Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

محمد رضوان مشکل میں پھنس گئے، سوالنامہ جاری،عدالتی درخواست مسترد

7dqjskp8_mohammad-rizwan-afp_625x300_30_October_24
مصنف:



لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان کو جاری کیے گئے سوالنامے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔


این سی سی آئی اے کے وکیل اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے پانچ صفحات پر مشتمل سوالنامہ ہائیکورٹ میں پیش کیا۔ سوالنامے میں محمد رضوان سے گزشتہ 10 سال کے دوران استعمال کیے گئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔سوالنامے کے مطابق کرکٹر سے گزشتہ پانچ سال کے دوران تنخواہ کے ذرائع اور کرائے کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم پر حاصل ہونے والے منافع کی تفصیلات فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔محمد رضوان سے پانچ سال کے دوران ہونے والے گھریلو اور تعلیمی اخراجات کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ وراثت میں ملنے والی جائیداد کی معلومات بھی طلب کی گئی ہیں۔ سوالنامے میں گزشتہ پانچ سال کے دوران جائیداد کی خرید و فروخت سے متعلق تفصیلات بھی شامل ہیں۔


این سی سی آئی اے نے کرکٹر سے گزشتہ پانچ سال کے دوران کیے گئے بین الاقوامی دوروں اور ان پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں، جبکہ اندرونِ ملک سفر کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سوالنامے میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ آیا محمد رضوان نے گزشتہ پانچ سال کے دوران کسی شخص یا ادارے سے قرض حاصل کیا، اگر ایسا ہوا تو اس کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔


دوسری جانب محمد رضوان کو این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس بھی سامنے آگیا ہے۔ نوٹس کے متن کے مطابق ایجنسی پاکستان کرکٹ میں آن لائن جوئے سے متعلق انکوائری کر رہی ہے اور اس سلسلے میں محمد رضوان کا بیان ریکارڈ کرنا مقصود ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر محمد رضوان مقررہ طور پر پیش نہ ہوئے تو یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔


واضح رہے کہ محمد رضوان کی جانب سے این سی سی آئی اے کے نوٹسز کے خلاف دائر درخواست بھی عدالت کی جانب سے مسترد کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔