Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا، سہیل آفریدی

sohail afridi

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی کا لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا۔

پریس کانفرنس میں سہیل آفریدی نے کہا کہ راستے میں کتنی ہی رکاوٹیں کیوں نہ کھڑی کردی جائیں، لانگ مارچ ہر صورت ہوگا اور پرامن ہوگا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے سرکاری اہلکار خیبر پختونخوا کے سرکاری اہلکاروں سے الجھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس سیکریٹریٹ سے صوبہ چلتا ہے، اسے مبینہ جعلی تھریٹ کے نام پر بند کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آئی تھی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں لانگ مارچ کو 5 اکتوبر تک مؤخر کرنے پر اتفاق ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور ریجن کے قافلے 4 اکتوبر کو صوابی پہنچیں گے، جبکہ 5 اکتوبر کو صوابی سے قافلہ اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔

اجلاس میں بعض ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ حالات حساس ہیں، اس لیے فی الحال لانگ مارچ مؤخر کردینا چاہیے۔ ان کے مطابق ایسا کرنے سے وفاقی حکومت پر سیاسی دباؤ بڑھے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے جاری ہیں اور ان کے احتجاج میں شامل ہونے سے احتجاج کا اثر بڑھ سکتا ہے۔ فیصلہ کیا گیا کہ مارچ مؤخر کرنے کا باضابطہ اعلان محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے رابطہ بھی کیا۔ ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی نے لانگ مارچ کی کال برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔ اسی دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپوزیشن رہنماؤں محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کرکے انہیں فیصلوں سے متعلق اعتماد میں لیا گیا ہے۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL