گلوکار عاطف اسلم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو جرمنی کے اوبر ایرینا میں ہاؤس فل کنسرٹ کے بعد خصوصی برلن بڈی بیئر سے نواز دیا گیا۔
پاکستانی گلوکار عاطف اسلام کو جرمنی میں ہونے والے کنسرٹ کے بعد دیئے گئے اس اعزاز اور ان کی تصویر اوبر ایرینا کی خصوصی دیوار پر آویزاں کردی گئی۔ جہاں کیٹی پیری، ریحانہ اور ٹومورو ایکس ٹوگیدر سمیت دیگر عالمی فنکاروں کی تصاویر بھی موجود ہیں۔
عاطف اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے اوبر ایرینا میں اپنے اعزاز سے متعلق دیوار بھی دکھائی۔ عاطف اسلم کی اس کامیابی پر مختلف معروف شخصیات نے انہیں مبارکباد بھی دی۔
اوبر ایرینا میں ستمبر 2008 سے ہاؤس فل یا نمایاں تقریبات میں شرکت کرنے والے فنکاروں اور کھلاڑیوں کو خصوصی برلن بڈی بیئر پیش کرنے کی روایت موجود ہے، جسے جرمن دارالحکومت برلن کی ثقافتی شناخت سے بھی جوڑا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ عاطف اسلم ان دنوں عالمی میوزک ٹور پر ہیں، جس کے تحت نومبر اور دسمبر میں فرانس اور متحدہ عرب امارات میں بھی ان کے کنسرٹس شیڈول ہیں۔
گلوکار نے رواں برس موسیقی کے میدان میں واپسی کرتے ہوئے 15 جون کو لندن کے او ٹو ایرینا میں اپنے نئے موسیقی منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا چوتھا اسٹوڈیو البم ’’صبح آئے نہ‘‘ 31 جولائی 2026 کو ریلیز ہوا۔
یہ 2008 میں ریلیز ہونے والے البم ’’میری کہانی‘‘ کے بعد عاطف اسلم کا پہلا مکمل اسٹوڈیو البم ہے۔ گزشتہ برس بھی وہ پاکستان کے سب سے زیادہ سنے جانے والے فنکاروں میں شامل رہے، جبکہ ان کی موسیقی کو مجموعی طور پر تقریباً 8 ارب مرتبہ سنا جا چکا ہے۔ جن میں تقریبا 96 فیصد اسٹریمنگ پاکستان سے باہر ہوئی۔
عاطف اسلم کی موسقی دنیا کے 184 ممالک میں سنی جاتی ہے۔ جو ان کی عالمی مقبولیت اور موسیقی کی بین الاقوامی رسائی کو ظاہر کرتی ہے۔
مزید پڑھیں





