پر خواتین کو ٹف ٹائم دیں گی۔

ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن کے موقع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ طالبات سے ملنے کے لیے بے حد پُرجوش تھیں، بچوں کی تعلیم کے لیے والدین بے حد قربانیاں دیتے ہیں، اور بیٹیاں ڈاکٹر، انجینئر، کاروباری شخصیت، رکنِ اسمبلی اور وزیرِ اعلیٰ بھی بن سکتی ہیں؛ کل کی کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور وزیرِ اعلیٰ بھی یہیں سے نکلیں گی۔

طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اپنے ذہنوں کو کھلا رکھیں اور خود کو ہرگز کمتر نہ سمجھیں، عورت گھر کے ساتھ ملک اور صوبہ بھی چلا سکتی ہے، صرف گھر نہیں بیٹھنا بلکہ اپنی صلاحیتوں کو ملکی ترقی کے لیے بروئے کار لانا ہے، کیونکہ اچھا استاد کتاب کھولتا ہے جبکہ عظیم استاد ذہن کھولتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری ہی حقیقی بااختیاری کی مضبوط بنیاد ہے، خواتین آبادی کا 51 فیصد ہیں اور ان کی شمولیت کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ “میں نے خود بھی ہراسانی کا سامنا کیا ہے، تین سال قبل کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ پنجاب ایک خاتون چلائے گی۔“

مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم بچیوں تک اسکالرشپس پہنچائیں گے، جبکہ ملتان یونیورسٹی کی 1600 طالبات کو تعلیمی اسکالرشپ فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طالبات کو دسمبر سے اسکوٹیز ملنا شروع ہو جائیں گی اور 22 ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ سے زائد اسکوٹیز فراہم کریں گے، جبکہ اسکوٹیز کے لیے لڑکوں سے زیادہ لڑکیوں کی درخواستیں آئیں جو حقیقی بااختیاری کا ثبوت ہے۔