فضائی سفر کے دوران انٹرنیٹ سہولت کی راہ ہموار، پی ٹی اے کا سیٹلائٹ سروسز کا لائسنسنگ فریم ورک مکمل

فضائی سفر کے دوران مسافروں کو سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولیات فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دورانِ پرواز سیٹلائٹ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے لیے لائسنسنگ فریم ورک کو حتمی شکل دے دی۔
پی ٹی اے کے مطابق لائسنس یافتہ کمپنیاں پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (پی ایس اے آر بی) سے رجسٹرڈ سیٹلائٹس استعمال کرسکیں گی، جبکہ پاکستان میں رجسٹرڈ طیاروں کو سیٹلائٹ کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرنے کی اجازت ہوگی۔
اتھارٹی کے مطابق پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والے ٹرانزٹ طیاروں کے لیے ان خدمات کے حصول کی غرض سے پی ٹی اے کا عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) لازمی ہوگا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ دورانِ پرواز ان سہولیات کے آغاز سے مسافروں کو بلاتعطل انٹرنیٹ میسر ہوگا، جس کے ذریعے وہ ڈیجیٹل خدمات، تفریحی مواد، ذاتی رابطوں اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق آن لائن سہولیات استعمال کرسکیں گے۔
پی ٹی اے کے مطابق اس فریم ورک کی تیاری ملک میں ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ اور مواصلاتی سہولیات کی بہتری کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں





