بدھ، 4 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مولانا فضل الرحمان نے کبھی گورنرشپ یا کسی عہدے کا مطالبہ نہیں کیا، رانا ثناء اللہ

rana sana

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ہم سے کبھی گورنرشپ یا کسی چیز کا تقاضا نہیں کیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثناء نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ نوٹسز سیٹل بھی ہوسکتے ہیں، خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مولانا فضل الرحمان کا ساتھ لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سربراہ نے ہم سے کبھی گورنرشپ یا کسی چیز کا تقاضا نہیں کیا، دہشت گردوں نے مولانا فضل الرحمان پر دو حملے تو ایسے کیے ہیں کہ وہ بال بال بچے ہیں۔

وزیراعظم مشیر سیاسی امور نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی سے کوئی بات ہوئی ہو تو ہم کچھ کہہ نہیں سکتے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے تو بیرسٹر گوہر نے بھی نہیں بتایا تھا کہ محسن نقوی سے ملاقات ہوتی رہی ہے، سہیل آفریدی ہمیں تو کہہ رہے تھے عشق بانی پی ٹی آئی میں مارا جاؤں گا اور خود محسن نقوی سے ملتے تھے۔

راناثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں اس وجہ سے بند ہوئیں کہ پیغامات چلتے تھے اور بیانیے بنائے جاتے تھے، ان کو بار بار کہا گیا کہ یہ ٹرولنگ نہ کریں یہ نہیں رکتے تھے، اس لیے ملاقاتیں بند ہوئیں، میرا خیال ہے کہ پی ٹی آئی نئے صوبوں کے معاملے پر سپورٹ نہیں کرے گی.