منگل، 20 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ملتان: یتیم لڑکے کو کچلنے والامرکزی ملزم چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

مصنف:

ملتان: 15 سالہ یتیم لڑکے وسیم عباس کو گاڑی سے کچلنے کے مقدمے میں گرفتار مرکزی ملزم توقیر نذیر کو عدالت نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ پولیس نے یتیم خانے کی انتظامیہ کو بھی شاملِ تفتیش کر لیا ہے۔


مقتول وسیم عباس کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا۔ اس کے والد کا انتقال 9 سال قبل ہو گیا تھا اور وہ گزشتہ 5 سال سے ملتان کے ایک نجی یتیم خانے میں مقیم تھا۔ اطلاعات کے مطابق واقعے سے 7 روز قبل اسے ہنر سیکھنے کے لیے الیکٹریشن ٹھیکیدار توقیر نذیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی نمبر BVE-474 بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔ ملزم کا ساتھی امجد علی تاحال فرار ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔


واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ طور پر لڑکے کو جان بچانے کے لیے بھاگتے اور گاڑی کو اس کی جانب بڑھتے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ دیوار کے ساتھ کچلا گیا۔ واقعے کی مکمل تفصیلات اور ذمہ داروں کا تعین تفتیش کے ذریعے کیا جائے گا۔


دوسری جانب چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کے ترجمان کے مطابق جس نجی یتیم خانے میں وسیم مقیم تھا، وہ رجسٹرڈ نہیں تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بچوں کو ہنر سکھانے کے لیے صرف سرکاری یا نجی اداروں میں بھیجا جا سکتا ہے، کسی غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔پولیس یتیم خانے کے جنرل سیکرٹری شعیب حیدر سے بھی تفتیش کر رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کم عمر بچے کو کن حالات میں ٹھیکیدار کے پاس بھیجا گیا اور اس سلسلے میں کن قواعد و ضوابط پر عمل کیا گیا۔واقعے نے یتیم بچوں کے تحفظ، غیر رجسٹرڈ یتیم خانوں کی نگرانی اور کم عمر بچوں سے مشقت لینے کے معاملات پر اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور یتیم بچوں کو استحصال سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔