روس میں خطرناک انفیکشن کے باعث خاتون ہلاک، درجنوں افراد قرنطینہ

سائبیریا کی انسداد طاعون لیبارٹری میں مبینہ طور پر ایک خطرناک انفیکشن پھیلنے کے نتیجے میں ایک خاتون محقق ہلاک ہو گئی۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ارکتسک کے قریب شیلیخوف میں واقع طاعون کے انسداد کے تحقیقی ادارے میں پیش آیا۔
متعدی امراض سے نمٹنے والے روسی ریاستی ادارے کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ لیبارٹری سے کون سا انفیکشن پھیلا ہے۔
ادارے کے مطابق اس حادثے میں 28 سالہ خاتون لیبارٹری ورکر ہلاک ہوئی جس میں ’نامعلوم وجوہات‘ کی بنا پر ہونے والے نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی۔
احتیاطی تدابیر کے طور پر لیبارٹری کے قریب واقع ایک ایلومینیم پلانٹ نے اپنے تمام عملے کو ماسک پہننے کی ہدایت کر دی ہے۔
پلانٹ کے ڈائریکٹر آرٹم فومینیخ نے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی تلقین کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والی محقق سے قریبی رابطے میں رہنے والے تمام افراد کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے اور اب تک ان سب کے لیبارٹری ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
غیر سرکاری رپورٹس کے مطابق شیلیخوف کے اس اسپتال میں تقریباً 200 افراد کو زیرِ نگرانی رکھا گیا ہے جہاں متاثرہ لیبارٹری ٹیکنیشن کو علاج کے لیے لایا گیا تھا۔





