افغانستان میں امن کے بغیر علاقائی تجارتی راستوں کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نےاسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں کہا افغانستان میں پائیدار امن کے بغیر وسطی ایشیا سے پاکستان تک تجارتی راستے کھولنے کی خواہش پوری نہیں ہوسکتی، پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ملک کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کا جواب دیا گیا ہے اور آئندہ بھی دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق عطا تارڑ نے کہا کہ افغانستان میں امن خطے کی ترقی اور تجارت کی کنجی ہے، افغانستان میں امن کے بغیر علاقائی تجارتی راستوں کی خواہش پوری نہیں ہوسکتی، افغان عبوری حکومت کو عسکریت پسندانہ سوچ سے نکلنا ہوگا، افغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں تشویش کا باعث ہیں، پاکستان افغانستان کے مسئلے کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات کا حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تجارت اور علاقائی رابطوں کے فروغ کی بے پناہ صلاحیت ہے، افغانستان میں امن سے وسطی ایشیا سے پاکستان تک تجارتی راستے کھل سکتے ہیں، کراچی اور گوادر تک تجارتی راستہ وسطی ایشیائی ریاستوں کی دیرینہ خواہش ہے، وسطی ایشیائی ریاستیں افغانستان کے راستے گرم پانیوں تک رسائی حاصل کرسکتی ہیں، صرف امن ہی خوشحالی کی بنیاد بن سکتا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کا جواب دیا گیا ہے اور دیا جائے گا، علاقائی امن سے تجارت اور سرمایہ کاری کو تقویت ملے گی، افغانستان میں اتفاقِ رائے سے عوام کو مستقبل کے انتخاب کا حق دینا ہوگا۔




