انسان کی زندگی میں بہت سی چیزیں ایسی ہوتی ہیں، جو بظاہر معمولی دکھائی دیتی ہیں مگر رفتہ رفتہ اس کی شخصیت، تعلقات اور سوچ پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہیں۔ انہی میں سے ایک چیز انا ہے۔ یہ ایک ایسا احساس ہے جو انسان کو اپنی ذات کے گرد اس قدر محدود کر دیتا ہے کہ اسے اپنی غلطی بھی درست اور دوسرے کی درست بات بھی غلط محسوس ہونے لگتی ہے۔
ہم اکثر دوسروں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ہماری بات سمجھیں، ہمارے جذبات کا خیال رکھیں، ہماری غلطیوں کو نظر انداز کریں اور ہماری عزت میں کوئی کمی نہ آنے دیں۔ لیکن جب بات دوسروں کو سمجھنے، ان کے جذبات کا احترام کرنے اور اپنی غلطی تسلیم کرنے کی آتی ہے تو ہماری انا درمیان میں آ کھڑی ہوتی ہے۔ کتنے ہی رشتے صرف اس لیے کمزور پڑ جاتے ہیں کہ دونوں طرف سے کوئی پہل کرنے کو تیار نہیں ہوتا ہے۔ ایک شخص انتظار کرتا ہے کہ دوسرا معافی مانگے، دوسرا سوچتا ہے کہ پہلے وہ بات کرے۔ دن گزرتے ہیں، فاصلے بڑھتے ہیں اور کبھی کبھی ایک معمولی سی ناراضی مستقل خاموشی میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ حالانکہ صرف ایک جملہ، ایک فون کال یا ایک چھوٹی سی معذرت بہت کچھ سنبھال سکتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہم اپنی انا کو اکثر خودداری کا نام دے دیتے ہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ پہل کرنے سے ہماری عزت کم ہو جائے گی۔ معافی مانگنے سے ہم چھوٹے ہو جائیں گے۔ کسی کی بات مان لینے سے ہماری اہمیت گھٹ جائے گی۔ حالانکہ خودداری اور انا میں بہت فرق ہے۔ خودداری انسان کو اپنی عزتِ نفس کا خیال رکھنا سکھاتی ہے، جبکہ انا اسے دوسروں کی عزت کرنے سے بھی روک دیتی ہے۔
ہمارے معاشرے میں بھی یہ رویہ عام ہوتا جا رہا ہے۔ گھروں میں معمولی باتوں پر بول چال بند ہو جاتی ہے۔ بہن بھائی ایک دوسرے سے دور ہو جاتے ہیں۔ دوستیاں صرف اس انتظار میں ختم ہو جاتی ہیں کہ پہلے کون رابطہ کرے گا۔ بعض اوقات والدین اور اولاد کے درمیان بھی انا کی دیوار کھڑی ہو جاتی ہے۔ کوئی اپنی بات سے پیچھے ہٹنا نہیں چاہتا، کوئی اپنی غلطی ماننے کو تیار نہیں ہوتا ہے۔ یوں رشتے موجود تو رہتے ہیں مگر ان میں پہلے جیسی محبت اور اپنائیت باقی نہیں رہتی ہے۔
یہی رویہ ہمارے سماجی اور ادبی حلقوں میں بھی نظر آتا ہے۔ کسی کی تحریر پر اختلاف ہو جائے تو بات اصلاح سے نکل کر ذاتی پسند و ناپسند تک پہنچ جاتی ہے۔ کسی دوسرے کی تعریف ہو تو دل تنگ ہونے لگتا ہے۔ کسی کو آگے بڑھتا دیکھ کر خوش ہونے کے بجائے، اس کی خامیاں تلاش کی جاتی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری بات کو اہمیت دی جائے، لیکن دوسروں کی رائے سننے کا حوصلہ پیدا نہیں کرتے ہیں۔ کیا یہ سب ہماری انا کی مختلف صورتیں نہیں ہیں؟ اسلام ہمیں عاجزی، برداشت اور حسنِ اخلاق کی تعلیم دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں فرماتا ہے: "اور لوگوں سے اپنا رخ نہ پھیر اور زمین پر اکڑ کر نہ چل، بے شک اللہ کسی اترانے والے، فخر کرنے والے کو پسند نہیں کرتا۔" (سورۃ لقمان: 18)
یہ آیت ہمیں واضح پیغام دیتی ہے کہ انسان کو تکبر اور غرور سے بچنا چاہیے۔ رسول اللہﷺ نے بھی تکبر کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ "تکبر حق کو جھٹلانے اور لوگوں کو حقیر سمجھنے کا نام ہے۔" (صحیح مسلم)
ذرا سوچیے! اگر ہم ہر معاملے میں اپنی ذات کو درست ثابت کرنے کے بجائے حق کو اہمیت دینا شروع کر دیں، تو کتنے مسائل ہیں جو خود بخود ختم ہو سکتے ہیں۔ اگر ہم اپنی غلطی پر معذرت کرنا سیکھ لیں، دوسرے کی اچھی بات کو تسلیم کر لیں اور اختلاف کے باوجود احترام کا دامن نہ چھوڑیں، تو ہمارے بہت سے رشتے ٹوٹنے سے بچ سکتے ہیں۔
یہ بھی ضروری ہے کہ انا ختم کرنے کے نام پر انسان اپنی عزتِ نفس، جائز حقوق اور اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرے۔ ہر جگہ جھک جانا عاجزی نہیں اور ہر بات برداشت کرنا بھی ضروری نہیں ہے۔ اصل سمجھ داری یہ ہے کہ انسان اپنی ذات اور اپنے اصولوں کے درمیان فرق پہچانے۔ جہاں غلطی ہو وہاں تسلیم کرے اور جہاں حق کا معاملہ ہو وہاں مضبوطی سے کھڑا رہے۔ اب سوال صرف اتنا ہے کہ ہم اپنی انا کی تسکین کے لیے کتنے خوب صورت رشتے، کتنی اچھی دوستیاں اور کتنے قیمتی مواقع کھو چکے ہیں؟ کیا چند لمحوں کی برتری ہمارے لیے ان سب سے زیادہ اہم ہے؟ یاد رکھیے! انسان کی بڑائی ہمیشہ اس بات میں نہیں ہوتی کہ وہ کتنا جھک سکتا ہے، بلکہ اس میں بھی ہوتی ہے کہ وہ اپنی غلطی کو کتنی دیانت داری سے تسلیم کر سکتا ہے۔ کبھی کبھی رشتے بچانے کے لیے اپنی بات نہیں، اپنی انا چھوڑنی پڑتی ہے۔






