پاکستان کے وفادار ہیں ہم، تحریر: سیدہ الماس فاطمہ
نقطہ نظر
ایک وہ دور تھا جب انسان کی بنیادی ضروریات اور مسائل کا دائرہ محض روٹی، کپڑے اور مکان تک محدود سمجھا جاتا تھا۔ یہ تصور عام تھا کہ اگر انسان کو پیٹ بھرنے کے لیے غذا، تن ڈھانپنے کے لیے لباس اور سر چھپانے کے لیے چھت میسر آ جائے، تو اس کی زندگی پرسکون ہو جاتی ہے۔ لیکن آج کے دور میں قدم رکھتے ہی یہ پرانی تعریفیں ادھوری اور بے معنی ہو کر رہ گئی ہیں۔ آج کا پاکستانی شہری صرف بجلی، گیس اور پانی کے بحران میں ہی نہیں الجھا ہوا، بلکہ کمر توڑ مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے اس کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جس کے نتیجے میں وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو چکا ہے اور ہر طرف نفسا نفسی کا عالم برپا ہے۔
ہمارے معاشرے میں مہنگائی کا طوفان ہر گزرتے دن کے ساتھ عام آدمی کی قوتِ خرید کو نگلتا جا رہا ہے۔ آٹا، دال، سبزیاں، بجلی اور گیس کے ہوشربا بل اور پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی نے سفید پوش طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ دوسری طرف بے روزگاری کے عفریت نے نوجوان نسل کے خوابوں کو چکنا چور کر دیا ہے۔ لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں تھامے روزگار کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ اس دوہرے عذاب نے آج کے انسان کو شدید ڈپریشن، بے چینی اور اعصابی تناؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔ معاشی تنگدستی اور مستقبل کے اندیشوں نے معاشرے میں نفسا نفسی کی ایسی فضا پیدا کر دی ہے کہ ہر شخص صرف اپنی ذات کے خول میں سمٹ کر رہ گیا ہے اور اپنوں کے دکھ درد بانٹنے کی روایت دم توڑتی نظر آ رہی ہے۔
بدقسمتی سے ہمارے ہاں ایک بڑا المیہ یہ بھی ہے کہ جب یہی پریشان حال شہری یا بیدار نوجوان اپنے بنیادی آئینی حقوق، مہنگائی کے خاتمے، باعزت روزگار اور نظام کی بہتری کے لیے آواز بلند کرتا ہے، تو بعض حلقے اسے فوراً "باغی" یا "انتشار پسند" قرار دے دیتے ہیں۔ حالانکہ زمینی حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ اپنے وطن سے محبت کا تقاضا ہرگز یہ نہیں کہ آنکھیں بند کر کے ہر غلط پالیسی اور ناانصافی پر سرِ تسلیم خم کر لیا جائے، بلکہ اصل حب الوطنی یہ ہے کہ ملک کو درپیش معاشی و سماجی خطرات اور نظام کی خامیوں کی بروقت نشاندہی کی جائے تاکہ اصلاح کی راہ ہموار ہو سکے۔
آج کا پاکستانی شہری کسی انتشار یا بغاوت کا علمبردار نہیں، بلکہ وہ "بیدار" ہو چکی ہے۔ جب ایک مزدور اپنے پسینے کی پوری اجرت مانگتا ہے، ایک پڑھا لکھا نوجوان میرٹ پر روزگار طلب کرتا ہے، اور ایک عام شہری بجلی، گیس اور روٹی کی سستی فراہمی کا مطالبہ کرتا ہے، تو اس کے پیچھے ملک دشمنی نہیں بلکہ وطنِ عزیز سے والہانہ محبت کارفرما ہوتی ہے۔ بیدار قومیں ہی دراصل اپنے ریاستی اداروں کو مضبوط کرتی ہیں اور قانون کی بالادستی کو یقینی بناتی ہیں۔
ہمیں یہ بات واضح طور پر سمجھانی ہوگی کہ ہمارا اختلاف کسی پالیسی یا نظام کی خامیوں سے تو ہو سکتا ہے، لیکن ہماری غیر مشروط وفاداری صرف اور صرف مملکتِ خداداد پاکستان کے ساتھ ہے۔ یہ ملک لاکھوں قربانیوں اور بزرگوں کے مقدس لہو سے حاصل کیا گیا ہے، اس کی مٹی کا ایک ایک ذرہ ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔
وقت کا اہم ترین تقاضا ہے کہ اربابِ اختیار عوامی شعور کو بغاوت سمجھنے کے بجائے ہنگامی بنیادوں پر ایسے اقدامات کریں جن سے مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو اور عوام کو ذہنی سکون میسر آ سکے۔ ہمارا پیغام واضح اور دوٹوک ہے کہ ہم کسی آئین یا ریاست کے باغی نہیں، بلکہ اپنے حقوق و فرائض سے آگاہ ایک بیدار قوم ہیں، اور اپنی آخری سانس تک ملکِ پاکستان کے سچے وفادار ہیں۔
مزید پڑھیں




