یکے از فراموش کردہ قائدین ،علامہ عنایت اللہ المشرقی،تحریر: حفیظ المہندس
نقطہ نظر
برطانوی راج جہاں ہندوستان میں مسلم حکمرانی کے خاتمے کا باعث بنا، وہیں یہ راج مسلمانوں کے لیے بڑا مردم خیز عرصہ بھی ثابت ہؤا ۔ کیونکہ اس دوران ہر گوشہ ء حیات میں بر صغیر کے مسلمانوں میں ایسے بطل جلیل پیدا ہوئے جن کی نظیر ملنا تقریباً ناممکن ہے ۔ تحریک آزادی ہند میں ایسے گوہر نایاب سامنے آئے جن کی تابناکی آج بھی ماہ تاباں کی طرح جگمگا رہی ہے ۔ بقول اقبال:
اپنے صحرا میں بہت آہو ابھی پوشیدہ ہیں
بجلیاں برسے ہوئے بادل میں بھی خوابیدہ ہیں
افسوس کہ ہم نے اپنے ان ہیروز کی کماحقہ قدردانی نہیں کی۔ ہماری نئی نسل تو شاید ان کے ناموں سے بھی ناواقف ہے۔
انہی فراموش کردہ اجلی ہستیوں میں ایک نام علامہ عنایت اللہ مشرقی کا بھی ہے۔ جو اپنے وقت کے فقیدالمثال ریاضی دان، لاجواب منتظم اور دور اندیش رہنما تھے۔ انھوں نے 18سال کی عمر میں پنجاب یونیورسٹی سے 1906 میں ایم اے ریاضی سو فیصد نمبر لے کر اول پوزیشن میں پاس کیا اور یونیورسٹی کے ارباب بست و کشاد کو محو حیرت کر دیا۔ کہتے ہیں کہ یہ ریکارڈ آج تک قائم ہے۔ انھوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے (1912-13) میں بیک وقت تین ایوارڈز رینگلر سکالر، بیچلر سکالر، فاﺅنڈیشن سکالر اور مکینیکل انجینئرنگ میں اعلیٰ پوزیشن مع وظائف حاصل کیے۔ اس اعزاز پر یونیورسٹی انتظامیہ کو برملا اعتراف کرنا پڑا کہ آٹھ سو سالہ یورپی تاریخ میں ایسا ذہین طالب علم پیدا نہیں ہوا۔ یہ ریکارڈ آج تک قائم ہے۔ انھوں نے 1936 میں مصر میں مسئلہ خلافت پر عالم اسلام کی چنیدہ شخصیات کی کانفرنس کی صدارت کرنے کے ساتھ ساتھ جب ان ہستیوں سے پُر مغز خطابِ کیا تو ان ہستیوں اور جامعہ ازہر مصر نے متفقہ طور پر ان کو ”علامہ المشرقی“ یعنی ”مشرق کے عالم“ کا خطاب دے دیا جو پھر ان کے نام کا حصہ بن گیا ۔ اس منفرد علمی شخصیت نے
اپنے حسابی اندازوں سے ہندوستان میں تین سو سال سے بننے والی مسجدوں کے قبلے غلط ثابت کرتے ہوئے قبلہ کا صحیح رخ معلوم کرنے کا فارمولا پیش کیا۔ انھوں نے 1902ء میں نوبل انعام، 1919ء میں کابل کی سفارت، چار ہزار روپے ماہانہ وظیفہ اور سرکے خطاب کی پیشکش اور انگریز کی جانب سے دیگر پُر کشش پیش کشوں اور مراعات کو ٹھکرا کر اپنی خودداری کا ثبوت دیا ۔انھوں نے 1931ء میں خاکسار تحریک کی بنیاد رکھی جو اپنے زمانے کی بڑی منظم تحریک بنی جس نے تحریک آزادی میں انگریزوں کو ناکوں چنے چبوائے ۔
علامہ مشرقی
پاکستان کے وہ پہلے سیاسی رہنما تھے جنھوں نے دریاﺅں کے رخ موڑنے، دریاﺅں پر ڈیم تعمیر کرنے اور مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ کھٹائی میں ڈالنے کی بھارتی سازشوں سے ملکی قیادت کو خبردار کیا ۔ اسی بنا پر وہ کشمیر بزور شمشیر حاصل کرنے کے علمبردار تھے کیونکہ ان کا موقف تھا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو بھارت ہمارا پانی روک کر ہماری زمینوں کو بنجر کر دے گا۔ ان کی یہ وارننگ آج سچ ثابت ہو گئی ہے۔ انہوں نے 50 کی دہائی میں بارہا پیش گوئی کی کی کہ اگر مشرقی پاکستان میں بھارتی سازشوں کا مقابلہ نہ کیا گیا تو یہ حصہ ملک سے جدا ہو جائے گا ۔بعد ازاں علامہ صاحب نے مشرقی پاکستان میں رونما ہونے والے خطرناک حالات سے آگاہ کرتے ہوئے حکمرانوں کو مشورہ دیا کہ دونوں طرف سے دس دس لاکھ انسانوں کو وطن عزیز کے مشرقی اور مغربی حصوں میں بسا دیا جائے تاکہ ہمارا کلچر اور رہن سہن ایک جیسا ہو جائے اور ہم سب مضبوط بندھن میں بندھ جائیں ۔ اگر ایسا نہ کیاگیا تو مشرقی پاکستان مغربی حصے سے الگ ہو جائے گا جو کہ ہماری تاریخ کا نہایت بد قسمت دن ہوگا۔ ان کی یہ پیشگوئی بالآخر سچ ثابت ہوئی ۔
وہ پاکستان کے پہلے سیاستدان تھے جنھوں نے 36 دیہاتوں پر مشتمل اپنی وراثتی زمینوں کو اپنے کسانوں میں تقسیم کرتے ہوئے ہندوستان میں باقی ماندہ آبائی گھروں اور زمینوں کے کلیم سے دستبرداری اختیار کر کے میدانِ سیاست میں ایک نئی بے مثال اور لازوال روایت کی بنیاد رکھی ۔
بے شک انہوں نے تحریک پاکستان میں سرگرم حصہ نہیں لیا لیکن قیام پاکستان کے بعد ان کی حب الوطنی پر کوئی انگلی نہیں اٹھائی جا سکتی ۔ ان کے دینی عقائد محل نظر تھے اور مذہبی حلقوں نے ان کا محاکمہ بھی کیا تھا لیکن انہوں نے یہ عقائد اپنے آپ تک محدود رکھے اس لحاظ سے ان کا معاملہ ان کے اور اللہ کے درمیان ہے۔
25 اگست 1888 کو امرتسر میں پیدا ہونے والا اور ایک بکھری ہوئی قوم کو اتحاد، اخوت و بھائی چارے کا درس دینے والا ملت اسلامیہ کا یہ بطل جلیل 27 اگست 1963ء کو اس دار فانی سے ہمیشہ کے لئے رخصت ہو گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں لاہور میں دس لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کر کے ان کے بے داغ عمل و کردار پر اپنی مہر صداقت ثابت کی
افسوس کہ ایسی عظیم شخصیت کے ساتھ حکمرانوں، ارباب تعلیم و صحافت، تاریخ نویسوں،
محققوں اور قومی رہنماﺅں نے سرد مہری والا رویہ روا رکھا ۔ چنانچہ ہماری نوجوان نسل اس ہستی کے بے مثال کارناموں سے بالکل بے خبر ہے۔ مقام تاسف ہے کہ ان کی تشکیل کردہ تحریک خاکسار جو اپنے دور کی عالمگیر تحریک تھی ، ایک المناک انجام سے دوچار ہو کر تاریخ سے محو ہو گئی ۔ رہے نام اللہ کا





