پاکستانی نجی ایئرلائن کے بیڑے میں جدید ایئربس اے 320 نیو طیارے کا اضافہ

پاکستانی نجی ایئرلائن فلائی جناح کا بالکل نیا ایئربس اے 320 نیو طیارہ کراچی پہنچ گیا ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے اس نئے طیارے کو روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔
دستاویز کے مطابق برانڈ نیو طیارہ پاکستانی رجسٹریشن نمبر AP-BQA کے ساتھ فرانس کے شہر ٹولوز میں واقع ایئربس کے ہیڈکوارٹرز سے فیری فلائٹ کے ذریعے کراچی پہنچا۔ اس طیارے کا مینوفیکچرر سیریل نمبر 13606 ہے جس میں CFM LEAP-1A26 انجن نصب کیے گئے ہیں۔ یہ کسی بھی نجی پاکستانی ایئرلائن کے بیڑے میں شامل ہونے والا پہلا بالکل نیا طیارہ ہے۔
ذرائع کے مطابق طیارے نے 2 نومبر کو ٹولوز میں اپنی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کی تھی جو 2 گھنٹے 2 منٹ تک جاری رہی۔ بعد ازاں 10 نومبر کو تمام ضروری مراحل مکمل کرنے کے بعد طیارے کو بیرون ملک سے پاکستان منتقلی کے لیے روانہ کیا گیا۔
فلائی جناح کے بیڑے میں شامل ہونے والا یہ جدید طیارہ گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں فی نشست کم از کم 20 فیصد کم ایندھن خرچ کرتا ہے۔ اس میں جدید ترین ریڈارز نصب ہیں جن کی بدولت طیارے کی پرواز کی حد 3 ہزار 400 ناٹیکل میل تک ہے۔
مزید پڑھیں




