پاکستان عالمی کیپیٹل مارکیٹس میں دوبارہ فعال، میکرو اکنامک اشاریے حوصلہ افزا ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کے میکرو اکنامک اشاریے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لندن اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت کی، جہاں پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے ڈوئل ٹرینچ یوروبونڈز کی لسٹنگ کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔
لندن اسٹاک ایکسچینج میں مارکیٹ اوپننگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چند برسوں کے دوران معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے اور حالیہ معاشی اصلاحات کے نتیجے میں ملک کے اہم میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری آئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لندن اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ پاکستان کے تعلق کو دوبارہ مضبوط بنانا ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔ ان کے بقول پاکستان کا حالیہ 3 ارب ڈالر کا ڈوئل ٹرینچ یوروبونڈ معاشی پیش رفت اور حکومت کی اصلاحاتی کوششوں کا واضح ثبوت ہے۔
پاکستان نے رواں ماہ 3 ارب ڈالر کا یوروبونڈ جاری کیا، جو ملک کا اب تک کا سب سے بڑا ایک مرتبہ میں کیا جانے والا بین الاقوامی بانڈ اجرا ہے۔ اس میں 1.75 ارب ڈالر کا ساڑھے پانچ سالہ بانڈ 7.5 فیصد کوپن اور 1.25 ارب ڈالر کا 10 سالہ بانڈ 7.9 فیصد کوپن کے ساتھ شامل تھا۔
بانڈ اجرا کو عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی جانب سے تقریباً 6 ارب ڈالر کی آرڈرز موصول ہوئیں، جو جاری کردہ رقم سے تقریباً دو گنا طلب کی عکاسی کرتی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ یوروبونڈ کا کامیاب اجرا حکومت کی جانب سے ساختی اصلاحات، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن اور ایسے اقدامات کا نتیجہ ہے جن کا مقصد ملکی معیشت کو دوبارہ درست سمت پر گامزن کرنا ہے۔
انہوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، دیگر معاشی وزرا، وفاقی سیکریٹریز اور حکام کی کاوشوں کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریے حوصلہ افزا ہیں اور مستقبل کے لیے اچھی بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں





