این اے 168 ضمنی انتخاب، مسلم لیگ ن کے امیدوار کو واضح برتری

این اے 168 بہاولپور ضمنی انتخاب: منیر اقبال چنڑ کو بھاری برتری حاصل، گنتی جاری 292 میں سے 156 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول، مسلم لیگ ن کے امیدوار 25 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری پر بہاولپور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا مرحلہ جاری ہے۔ حلقے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان براہِ راست مقابلہ تھا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 292 میں سے 156 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہو چکے ہیں، جن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کو نمایاں برتری حاصل ہے۔ تازہ ترین غیر حتمی نتائج کے مطابق ملک منیر اقبال چنڑ 47 ہزار 514 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ 22 ہزار 361 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اس طرح مسلم لیگ ن کے امیدوار کو حریف پر تقریباً 25 ہزار 153 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔
این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 4 لاکھ 83 ہزار 143 ووٹرز رجسٹرڈ تھے، جبکہ حلقے میں 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔
واضح رہے کہ حلقہ این اے 168 کی نشست سابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ ن نے ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو اس نشست کے لیے امیدوار نامزد کیا تھا، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ہیں۔
مزید پڑھیں





