جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وہ لوگ جو تاریخ بن گئے ،تحریر: مرزا نبی شیر

نقطہ نظر

تاریخ محض واقعات، حادثات اور زمانوں کی گزرگاہ کا نام نہیں، بلکہ یہ ان عظیم انسانوں کے کردار، افکار، قربانیوں اور کارناموں کا ائینہ بھی ہے جنہوں نے اپنے عہد کی حدود سے آگے نکل کر انے والی نسلوں کے لیے روشنی کے چراغ روشن کیے۔ دنیا میں بے شمار لوگ پیدا ہوتے ہیں زندگی گزارتے ہیں اور وقت کی گرد میں کہیں گم ہو جاتے ہیں لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اپنی ذات سے بلند ہو کر انسانیت کی پہچان بن جاتے ہیں۔ ان کے افکار وقت کی سرحدوں کو عبور کر جاتے ہیں ان کا کردار دلوں میں جگہ بنا لیتا ہے اور ان کے نام تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ کے لیے ثبت ہو جاتے ہیں۔

یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ تاریخ میں زندہ رہنے کے لیے بلند و بالا محلات، بے شمار دولت، اقتدار یا شہرت کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اصل عظمت انسان کے کردار، اس کی نیت، اس کے عمل اور دوسروں کے لیے اس کی خدمات میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ بعض لوگ اپنی زندگی میں ایسے نقوش چھوڑ جاتے ہیں جنہیں زمانے کی گردش بھی مٹا نہیں سکتی۔ ان کے الفاظ رہنمائی کا ذریعہ بنتے ہیں، ان کے اعمال مثال بن جاتے ہیں اور ان کی زندگیاں انے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بن جاتی ہیں۔

دنیا کی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ عظیم انسانوں نے ہمیشہ اپنے عہد کے تقاضوں کو سمجھا اور اپنی صلاحیتوں کو اجتماعی بھلائی کے لیے وقف کیا۔ کسی نے علم کی شمع روشن کی، کسی نے انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا کسی نے مظلوموں کے لیے آواز بلند کی کسی نے اپنے وطن کی سربلندی کے لیے جدوجہد کی اور کسی نے خاموشی سے ایسے کام انجام دیے جن کے ثمرات نسلوں تک پہنچتے رہے۔ ان تمام لوگوں میں ایک قدر مشترک تھی کہ انہوں نے اپنی ذات کے حصار سے نکل کر دوسروں کے لیے جینا سیکھا۔

یہ بھی حقیقت ہے کہ تاریخ صرف بڑے ناموں اور مشہور شخصیات کی میراث نہیں ہوتی۔ اس کے اصل معماروں میں وہ گمنام لوگ بھی شامل ہیں جنہوں نے کسی صلے، ستائش یا تمغے کی خواہش کے بغیر اپنے فرائض انجام دیے۔ وہ استاد جو نسلوں کے ذہنوں میں علم کی روشنی منتقل کرتا ہے، وہ ماں جو اپنی اولاد کی تربیت میں زندگی کی بہترین توانائیاں صرف کر دیتی ہے، وہ مزدور جو اپنے پسینے سے معاشرے کی بنیادیں مضبوط کرتا ہے، وہ ڈاکٹر جو انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھتا ہے اور وہ شخص جو کسی ضرورت مند کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دیتا ہے، یہ سب اپنے اپنے دائرے میں تاریخ ساز کردار ہیں۔

زندگی کی اصل خوب صورتی بھی یہی ہے کہ انسان اپنے وجود کو دوسروں کے لیے باعثِ خیر بنائے۔ بڑے لوگ اپنی عظمت کا اعلان نہیں کرتے، ان کا کردار خود ان کی پہچان بن جاتا ہے۔ ان کی گفتگو میں شائستگی، رویوں میں انکساری، فیصلوں میں بصیرت اور عمل میں اخلاص نمایاں ہوتا ہے۔ وہ اختلاف کو نفرت میں تبدیل نہیں ہونے دیتے، بلکہ برداشت، احترام اور مکالمے کو فروغ دیتے ہیں۔ یہی اوصاف کسی شخصیت کو محض معروف ہونے سے بلند کرکے قابلِ احترام بناتے ہیں۔

وقت کا ایک عجیب اصول ہے کہ عہدے ختم ہو جاتے ہیں، اقتدار کے ایوان بدل جاتے ہیں، دولت کی چمک ماند پڑ جاتی ہے اور شہرت کے چراغ بھی کبھی کبھی بجھ جاتے ہیں، لیکن کردار کی روشنی کبھی معدوم نہیں ہوتی۔ جو لوگ اپنے عہد میں انسانیت، محبت، دیانت، علم اور خدمت کے بیج بوتے ہیں، ان کے اثرات آنے والے زمانوں میں بھی محسوس کیے جاتے ہیں۔ ان کی زندگی کا سفر ختم ہو سکتا ہے، مگر ان کے افکار کا سفر جاری رہتا ہے۔

ہمیں یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ تاریخ بننے کا مطلب صرف کسی بڑے کارنامے کا انجام دینا نہیں، بلکہ اپنے حصے کی ذمہ داری کو بہترین انداز میں نبھانا بھی ہے۔ ہر انسان کے پاس کوئی نہ کوئی صلاحیت، کوئی نہ کوئی موقع اور کوئی نہ کوئی دائرۂ اثر ضرور ہوتا ہے۔ اگر وہ اپنے علم کو دوسروں تک پہنچائے، اپنے تجربے سے کسی کی رہنمائی کرے، اپنے وسائل سے کسی ضرورت مند کی مدد کرے اور اپنے کردار سے معاشرے میں اعتماد پیدا کرے تو وہ بھی ایک مثبت تاریخ رقم کر سکتا ہے۔

اج کے دور میں جب معاشرتی زندگی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، ہمیں ایسی شخصیات اور ایسے کرداروں کی ضرورت ہے جو نئی نسل کو محنت، دیانت، رواداری، احترام اور خدمت کا درس دے سکیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو صرف کامیاب ہونے کا ہنر نہیں بلکہ اچھا انسان بننے کا شعور بھی دینا ہوگا۔ انہیں یہ بتانا ہوگا کہ اصل کامیابی دوسروں کو پیچھے چھوڑنے میں نہیں بلکہ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ تاریخ کے صفحات پر نام لکھوانا انسان کے اختیار میں ہمیشہ نہیں ہوتا، مگر ایسا کردار تعمیر کرنا ضرور اس کے اختیار میں ہے جسے لوگ محبت اور احترام سے یاد رکھیں۔ انسان کی سب سے بڑی کامیابی یہ نہیں کہ دنیا اسے کتنے عرصے تک یاد رکھتی ہے، بلکہ یہ ہے کہ اس کے جانے کے بعد اس کے چھوڑے ہوئے کام کتنے لوگوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

ہم بھی اپنی زندگی کو مثبت سوچ، اعلیٰ کردار، اخلاص اور خدمتِ خلق سے اراستہ کریں۔ اپنے حصے کا چراغ روشن کریں کسی کے راستے کی دشواری کم کریں کسی کے خواب کو حوصلہ دیں اور کسی کے لیے امید کا سبب بنیں۔ کیونکہ تاریخ ہمیشہ انہی لوگوں کو عزت و تکریم کے ساتھ یاد رکھتی ہے جنہوں نے زندگی کو صرف اپنے لیے نہیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی خوب صورت بنایا۔

وقت گزر جاتا ہے نسلیں بدل جاتیں ہیں مگر کردار کی خوشبو کی کبھی ختم نہیں ہوتی ۔کچھ لوگ زندگی گزارتے ہیں ۔اور کچھ لوگ اپنی زندگی سے تاریخ رقم کر جاتے ہیں ۔