Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسپیکر کی پیشگی اجازت کوئی نئی ایجاد نہیں، پارلیمانی نظام کا حصہ ہے، بابر سلیم سواتی


پشاور: اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ رکن اسمبلی کی گرفتاری کے لیے اسپیکر کی پیشگی اجازت کوئی نئی ایجاد نہیں، یہ پارلیمانی نظام کا حصہ ہے۔

ایک بیان میں بابر سلیم سواتی نے وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ منتخب عوامی نمائندے اور پارلیمانی نظام کا حصہ رہے ہوتے تو اس معاملے کو بہتر طورپرسمجھتے۔

انہوں نے کہا کہ کسی رکن اسمبلی کو قانون سے بالاتر قرار نہیں دیا جا رہا، ہر رکن تفتیش، مقدمے اور عدالتی کارروائی کا سامنا کرے گا۔اسپیکر کا کردار صرف یہ یقینی بنانا ہے کہ کسی منتخب نمائندے کی گرفتاری سیاسی انتقام یا اسمبلی کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے نہ ہو۔


اسپیکر کا کردار صرف یہ یقینی بنانا ہے کہ کسی منتخب نمائندے کی گرفتاری سیاسی انتقام یا اسمبلی کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے نہ ہو۔ بابر سلیم سواتی کا کہنا تھا کہ پارلیمانی نظام میں منتخب ارکان کے استحقاق اور اسمبلی کے وقار کا تحفظ اسپیکر کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانونی کارروائی اپنی جگہ، تاہم کسی رکن اسمبلی کی گرفتاری کے معاملے میں پارلیمانی طریقہ کار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

اسپیکرخیبر پختونخوا اسمبلی نے سوال اٹھایا کہ کیا اسے جمہوریت کہا جائے گا کہ نقاب پوش افراد وارنٹ کے بغیر منتخب ارکان اور سیاسی قیادت کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں اٹھا لیں؟ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق کارروائی اور پارلیمانی اداروں کے احترام میں کوئی تضاد نہیں ہونا چاہیے۔ منتخب نمائندوں کو بھی قانون کا سامنا کرنا ہوگا، تاہم ان کے خلاف کارروائی مقررہ قانونی اور پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق ہونی چاہیے۔

بابر سلیم سواتی نے مزید کہا کہ اسپیکر کا مقصد کسی رکن کو قانونی کارروائی سے بچانا نہیں بلکہ اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ اسمبلی کے معاملات اور ارکان کے آئینی و پارلیمانی حقوق متاثر نہ ہوں۔