علامہ محمد اقبال کا پیغامِ خودی ، تحریر: بینا علی
نقطہ نظرمیرا طریقِ امیری نہیں فقیری ہے
خودی نہ بیچ غریبی میں نام پیدا کر
علامہ اقبال کے کلام کا اہم ترین موضوع خودی رہا ہے۔ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر سے سوئی ہوئی امت کو جگانے کی کوشش کی اور اس کا مرکز خودی کو بنایا۔اقبال کے نزدیک خودی کا پہلا مفہوم خود شناسی ہے یعنی یہ پہچاننا کہ میں کون ہوں میرا مقصد کیا ہے، میرے اندر کتنی طاقت پوشیدہ ہے۔ دوسرا مفہوم خودداری ہے یعنی بھوکے رہ کر بھی اپنی عزتِ نفس قائم رکھنا اور کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا۔ آج کا نوجوان اگر اس نکتے کو سمجھ لے تو وہ کبھی احساسِ کمتری کا شکار نہیں ہو سکتا۔
اقبال کے نزدیک خودی انسان کو خدا کے قریب لاتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ جس نے خود کو پہچان لیا اس نے اپنے رب کو پہچان لیا۔ جب انسان اپنی صلاحیتوں کو پہچانتا ہے تو اسے یقین ہوتا ہے کہ اللہ نے اسے اشرف المخلوقات بنا کر بے مقصد پیدا نہیں کیا۔ وہ کسی دفتر، کسی فیکٹری یا کسی سڑک پر ڈیلیوری رائیڈر کے طور پر بھی اپنے کام میں عبادت کا رنگ بھر سکتا ہے، کیونکہ اسے اپنی محنت پر بھروسہ ہوتا ہے۔اقبال کے فلسفہ خودی میں شاہین ایک علامتی پرندہ ہے۔ اقبال نے شاہین کو اس لیے چنا کہ اس میں وہ تمام صفات پائی جاتی ہیں جو ایک باکردار مسلمان نوجوان میں ہونی چاہئیں۔ شاہین خوددار ہوتا ہے وہ کبھی کسی کا مارا ہوا شکار نہیں کھاتا۔ اپنا رزق خود تلاش کرتا ہے۔ اپنا آشیانہ خود بناتا ہے بلند پہاڑوں پر رہتا ہے اور غلامی کو پسند نہیں کرتا۔ وہ کوے اور گدھ کی طرح مردار پر نہیں جھپٹتا۔
اقبال فرماتے ہیں۔
عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں
نظر آتی ہے ان کو اپنی منزل آسمانوں میں
اقبال کا نوجوان وہ شاہین ہے جو اپنی محنت پر یقین رکھتا ہے۔ وہ ڈگریوں، سفارشوں اور رشوت کا محتاج نہیں، وہ مفت کی روٹی نہیں کھاتا وہ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتا۔ اقبال اسی خودی کو بلند کرنے کا درس دیتے ہیں
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے
آج کا نوجوان دو راستوں پر کھڑا ہے۔ ایک راستہ امیری کا ہے جس میں شارٹ کٹ، رشوت، دھوکہ اور دوسروں کو لوٹ کر آگے بڑھنا ہے۔ دوسرا راستہ فقیری کا ہے جس میں محنت ہے، صبر ہے، سفید پوشی ہے اور خودداری ہے۔ اقبال اسی فقیری راستے کو امیری پر ترجیح دیتے ہیں اور اسی میں عزت سمجھتے ہیں۔
انسان چاہے کتنا ہی غریب اور مفلس ہو، اسے اپنی خودداری کا سودا نہیں کرنا چاہیے۔ اگر آج کا نوجوان اس بات کو سمجھ لے کہ غربت میں بھی عزت ہے اور محنت میں بھی نام ہے، تو وہ نہ کسی کو لوٹے گا اور نہ ہی مایوس ہو کر غلط راستہ اختیار کرے گا۔ یہی اقبال کا پیغام ہے کہ نوجوان اپنی پہچان خود بنائے کسی سہارے کا محتاج نہ ہو۔ اپنی محنت سے اپنی تقدیر بدلے۔ جو خود پر بھروسہ کرتا ہے وہی قوموں کی تقدیر بدلتا ہے۔
مزید پڑھیں





