نئی کفایت شعاری مہم، سرکاری فیول میں 50 فیصد کمی، غیر ملکی دوروں اور نئی خریداری پر پابندی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں کمی اور سرکاری اخراجات کو محدود کرنے کے لیے اہم کفایت شعاری اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری گاڑیوں کے فیول استعمال میں 50 فیصد کمی کی جائے گی، تاہم آپریشنل گاڑیوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضروری خدمات اور ایف بی آر کی گاڑیوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ حکومت نے سرکاری گاڑیوں سمیت ہر قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ اس کے علاوہ آئی ٹی سے متعلق خریداری کے سوا تمام پائیدار اشیا کی خریداری بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں کے لیے تین ماہ کی مدت تک غیر ملکی دوروں اور سفری اخراجات پر پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم مخصوص استثنیٰ برقرار رہیں گے۔ ناگزیر غیر ملکی دورے کی صورت میں وزراء، مشیران اور سرکاری حکام کو صرف اکانومی کلاس میں سفر کرنا ہوگا۔ سرکاری اجلاسوں کے انعقاد کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری اخراجات پر عشائیوں کی میزبانی پر مکمل پابندی ہوگی۔ حکومت کے فنڈز سے منعقد ہونے والے سرکاری سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ناگزیر سرکاری تقریبات کے انعقاد کے لیے سرکاری آڈیٹوریم اور کمیٹی رومز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت شادی کی تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات کو رات 10 بجے تک بند کرنا ہوگا۔ ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے۔ تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو مقررہ اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، میڈیکل لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور دیگر ضروری شعبوں کو اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور جم بھی اس استثنیٰ میں شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کفایت شعاری کے اقدامات سے استثنیٰ کی درخواستیں کیس ٹو کیس بنیاد پر زیر غور لائی جائیں گی، جبکہ صوبائی اور علاقائی حکومتیں بھی اسی نوعیت کے کفایت شعاری اقدامات اپنانے پر غور کرسکتی ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے فیول استعمال میں 50 فیصد کٹوتی انتظامی اور نان آپریشنل سرگرمیوں پر لاگو ہوگی، جبکہ نان ایمپلائز اخراجات میں بھی 5 فیصد کمی نافذ کردی گئی ہے۔ یہ کٹوتی پورے مالی سال کے دوران ماہانہ بنیاد پر کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی مشنز، پیشہ ورانہ گروپس اور سروسز پر بھی نان ایمپلائز اخراجات میں 5 فیصد کٹوتی نافذ ہوگی۔





