بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مثبت تبدیلی ،تحریر: صغیرجعفری

نقطہ نظر
saghir h jafry

اس قحط الرجال و النساء اور مادی دور میں حکمرانوں کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے حصول رزق کےلئے ہم ہمہ وقت مصروف عمل رہتے ہیں مگر پھر بھی تالیف قلب نہیں کر پاتے۔ اور رزق کے حصول کے لیے مزید تگ و دو میں مصروف ہو جاتے ہیں

حالانکہ ہر ذی روح کے ،رزق کی ذمہ داری اللہ تعالٰی کے ذمہ ہے اس رزق کے حصول کے لیے مگر کوشش کرنا ضروری ہے

ليس للا نسان الا ما سعي'

انسان جس قدر کوشش کرتا ہے اللہ تعالٰی اس کوشش کے حساب سے اس کا صلہ دیتے ہیں

مشہور عالمِ دین اصمعی رحمہ اللہ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ جا رہے تھے کہ راستے میں ایک ڈاکو نے ان کا راستہ روک لیا اور پوچھا:


’’رکو! تم کون ہو؟‘‘


اصمعی نے جواب دیا: ’’میں حج ادا کرنے جا رہا ہوں۔‘‘


ڈاکو نے انہیں لوٹنے کی نیت سے پوچھا: ’’تم کیا کام کرتے ہو؟‘‘ تاکہ اس کی مالی حالت کا پتا چل جائے


انہوں نے جواب دیا: ’’میں مسلمانوں کے بچوں کو قرآن مجید کی تعلیم دیتا ہوں۔‘‘


ڈاکو نے کہا: ’’تو پھر مجھے بھی قرآن کی کچھ آیات سناؤ۔‘‘

اصمعی نے پہلے سورہ ھود کی یہ آیت 6 سنائی

* و ما من دابةفي الأرض الاعلي الله رزقها *

* اور تمام زمین پر ہر جاندار کو رزق دینا اللہ تعالٰی کی ذمہ داری ہے

*

*۔۔۔۔ ۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔

*


اصمعی نے پھر یہ آیت تلاوت کی:


وَفِي السَّمَاءِ رِزْقُكُمْ وَمَا تُوعَدُونَ


’’اور آسمان ہی میں تمہارا رزق ہے اور وہ بھی جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے۔‘‘


(سورۃ الذاریات: 22)


یہ سن کر ڈاکو نے پوچھا: ’’کیا واقعی یہ آیات قرآن میں موجود ہیں ؟‘‘

اصمعی نے جواب دیا "" بلا شک یہ آیات قرآن مجید میں ہیں ""



جب اسے یقین ہو گیا تو اس نے اپنا خنجر اور چھری زمین پر پھینک دی اور بے اختیار پکار اٹھا:


’’میرا رزق تو اللہ کے ذمہ ہے اور میرا رزق آسمانوں میں طے کر دیا گیا ہے، مگر میں اسی رزق کو حاصل کرنے کے لیے زمین پر اس ذات کی نافرمانی کرتا پھر رہا ہوں جو مجھے رزق عطا کرتی ہے! اللہ کی قسم! اے میرے رب، اب میں کبھی تیری نافرمانی نہیں کروں گا۔‘‘


اصمعی اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے بیت اللہ پہنچ گئے۔


ایک رات وہ خانہ کعبہ کا طواف کر رہے تھے کہ ان کی نظر ایک شخص پر پڑی جو کعبے کے ایک کونے کے قریب کھڑا زار و قطار رو رہا تھا اور نہایت درد بھرے انداز میں اپنے رب سے عرض کر رہا تھا:


’’اے میرے رب! کیا تو نے میری توبہ قبول فرما لی ہے کہ میں خود کو مبارک باد دوں؟ یا تو نے میری توبہ رد کر دی ہے کہ تو پھر میں کس طرح اپنے آپ کو تسلی دوں؟


میں تیرے دروازے پر کھڑا ہوں اور تیری ہی پناہ اور بخشش کا طلب گار ہوں۔ اے میرے مالک! مجھے اپنے در سے خالی ہاتھ نہ لوٹانا۔‘‘


اس شخص کی اپنے رب کے حضور عاجزی، سوز و گداز اور سچی تڑپ دیکھ کر اصمعی کا دل متاثر ہوا۔ وہ اس کے قریب گئے اور پوچھا:


’’کیا تم وہی ڈاکو ہو؟‘‘


اس شخص نے جواب دیا: ’’جی ہاں۔‘‘


پھر اس نے پوچھا:


’’کیا آپ ہی وہ ہیں جنہوں نے مجھے یہ آیات سنائی تھیں: کہ ہر جاندار کا رزق اللہ کے ذمہ ہے’اور آسمان ہی میں تمہارا رزق ہے اور وہ بھی جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے‘؟‘‘


اصمعی نے جواب دیا: ’’ہاں، میں ہی تھا۔‘‘


اس شخص نے درخواست کی: ’’مہربانی کرکے مجھے ایک بار پھر وہ آیات سنائیں ۔‘‘


اصمعی نے اس مرتبہ ان دو آیات کے ساتھ یہ آیت تلاوت کی:


فَوَرَبِّ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ إِنَّهُ لَحَقٌّ مِّثْلَ مَا أَنَّكُمْ تَنطِقُونَ


’’پس آسمان اور زمین کے رب کی قسم! یہ بات بالکل سچ ہے، بالکل اسی طرح جیسے تم بات کرتے ہو۔‘‘


(سورۃ الذاریات: 23)


یہ آیت سنتے ہی توبہ کرنے والے اس شخص نے حیرت اور عقیدت سے کہا:


’’آخر کس نے اس ربِ ذوالجلال کو ناراض کر دیا کہ اسے اپنی بات کی سچائی ثابت کرنے کے لیے قسم اٹھانا پڑی؟‘‘


یہ الفاظ کہنے کے کچھ ہی لمحوں بعد وہ بےقرار ہوا اور اس کی روح اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملی۔


بعد ازاں اصمعی نے اسے خواب میں دیکھا تو پوچھا:


’’اللہ تعالیٰ سے ملاقات کے بعد تمہارے ساتھ کیا معاملہ پیش آیا؟‘‘


اس نے جواب دیا:


إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ كَانَتْ لَهُمْ جَنَّاتُ الْفِرْدَوْسِ نُزُلًا


’’بے شک جو لوگ ایمان لائے اور نیک اعمال کرتے رہے، ان کی مہمانی کے لیے فردوس کے باغ ہوں گے۔‘‘


(سورۃ الکہف: 107)


کبھی کبھی قرآن کی ایک آیت انسان کی پوری زندگی کا رخ بدل دیتی ہے۔ جس دل کو دنیا کی کوئی نصیحت نہیں بدل پاتی، اسے اللہ کا ایک کلام جھنجھوڑ کر رکھ دیتا ہے۔ اور مثبت تبدیلی لازما" لاتا ہے

۔ شرط یہ ہے کہ ہم اللہ تعالٰی کے احکامات کے مطابق سورہ النساء 82

افا لا تبرون القرآن

سورہ الانعام 50

. افا لا تفكرون

..قرآن مجید کو غور و فکر کے ساتھ پڑھنے کے بعد اس پر عمل بھی کریں


اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن کو صرف پڑھنے والا نہیں، بلکہ اسے سمجھ کر اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے والا بھی بنائیں

اگر قرآن مجید کی تعلیمات کا کما حقہ ہماری زندگیوں پر عمل دخل ہو جائے تو تو ہم یقینی طور پر اس دنیا میں اور انشاءاللہ آخرت میں بھی مثبت تبدیلی کے بعد فلاح پائیں گے ۔انشاءاللہ