رجوع دوبارہ اٹھنے کا راستہ، تحریر: سید آزاد گیلانی
نقطہ نظر
بعض الفاظ محض زبان کا حصہ نہیں ہوتے، وہ انسانی رویوں، نفسیاتی کیفیات اور تہذیبی رویوں کے آئینہ دار ہوتے ہیں۔ کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے ، بھی ایک ایسی ہی کہاوت ہے، جسے اگر صرف لفظوں کے پیرائے میں دیکھا جائے تو شاید اس کا مفہوم محدود رہ جائے، لیکن اس کی معنوی تہہ میں اترنے کی کوشش کی جائے تو انکار سے اقرار، سرکشی سے اعتراف اور خودفریبی سے شعور تک کا ایک پورا سفر دکھائی دیتا ہے۔
انسان بلاشبہ اللہ رب العزت کی بہترین تخلیق ہے، جس کی تخلیق کا ذکر خود خالق کائنات نے اپنے کلام میں فرمایا: ’’ہم نے انسان کو بہترین ساخت میں پیدا کیا۔(سورۃ التین: 4) لیکن بہترین تخلیق ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ انسان خطا سے مبرا، ہر فیصلے میں درست یا اپنی ذات کے ادراک میں کامل ہے۔ اس کی عظمت کے ساتھ اس کی کمزوری بھی وابستہ ہے؛ اسے عقل عطا کی گئی تو خواہش بھی، اختیار دیا گیا تو انتخاب کی آزمائش بھی، اور علم کی استعداد دی گئی تو نسیان اور غفلت کا امکان بھی۔ انسان کی حقیقی فضیلت شاید اسی میں ہے کہ وہ اپنی لغزش کے بعد بھی واپسی کا راستہ پہچان سکتا ہے۔
قرآن مجید میں تخلیق آدم علیہ السلام سے پہلے ہی زمین میں خلیفہ مقرر کیے جانے کا ذکر ملتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں سے فرمایا: ’’میں زمین میں ایک خلیفہ بنانے والا ہوں۔‘‘ (سورۃ البقرہ: 30) یہ اعلان انسان کی زمینی زندگی کو کسی حادثاتی فیصلے یا بعد ازاں پیدا ہونے والی صورت حال کا نتیجہ قرار دینے کے بجائے، اسے حکمت الہی کے ایک طے شدہ نظام سے مربوط کرتا ہے۔ زمین انسان کی جائے آزمائش بھی ہے اور اس کے اختیار، عمل، اخلاق اور کردار کے اظہار کا میدان بھی۔ یہاں اسے محض زندگی گزارنی نہیں، بلکہ زندگی کے تقاضوں کو سمجھنا، حق و باطل میں امتیاز کرنا اور اپنے انتخاب کی ذمہ داری قبول کرنا ہے۔
حضرت آدم علیہ السلام کا واقعہ اسی انسانی حقیقت کی تفہیم میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ قرآن مجید ہمیں بتاتا ہے کہ شیطان نے جھوٹی قسم کے ذریعے آپ علیہ السلام کو بہکایا اور ممنوع درخت کے قریب جانے کی ترغیب دی۔ سورۃ طٰہٰ میں ارشاد ہے کہ آدم علیہ السلام سے بھول ہوئی اور وہ عزم کی پختگی برقرار نہ رکھ سکے (آیت 115)۔ اس واقعے کو انبیا کی عصمت کے عقیدے کے تناظر میں علما نے مختلف علمی توضیحات سے سمجھایا ہے؛ اسے دانستہ، سرکش اور ابلیسی نافرمانی کے ہم معنی قرار دینا درست نہیں۔ ابلیس کا مسئلہ محض لغزش نہیں تھا، بلکہ حکم کے مقابلے میں تکبر، اپنی برتری کا دعویٰ اور رجوع سے انکار تھا؛ جب کہ آدم علیہ السلام کی لغزش کے بعد اعتراف اور توبہ کا راستہ سامنے آتا ہے۔
یعنی خطا کے بعد غلطی پر ڈٹ جانا ابلیس کی روش ہے اور خطا کے بعد اپنی غلطی تسلیم کرنا، توبہ و رجوع کرنا آدم علیہ السلام کے واقعے سے ملنے والا سبق ہے۔
یہاں غور طلب پہلو یہ ہے کہ انسانی فطرت میں صرف بھول، لغزش، خواہش اور سرکشی ہی نہیں رکھی گئی، بلکہ توبہ، ندامت اور رجوع کی صلاحیت بھی ودیعت کی گئی ہے۔ گویا انسان کے اندر خطا کا امکان موجود ہے تو اصلاح کا امکان بھی؛ وہ راستے سے بھٹک سکتا ہے تو واپس آنے کی استعداد بھی رکھتا ہے۔ قرآن مجید میں حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول کیے جانے کا ذکر (سورۃ البقرہ: 37) اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ خطا کے بعد اعتراف، اصلاح اور رجوع انسان کے اخلاقی سفر کا اہم حصہ ہیں۔ یہ محض ایک مذہبی واقعہ نہیں، انسانی زندگی کے لیے ایک اصول بھی ہے: لغزش آخری فیصلہ نہیں، البتہ لغزش پر اصرار انسان کو تباہی کی طرف لے جا سکتا ہے۔
خطا کے بعد بھی در واپسی کا رہتا ہے
بشر وہی ہے جو اپنی خطا سے سیکھتا ہے
ہماری زندگیوں میں بھی ایسے بے شمار افراد موجود ہیں جو اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے اسے دلیلوں، تاویلوں اور دوسروں پر الزام کی تہوں میں چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔ گھروں میں رشتے محض اس لیے بکھر جاتے ہیں کہ کسی ایک کو معافی مانگنا اپنی شکست محسوس ہوتا ہے؛ دوستیوں میں فاصلے اس لیے بڑھتے ہیں کہ انا، اعتراف سے بڑی ہو جاتی ہے؛ اداروں میں بدعنوانی اس لیے جڑ پکڑتی ہے کہ ذمہ داران اپنے احتساب کے بجائے اپنے تحفظ کو ترجیح دیتے ہیں۔ سیاست، معاشرت اور اجتماعی معاملات میں بھی یہی رویہ نمایاں ہے۔ ہم غلط فیصلے کرتے ہیں، ان کے نتائج بھگتتے ہیں، پھر چند رسمی بیانات اور وقتی وعدوں سے خود کو بری الذمہ سمجھ لیتے ہیں، مگر اپنی روش تبدیل کرنے کی زحمت نہیں کرتے۔
یہاں کہاوت ،کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے، ایک وسیع تر معنوی استعارہ بن جاتی ہے۔ اس کالم میں کفر سے مراد کسی انسان کے عقیدے پر حکم لگانا نہیں، بلکہ اس انکار، خودفریبی، ہٹ دھرمی اور حق سے گریز کی کیفیت ہے جو انسان کو اپنی اصلاح سے روکے رکھتی ہے۔ جب وہ اپنی انا کے حصار سے نکلتا ہے، اپنی خطا تسلیم کرتا ہے اور رجوع کا راستہ اختیار کرتا ہے تو گویا اس کا انکار ٹوٹتا ہے۔ لیکن افسوس، ہمارے ہاں رجوع کو کمزوری، معافی کو شکست اور اعتراف کو اپنی حیثیت گھٹانے کے مترادف سمجھا جاتا ہے؛ اخلاقی اعتبار سے اپنی غلطی مان لینا کسی بلند ظرف انسان کی علامت ہے، نہ کہ اس کی کمزوری۔
وہی بلند ہوا ہے جو جھک کے لوٹ آیا
جو اپنی ضد پہ رہا، عمر بھر وہیں ٹھہرا
زندگی کا نظام بھی اسی اصول پر قائم ہے کہ غلطی کا نتیجہ اور رجوع کا ثمر دونوں موجود ہیں۔ خطا کی سزا یا نتائج سے انسان کو سبق ملتا ہے، لیکن توبہ و اصلاح اسے امید، مغفرت اور نئے امکان سے جوڑتی ہے۔ مذہبی زندگی میں توبہ محض زبان سے استغفار دہرانے کا نام نہیں، بلکہ گناہ سے باز آنے، ندامت، اصلاح اور جہاں کسی کا حق پامال ہوا ہو وہاں حق کی ادائیگی کی کوشش بھی ہے۔ معاشرتی زندگی میں بھی رجوع صرف معذرت کہہ دینے سے مکمل نہیں ہوتا؛ کردار کی تبدیلی، نقصان کا ازالہ اور آئندہ کے لیے رویے کی اصلاح اس کے لازمی تقاضے ہیں۔
کامیابی صرف ان لوگوں کا مقدر نہیں جو کبھی غلطی نہیں کرتے، بلکہ ان لوگوں کو بھی مل سکتی ہے جو غلطی کے بعد اس سے سبق سیکھتے، اپنی ذات کا محاسبہ کرتے اور دوبارہ اسی لغزش سے بچنے کی سعی کرتے ہیں۔ آدم علیہ السلام کے واقعے سے ملنے والے سبق اور رجوع کو اپنانے کا مفہوم یہی ہے کہ انسان اپنی خطاؤں کو تقدیر، ماحول یا دوسروں کی سازشوں کے سپرد کرکے بری اذمہ نہ ہو، بلکہ اپنے حصے کی ذم داری قبول کرے۔ ابلیسی روش یہ ہے کہ خطا کے بعد تکبر اور انکار پر اصرار کیا جائے؛ انسان کی نجات اس میں ہے کہ وہ اعتراف، توبہ اور اصلاح کی راہ اختیار کرے۔
ہم خدا خدا تو بہت کرتے ہیں، مصیبت میں دعائیں، بحران میں وعدے، شکست میں اعتراف اور تنہائی میں فریادیں بھی۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہماری پکار ہمارے کردار تک پہنچتی ہے؟ کیا ہماری توبہ ہمارے معاملات، تعلقات، فیصلوں اور اجتماعی رویوں میں تبدیلی لاتی ہے؟
اگر نہیں، تو ہم نے صرف الفاظ دہرائے ہیں، رجوع نہیں کیا۔ اصلاح یہی ہے کہ انکار ٹوٹے، انا پگھلے، حق تسلیم ہو اور انسان اپنے عمل سے اپنی واپسی کا ثبوت دے۔
کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے، مگر اصل کامیابی اس وقت ہے جب انسان اپنے اندر کے انکار کو توڑ کر حق کی طرف لوٹے، اپنی خطا کو پہچانے اور اصلاح کو زندگی کا مستقل رویہ بنائے۔ محض خدا خدا کرنے سے نہیں، بلکہ سچے رجوع سے نجات اور اصلاح کا راستہ کھلتا ہے۔ وہی انسان کامیاب ہے جو آدم علیہ السلام کی لغزش سے سبق اور ان کی توبہ سے روشنی لیتا ہے؛ کیونکہ خطا انسان کو گرا سکتی ہے، مگر رجوع اسے دوبارہ اٹھنے کا راستہ دکھاتا ہے۔
اگر ہم نے حقیقی معنوں میں رجوع کر لیا تو اپنے نفس، اپنے گھروں اور معاشرت سے شیطانی روش کو بڑی حد تک بے دخل کر سکتے ہیں۔ تکبر، عدم برداشت، بغض و کینہ اور دنیا کا لالچ دراصل وہ منفی اوصاف ہیں جنہیں شیطانی ترغیبات تقویت دیتی ہیں اور جو انسان کو حق شناسی، اعتراف خطا اور اصلاح سے دور لے جاتے ہیں۔ شیطان سے نجات محض اسے ملامت کرنے میں نہیں، بلکہ اس کے بہکاوے میں پنپنے والے ان اوصاف کو اپنے کردار سے نکال باہر کرنے میں ہے۔
مزید پڑھیں




