منگل، 20 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

محبوبہ کے لیے 1900 کلومیٹر سفر کرنے والا شخص دھوکا کھا گیا،آن لائن محبوبہ حقیقت میں اے آئی نکلی


برازیل میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 49 سالہ شخص نے ٹک ٹاک پر ایک خاتون سے ملاقات کی امید میں تقریباً 1900 کلومیٹر کا سفر کیا لیکن منزل پر پہنچنے کے بعد اسے معلوم ہوا کہ خاتون کا کردار مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تخلیق کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق مارٹنز نے جیسیکا اولیویرا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر موجود مواد دیکھ کر اس سے ملاقات کا ارادہ کیا۔ مذکورہ اکاؤنٹ کے 3 لاکھ سے زائد فالوورز تھے۔ خاتون کے کردار سے منسوب پیغامات میں اسے رفاقت، مالی تحفظ اور ایک فارم پر جگہ فراہم کرنے جیسے وعدے کیے گئے تھے۔


مارٹنز نے ان وعدوں پر یقین کرتے ہوئے اپنے بعض ذاتی سامان فروخت کیے اور 9 اکتوبر کو سفر شروع کیا۔ وہ 11 اکتوبر کو بیلو ہوریزونٹے پہنچا تاہم وہاں پہنچنے پر اسے وہ خاتون نہ مل سکی جس سے ملاقات کی امید لے کر وہ گھر سے نکلا تھا۔


بعدازاں ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن کے ذریعے اسے معلوم ہوا کہ سوشل میڈیا پر موجود خاتون حقیقی شخصیت نہیں بلکہ اے آئی سے تیار کردہ کردار تھی۔ اکاؤنٹ چلانے والے شخص نے بھی اعتراف کیا کہ یہ کردار مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنایا گیا تھا۔ تاہم اس کا دعویٰ تھا کہ اس نے مارٹنز سے براہِ راست رابطہ نہیں کیا اور اکاؤنٹ بنانے کا مقصد فالوورز اور انگیجمنٹ بڑھا کر اسے فروخت کرنا تھا۔


سفر کے دوران اپنی رقم ختم ہونے کے بعد مارٹنز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاعات کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مہاجرین سے متعلق خدمات کے ذریعے اسے مدد فراہم کی گئی اور آگے کے سفر کے لیے اگستیناپولس، ریاست ٹوکانٹینس کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔ بعدازاں وہ امپراتریز کے قریب اپنے ایک رشتہ دار کے ہاں ٹھہرا۔