پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

راولاکوٹ پولیس چوکی پر فائرنگ میں زخمی سندھ رینجرز کے نائیک بوستان خان شہید


راولاکوٹ میں 5 نومبر کو کالعدم تنظیم کے شرپسندوں کی آزاد جموں و کشمیر پولیس کی چوکی پر فائرنگ میں زخمی سندھ رینجرز کے نائیک بوستان خان آج دم توڑ گئے۔ آزاد کشمیر پولیس ترجمان کے مطابق شہید نائیک بوستان خان کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا وہ سندھ رینجرز کے اہلکار تھے، جو آزاد جموں و کشمیر پولیس کی درخواست پر امن و امان کے قیام کی معاونت کے لیے آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ تعینات تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر کالعدم تنظیم کے مسلح عناصر کے پُرتشدد طرزِ عمل کو ظاہر کرتا ہے، جو عوامی حقوق کی آڑ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں اور خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے قیمتی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ نائک بوستان خان کی شہادت انہی قربانیوں کا تسلسل ہے۔

آزاد کشمیر پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر پولیس نائک بوستان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے اور شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ریاست عوام کے تحفظ، امن و امان کی بحالی اور قانون کی عمل داری کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔