جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

زندگی پرسکون کیسے، تحریر: سیدہ الماس فاطمہ

نقطہ نظر

ہم اور ہماری سوچ کا زاویہ

almas fatimah

آج کے تیز رفتار اور جدید دور میں جہاں ہر انسان مادی آسائشوں اور سہولیات کی دوڑ میں مصروف ہے، وہاں ایک خاموش مگر نہایت گہرا بحران ہماری سوچ اور فکر کا بھی جنم لے چکا ہے۔ ہم صبح سے شام تک اپنے اردگرد کے حالات، معاشی دباؤ اور معاشرتی رویوں کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں، لیکن بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ ہم چند لمحے ٹھہر کر اپنی سوچ کے زاویے کا جائزہ لیں۔ حقیقت یہ ہے کہ دنیا میں پیش آنے والے واقعات بذاتِ خود اتنے خوشگوار یا تکلیف دہ نہیں ہوتے جتنا ہماری سوچ کا زاویہ انہیں بنا دیتا ہے۔

یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ ہم اور ہماری سوچ کا زاویہ بالکل مختلف ہے اور دنیا کے دیگر لوگوں کی سوچ کا زاویہ بھی ہم سے مختلف ہوتا ہے۔ قدرت نے ہر انسان کو الگ مزاج، الگ تجربات اور الگ فہم عطا کیا ہے۔ ایک ہی منظر کو دیکھنے والی دو آنکھیں بالکل مختلف نتائج اخذ کر سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر، ایک شخص بارش کے قطروں میں کیچڑ اور پریشانی دیکھتا ہے، جبکہ دوسرا انہی قطروں میں رحمت اور نئی زندگی کی امید تلاش کر لیتا ہے۔ یہی سوچ کے زاویے کا فرق انسان کی شخصیت اور اس کے فیصلوں کا تعین کرتا ہے۔

آج ہر انسان آگے بڑھنے کی خواہش رکھتا ہے اور ہر وقت ایک دوسرے سے مقابلے میں لگا رہتا ہے۔ ہم ہمیشہ اسی تجسس اور فکر میں مبتلا رہتے ہیں کہ فلاں شخص ہم سے آگے کیسے نکل گیا اور اس نے اتنی ترقی کیسے کر لی۔ اسی موازنے اور دوڑ میں ہم یہ بنیادی حقیقت بھول جاتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کی تقدیر میں اپنی حکمت کے تحت تقسیم لکھ دی ہے۔ ربِ کائنات نے کسی کو بہت زیادہ دولت مند بنایا ہے تو کسی کو غریب رکھا ہے، کسی کو زیادہ اولاد کی نعمت سے نوازا ہے تو کسی کو آزمائش کے طور پر بے اولاد رکھا ہے۔ جب ہماری سوچ کا زاویہ اللہ کی تقسیم پر راضی رہنے کے بجائے دوسروں سے موازنہ کرنے لگتا ہے، تو ہمارے دل سے سکون رخصت ہو جاتا ہے اور حسد جنم لینے لگتا ہے۔

معاشرے میں ایک اور بڑا مسئلہ تب پیدا ہوتا ہے جب ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہر شخص بالکل ویسا ہی سوچے جیسا ہم سوچتے ہیں۔ جب کسی دوسرے کی سوچ کا زاویہ ہم سے مختلف ہوتا ہے تو ہم اسے برداشت کرنے کے بجائے فوراً تنقید، بدگمانی یا مخالفت پر اتر آتے ہیں۔ سوشل میڈیا کے اس دور میں یہ رویہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں اختلافِ رائے کو ذاتی دشمنی بنا لیا جاتا ہے۔ حالانکہ اگر ہم یہ حقیقت تسلیم کر لیں کہ ہر فرد کا زاویۂ نگاہ مختلف ہو سکتا ہے، تو معاشرے سے آدھے سے زیادہ جھگڑے اور غلط فہمیاں خود بخود ختم ہو جائیں۔

ہماری سوچ کا براہِ راست اثر ہمارے گھروں اور خاندانی نظام پر بھی پڑتا ہے۔ اگر ہم چھوٹی چھوٹی باتوں کو انا کا مسئلہ بنا لیں اور دوسروں کے مختلف نقطۂ نظر کو تسلیم نہ کریں تو مضبوط سے مضبوط رشتے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر ہم درگزر، حسنِ ظن، قناعت اور شکر گزاری کو اپنا زاویۂ نگاہ بنا لیں تو نہ صرف ہمارے رشتے مضبوط ہوں گے بلکہ ہماری اپنی زندگی بھی پُرسکون ہو جائے گی۔

اگر ہم واقعی ایک مطمئن ذاتی زندگی اور صحت مند معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی سوچ کے زاویے کو وسعت دینی ہوگی۔ ہمیں اللہ کی تقسیم پر راضی رہنا اور دوسروں کی مختلف سوچ کا احترام کرنا سیکھنا ہوگا۔ جس دن ہم نے دوسروں کی کامیابی پر کڑھنے کے بجائے اپنی محنت پر توجہ دی اور دوسروں پر انگلی اٹھانے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکنا شروع کر دیا، اسی دن ہماری زندگی اور ہمارے معاشرے کی تصویر بدلنا شروع ہو جائے گی۔ یاد رکھیے، انسان کی اصل پہچان اس کا قیمتی لباس، بڑا عہدہ یا ظاہری مرتبہ نہیں بلکہ اس کی سوچ کا زاویہ ہوتا ہے۔