منگل، 24 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان اور آذربائیجان کا آسان خدمت منصوبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق


وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آسان خدمت اتھارٹی قائم کرنے کا حکم دے دیا، اتھارٹی ملک بھر میں قائم ہونے والے مراکز میں عوامی خدمات کی فراہمی کا معیار یکساں رکھنے کی ذمہ دار ہوگی۔


وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے آذربائیجان کے صدر کے ماتحت اسٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشنز (SAPSSI) کے چیئرمین علوی مہدیوف کی قیادت میں چار رکنی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔


ملاقات میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔


ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور آذربائیجان کے صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کے لیے آذربائیجان کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے عوامی خدمت کے شعبے میں اہم سنگ میل قرار دیا۔


وزیراعظم نے کہا کہ آسان خدمت مرکز شہریوں کو ایک ہی چھت تلے متعدد عوامی خدمات فراہم کرنے کے حوالے سے انقلابی پیش رفت ہے۔ انہوں نے مرکز کے قیام اور عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے آذربائیجان کے تعاون سے ہونے والے آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کو بھی سراہا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ کی سفارشات پر عمل درآمد سے عوامی خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی اور حکومت شہریوں کی توقعات پر پورا اتر سکے گی۔


انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رپورٹ میں نشاندہی کیے گئے بہتری کے تمام شعبوں پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی جائے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے پورے ملک میں آسان خدمت مراکز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا وسیع تر مقصد ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آراستہ معاشرہ، معیشت اور نظام حکمرانی تشکیل دینا اور ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی خدمات کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔


ملاقات میں دونوں ممالک نے آسان خدمت اقدام کو مزید مستحکم کرنے اور اس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے مسلسل رابطے اور تعاون کو یقینی بنانے کی غرض سے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز نے جنوری 2026 میں قیام سے نومبر 2026 تک مجموعی طور پر 244,230 درخواستوں پر مختلف نوعیت کی شہری خدمات فراہم کی ہیں، جبکہ مرکز سے خدمات حاصل کرنے کے لیے عوامی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔